ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد
اشاعت کی تاریخ: 20th, September 2025 GMT
اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات پر فرد جرم عائد کر دی۔ تاہم ملزم نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے سماعت کے دوران ملزم سے استفسار کیا کہ کیا اس نے ثنا یوسف کو قتل کیا ہے؟ ملزم عمر حیات نے جواب دیا کہ اس پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں اور اس نے کوئی جرم نہیں کیا۔ عدالت نے ملزم کو یہ بھی بتایا کہ اس پر ثنا یوسف کا موبائل فون چھیننے کا الزام بھی عائد ہے جسے اس نے ماننے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ ملزم عمر حیات کے خلاف تھانہ سنبل میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔واضح رہے کہ 13 ستمبر کو عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے آج کی تاریخ مقرر کی تھی اور ملزم کو چالان کی نقول بھی فراہم کی گئی تھیں.
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ملزم عمر حیات ثنا یوسف عدالت نے
پڑھیں:
پنجاب: 500 کے وی اے سے زائد بجلی کے استعمال پر ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025 گزشتہ روز اسمبلی سے کمیٹی کو بھیجے بغیر منظور کروایا گیا۔
نجی ٹی وی نے منظور شدہ پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025 کی کاپی حاصل کرلی ہے۔
منظور شدہ بل کے مطابق 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر فی یونٹ 4 پیسے ڈیوٹی عائد ہوگی۔
بِل کے مطابق 500 کے وی سے بڑے جنریٹر رکھنے والے ادارے بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیے جائیں گے۔ تاہم گھریلو صارفین بجلی ڈیوٹی سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہوں گے۔
دستاویز کے مطابق نیشنل گرڈ سے بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے ڈیوٹی ڈسکوز کے ذریعے وصول کی جائے گی جبکہ نجی بجلی استعمال کرنے والے صارفین سے یہ ڈیوٹی الیکٹرک انسپکٹرز وصول کریں گے۔
مجوزہ قانون کا اطلاق صرف صنعتی اور کمرشل شعبے پر ہوگا، اور اس کے تحت پنجاب فنانس ایکٹ 1964 میں ترامیم کی گئی ہیں۔
ترمیمی بل کے تحت پنجاب فنانس ایکٹ 1964 میں تبدیلیاں کی جائیں گی، بِل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔