جلالپور پیر والا کو خالی کرنے کا حکم، بند ٹوٹنے کا خدشہ شدت اختیار کر گیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, September 2025 GMT
ملتان: جلالپور پیر والا میں سیلابی صورتحال سنگین ہو گئی ہے، اور چناب کے پانی کے دباؤ کے باعث بند ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہونے پر مقامی انتظامیہ نے شہر کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا ۔
سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کے مطابق، چناب کا پانی مسلسل بڑھ رہا ہے اور شہر کے قریب بنائے گئے بند پر خطرناک حد تک دباؤ پڑ چکا ہے، جو کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے۔
مساجد میں اعلانات، شہر خالی کرانے کا عمل جاری
شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں، جب کہ پولیس اور امدادی ٹیمیں گھر گھر جا کر لوگوں کو انخلا کی ہدایت دے رہی ہیں۔
سی پی او نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے لیے 5 تھرمل ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز اور 50 مزید کشتیاں طلب کر لی گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ آج رات تک تمام متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے۔
پاک فوج طلب، پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پاک فوج کو بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے طلب کر لیا گیا ۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر دریائے ستلج اور چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ۔
رپورٹ کے مطابق، دریائے ستلج کے ہریکے زیریں اسٹریم اور فیروزپور زیریں اسٹریم میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہو چکی ہے، جس سے جنوبی پنجاب کے مزید علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔
شیر شاہ فلڈ بند کے اندر بستیوں میں تباہی، مکانات گرنے لگے
ادھر ملتان کے شیر شاہ فلڈ بند کے اندر موجود درجنوں بستیوں میں پانی جمع ہونے سے مکانات گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔
مسلسل بارش نے سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جب کہ امدادی کارروائیوں کو بھی شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
اہل فلسطین کیلئے مزید امدادی سامان غزہ روانہ، مریم نواز کی تقریب میں شرکت
سامان روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، غزہ کے بے گناہ مسلمانوں پر مظالم سے ہر حساس دل مضطرب ہے، امدادی سامان اہل پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کے لیے پیغام محبت ہے۔ اسلام ٹائمز۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے این ڈی ایم اے کی زیر سرپرستی اہل فلسطین کے لیے مزید امدادی سامان غزہ روانہ کردیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب میں شرکت کی۔ حکومت پاکستان نے این ڈی ایم اے کے تحت غزہ کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کردیا، اہل فلسطین کے لیے امداد کی یہ نئی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے لاہور سے غزہ کے لیے روانہ کی گئی ہے۔
علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پور ٹ لاہور سے 100 ٹن سامان پر مشتمل مجموعی طور پر 22ویں کھیپ بذریعہ خصوصی پرواز روانہ کی گئی جس میں راشن بیگز بشمول آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانا اور ڈبہ بند فروٹ شامل ہیں۔ اب تک 22 امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن 2127 ٹن ہے۔
سامان روانگی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر حکومتی نمائندے اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، غزہ کے بے گناہ مسلمانوں پر مظالم سے ہر حساس دل مضطرب ہے، امدادی سامان اہل پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کے لیے پیغام محبت ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سامان کی فوری روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداورں کی کوششوں کو سراہا اوران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔