ترک ہیکرز کی جانب سے ویڈیو کال نے اسرائیلی وزیر دفاع کا مذاق بنا دیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, September 2025 GMT
اسرائیلی وزیردفاع اسرائیل کاٹز اپنے ذاتی فون نمبر کے لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مذاق اور شدید تنقید کا نشانہ بن گئے۔
ترک ہیکرز نے اسرائیل کاٹز کا ذاتی نمبر حاصل کر کے انہیں ویڈیو کال کی اور بعد ازاں کال کا اسکرین شاٹ ان کے نمبر سمیت آن لائن پوسٹ کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیل کاٹز نے کال ریسیو کی تو دوسری جانب سے انہیں گالیاں دی گئیں جس کے بعد انہوں نے فون کاٹ دیا تاہم ویڈیو کال کا یہ اسکرین شاٹ تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی وزیردفاع کو پیغامات بھیجنے شروع کر دیے۔
سیاسی تجزیہ کار اور کمیونیکیشن اسٹریٹیجسٹ کلاوس یورجنس نے ترک میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک اعلیٰ سکیورٹی عہدیدار کا نمبر لیک ہونا اسرائیل کے ناقابلِ تسخیر ہونے کے خیال کو کمزور کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل سمجھتا تھا کہ اس کے سکیورٹی پروٹوکول مضبوط ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے، اس کے ناقابل تسخیر ہونے کی شبیہ ختم ہو گئی ہے اور یہ واضح ہو گیا ہے کہ اسرائیل کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد اسرائیل ممکنہ طور پر اینٹی ہیکنگ ٹیکنالوجی کو مزید سخت کرے گا اور اندرونی سکیورٹی خطرات پر نظرثانی کرے گا۔
اسرائیل کاٹز نے بعد ازاں ایکس پر اعتراف کیا کہ ان کا فون دنیا بھر سے نفرت انگیز پیغامات اور دھمکیوں سے بھر گیا ہے، انہوں نے لکھا کہ وہ مجھے کال کریں گے اور دھمکیاں دیں گے اور میں ان کے دہشت گرد رہنماؤں کو ختم کرنے کے احکامات دیتا رہوں گا تاہم ان کی اس پوسٹ پر مزید طنزیہ تبصرے ہونے لگے، ایک صارف نے لکھاکہ ’تم بزدل اب تک صرف ہزاروں معصوم بچوں، غیر مسلح امدادی کارکنوں، طبی عملے اور صحافیوں کو ہی مار سکے ہو کیونکہ وہ پلٹ کر لڑ نہیں سکتے‘۔
خود اسرائیلی شہریوں نے بھی اپنے وزیردفاع کا مذاق اڑایا، ایک صارف نے لکھا کہ’اگر ہمارا وزیردفاع ترک ہیکرز کے لنکس پر کلک کرتا ہے تو ہم واقعی بے بس ہیں‘۔
ایک اور نے کہا کہ ’ہم اتنے ناکام ملک ہیں کہ ہمارے وزیردفاع کو ترک ہیکرز کی نامعلوم کال آتی ہے اور وہ واقعی جواب بھی دیتے ہیں‘۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد کاٹز کو اپنا وہ فون نمبر غیر فعال کرنا پڑا جو وہ برسوں سے استعمال کر رہے تھے۔
مسلسل مزاحیہ کالز اور نفرت انگیز پیغامات نے انہیں شرمندگی سے دوچار کر دیا اور وہ سوشل میڈیا پر مذاق بن کر رہ گئے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اسرائیل کاٹز ترک ہیکرز کے بعد
پڑھیں:
اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کافی نہیں، اسحاق ڈار
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہو گا، سلامتی کونسل میں اصلاحات کی جانی چاہیں اور بطور ایٹمی طاقت پاکستان مسلم امہ کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کافی نہیں، اب ہمیں واضح لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا۔ عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا لبنان اور شام کے بعد قطر پر حملہ ناقابل قبول اور خلافِ توقع تھا۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ غزہ میں غیر مشروط جنگ بندی یقینی بنائی جائے، اسرائیلی اشتعال انگیزیوں سے واضح ہے کہ وہ ہرگز امن نہیں چاہتا۔ وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دنیا کو اب اسرائیل کا راستہ روکنا ہو گا، سلامتی کونسل میں اصلاحات کی جانی چاہیں اور بطور ایٹمی طاقت پاکستان مسلم امہ کے ساتھ کھڑا ہے۔