سیرت طیبہؐ انسانوں سے محبت سکھاتی ہے، ڈاکٹر حسن قادری
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
رحمت للعالمین اتھارٹی کے زیراہتمام لاہور میں منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن کا کہنا تھا کہ نوجوان ہر علم حاصل کریں مگر سیرت طیبہ ؐکے مطالعہ کو اپنا معمول بنائیں،آپؐ کی شخصیت کے تین پہلو ایسے ہیں جن پر عمل کرنے سے ہم لاتعداد سماجی و معاشرتی عوارض سے محفوظ رہ سکتے ہیں (1)درگزر سے کام لینا(2)نیکی اور بھلائی کی تعلیم دیتے رہنا (3) جاہلوں سے بحث و تکرار سے بچنا۔ اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے رحمت للعالمین اتھارٹی پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ یوتھ کنونشن سے اپنے خطاب میں نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہر طرح کے علوم و فنون سیکھیں مگر سیرت طیبہ کے مطالعہ کو اپنا معمول بنائیں، سیرت طیبہ انسانوں سے محبت کرنا سکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ کی شخصیت کے تین پہلو ایسے ہیں جن پر عمل کرنے سے ہم لاتعداد سماجی و معاشرتی عوارض سے محفوظ رہ سکتے ہیں (1)درگزر سے کام لینا(2)نیکی اور بھلائی کی تعلیم دیتے رہنا (3) جاہلوں سے بحث و تکرار سے بچنا۔ یہ تین اوصاف انسان کو صراط مستقیم پر چلانے کا نسخہ کیمیا ہیں۔ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب پیغمبر کو ان تین چیزوں پر عمل کرنے کا حکم دیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آپؐ کی پیدائش سے لیکر وصال تک ظاہری حیات کے تمام احوال و واقعات اور معاملات آپؐ کی سیرت طیبہ ہیں۔ آپؐ کی سیرت طیبہ کے بارے میں خود بھی آگاہی حاصل کریں اور دوسروں کو بھی اس کی تحریک اور تعلیم دیں، یہ عمل عبادت ہے۔ تاجدار کائناتؐ کے معمولات اور اخلاقیات جاننا بطور اُمتی ہم پر واجب ہے۔ آپؐ کی سیرت طیبہ سے پتہ چلے گا کہ یتیموں، بیواؤں کے کیا حقوق ہیں، حلال و حرام کیا ہے، والدین، اساتذہ، عزیز و اقارب، دوستوں اور اقلیتوں کے کیا حقوق ہیں اور اچھا اخلاق حلم، بردباری، اعتدال اور رواداری کسے کہتے ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ نوجوان اپنی گفتگو میں مغربی فلاسفر، حکماء،ادبا کے اقوال نقل کرتے ہیں جبکہ آپؐ کی حکمت و بصیرت کی گواہیاں قرآن مجید کے ہر ہر حرف سے ملتی ہیں، نوجوان احادیث اور اقوال رسول اللہ ؐ کو ازبر کریں اور اپنی گفتگو میں شامل کریں۔ آپؐ کی محبت ہی اسلام اور اصل ایمان ہے۔ یوتھ کنونشن میں مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ڈاکٹر حسن
پڑھیں:
یشونت سنہا کی قیادت میں کنسرنڈ سیٹیزنز گروپ کا وفد میرواعظ کشمیر ڈاکٹر عمر فاروق سے ملاقی
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلسل رابطے اور رسائی اعتماد پیدا کرنے اور استحکام اور امید کا ماحول پیدا کرنے کیلئے بہت ضروری ہے۔ اسلام ٹائمز۔ سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کی قیادت میں کنسرنڈ سیٹیزنز گروپ (سی سی جی) کے ایک وفد نے، جس میں ایئر وائس مارشل (ریٹائرڈ) کپل کاک، سینیئر صحافی بھارت بھوشن اور سماجی کارکن سشوبھا بروے شامل تھیں، نے میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق سے ان کی رہائش گاہ واقع نگین سرینگر پر ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وہیں سیاسی قیدیوں کی صورتحال سمیت انسانی ہمدردی کے دیگر مسائل اور پہلوؤں کو حل کرنے اور عوامی مشکلات کو کم کرنے کی اہمیت جیسے مسائل پر بھی گفت و شنید کی گئی۔
میرواعظ عمر فاروق نے کشمیر میں وفد کی مسلسل دلچسپی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ بات چیت، افہام و تفہیم اور ہمدردی امن اور مفاہمت کو فروغ دینے کی کلیدی رول ادا کر سکتی ہے۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلسل رابطے اور رسائی اعتماد پیدا کرنے اور استحکام اور امید کا ماحول پیدا کرنے کے لئے بہت ضروری ہے۔ واضح رہے کہ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق تاریخی جامع مسجد سرینگر کے نہ صرف خطیب ہیں بلکہ علیحدگی پسند تنظیم کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی ہے۔