ٹرمپ سے ملاقات سے قبل قطری وزیراعظم کی اعلیٰ امریکی قیادت سے اہم ملاقاتیں
اشاعت کی تاریخ: 13th, September 2025 GMT
قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثان واشنگٹن پہنچے، جہاں انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے تفصیلی ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعلقات کے فروغ اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق بات چیت میں خاص طور پر دوحہ پر حالیہ اسرائیلی فضائی حملے کا ذکر کیا گیا۔ اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور ہوا۔
امریکی نشریاتی اداروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکا قطر کو خلیج کا ایک کلیدی اتحادی سمجھتا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ وہاں العدید ایئر بیس موجود ہے۔ یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی اسرائیل کی جانب سے قطر کو نشانہ بنانے پر برہمی کا اظہار کر چکے ہیں۔
قطری وزیراعظم آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات براہِ راست دوحہ پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں ہو رہی ہے، اور توقع ہے کہ اس میں غزہ جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیلی فوج نے دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ اس فضائی حملے میں چھ افراد شہید ہوئے، تاہم حماس کی اعلیٰ قیادت محفوظ رہی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 25 ستمبر کو ملاقات کا امکان
وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 25 ستمبر کو ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورہ اقوام متحدہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات قطر اور سعودی عرب کی مشاورت، تائید اور حمایت سے ہوگی۔
اس ملاقات کے ایجنڈے میں قطر پر اسرائیلی حملوں کے اثرات پر بات ہوگی۔
علاوہ ازیں پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں اور پاک بھارت صورتحال بھی اس موقع پر زیرِ بحث آئی گی۔
دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے نے اس ممکنہ ملاقات پر تبصرے یا تردید سے گریز کیا ہے۔