سوشل میڈیا پر پابندی مہنگی پڑ گئی، نیپالی وزیراعظم پرتشدد مظاہروں کے بعد مستعٰفی
اشاعت کی تاریخ: 9th, September 2025 GMT
نیپال کے وزیرِاعظم کے پی شرما اولی نے پُرتشدد مظاہروں اور سوشل میڈیا پر پابندی کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیرِاعظم کے معاون پرکاش سلول نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ "وزیراعظم نے استعفیٰ دے دیا ہے"۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب دارالحکومت کٹھمنڈو میں ہزاروں افراد نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ مظاہروں کے دوران پولیس اور عوام کے درمیان جھڑپوں میں 19 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔
مظاہرین پارلیمنٹ کی عمارت کی طرف بڑھنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس، ربڑ کی گولیاں اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ حالات اس وقت مزید بگڑ گئے جب کچھ مشتعل افراد نے سیاستدانوں کے گھروں پر حملہ کیا اور کئی مقامات پر آگ لگا دی۔
حکومت نے ہلاکتوں کے بعد سوشل میڈیا پر لگائی گئی پابندی ختم کر دی۔ اس پابندی کے تحت 26 بڑے پلیٹ فارمز، بشمول فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب کو بند کر دیا گیا تھا۔ حکام نے اس اقدام کو جعلی خبروں اور نفرت انگیزی کو روکنے کی کوشش قرار دیا تھا لیکن عوام نے اسے آزادیٔ اظہار پر حملہ سمجھا۔
وزیرِاعظم اولی نے استعفیٰ سے قبل کہا کہ "ہمیں ہر مسئلے کا حل پُرامن مکالمے کے ذریعے تلاش کرنا ہوگا، تشدد نیپال کے مفاد میں نہیں ہے۔"
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بحران نے نیپال میں کرپشن، بے روزگاری اور عدم استحکام کے خلاف عوامی غصے کو واضح کر دیا ہے۔ اب ملک ایک نئے سیاسی بحران کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں مختلف جماعتیں آگے کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے مذاکرات میں مصروف ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
زاہد احمد نے سوشل میڈیا کو شیطان کا کام قرار دے دیا
معروف اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا اور اس کے اثرات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اسے شیطان کا کام قرار دے دیا۔
زاہد احمد اپنی ہمہ جہت اداکاری اور گہرے کرداروں کے باعث شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے متعدد معروف ڈراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، ریڈیو سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے زاہد احمد نے تھیٹر اور پھر ٹیلی وژن تک کا کامیاب سفر طے کیا۔
حال ہی میں وہ ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے سوشل میڈیا اور جدید طرزِ زندگی پر سخت مؤقف اپنایا۔
زاہد احمد کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا شیطان کا کام ہے اور جو لوگ اس پر مواد تخلیق کر رہے ہیں، وہ جہنم میں جائیں گے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ میرے اس بیان پر تنقید ہو سکتی ہے کیونکہ میں خود بھی سوشل میڈیا پر موجود ہوں، مگر میں محض اپنا ذاتی مؤقف پیش کر رہا ہوں۔
زاہد احمد نے کہا کہ اپنی نجی زندگی، بچوں اور روزمرہ کے معمولات کو عوامی سطح پر دکھانا درست عمل نہیں، سوشل میڈیا وہ ایجاد ہے جس نے انسان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔
اداکار کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے خیالات سے اتفاق کر رہے ہیں جبکہ کئی انہیں حد سے زیادہ سخت مؤقف اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔