وزیراعظم شہباز شریف کا امیرِ قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، دوحا میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
اشاعت کی تاریخ: 9th, September 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے دوحہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی غیرقانونی اور بہیمانہ بمباری کی شدید مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے امیرِ قطر، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی قطر میں اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت، معصوم شہریوں کے تحفظ پر زور
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اس کی قیادت کی خطرناک ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
انہوں نے اس جارحیت کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
وزیراعظم نے امیرِ قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور اس نازک موقع پر امتِ مسلمہ کے اتحاد پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: دوحا میں اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، انتونیو گوتریس
امیرِ قطر نے وزیراعظم کے ٹیلیفون اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام و قیادت کی جانب سے یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ عمل پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کے امن اور سلامتی کے لیے رابطے جاری رکھے جائیں گے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
اسرائیلی حملہ امیر قطر ٹیلیفونک رابطہ دوحا شیخ تمیم بن حمد آل ثانی وزیراعظم محمد شہباز شریف.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: اسرائیلی حملہ ٹیلیفونک رابطہ وزیراعظم محمد شہباز شریف میں اسرائیلی کے لیے
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کی دوحہ میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں، وطن واپس روانہ
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
شہباز شریف کی دوحہ میں اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم، اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور دیگر سے ملاقاتیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: عرب اسلامی اجلاس: مسلم ممالک نے قطر کو اسرائیل کے خلاف جوابی اقدامات کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرادی
وزیراعظم شہباز شریف نے اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کے موقع پر قطر کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور مشرق وسطیٰ کے امن کے قیام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا۔
وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے پر شاہ عبداللہ دوم کی مدبرانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کے مقابلے کے لئے امت مسلمہ کےاتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے عالمی حمایت کو متحرک کرنے کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
دریں اثنا مصر کے صدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے 9 ستمبر کو قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔
دونوں رہنمائوں نے قطر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیل کی جانب سے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کو غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف قطر کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔
قطر کے وزیر ثقافت شیخ عبد الرحمن بن حمد بن جاسم نے وزیراعظم کو دوحہ ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔
اس دورے میں وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں منعقد ہونے والی ہنگامی عرب اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سعودی عرب کا ہر فورم پر بھرپور ساتھ دے گا: وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد کو یقین دہانی
یہ سربراہی اجلاس دوحہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرب اسلامک ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews دوحہ شہباز شریف ملاقاتیں وزیراعظم پاکستان وطن واپس روانہ وی نیوز