برطانیہ کا دنیا کے صف اول کے ماہرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کی تجاویز پر غور
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
فنانشل ٹائمز نے پیر کے روز رپورٹ کیا ہے کہ برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر اس وقت ویزا فیس ختم کرنے کی تجاویز پر غور کر رہے ہیں تاکہ دنیا کے صفِ اول کے ماہرین کو برطانیہ لایا جا سکے، یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے امیگریشن پر سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق کیئر اسٹارمر کی گلوبل ٹیلنٹ ٹاسک فورس ایسے خیالات پر کام کر رہی ہے، جن کے ذریعے دنیا کے بہترین سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم اور ڈیجیٹل ماہرین کو برطانیہ کی جانب راغب کیا جا سکے، تاکہ معاشی ترقی کو فروغ دیا جائے۔
رپورٹ میں ان لوگوں کا حوالہ دیا گیا ہے جو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ اور وزارت خزانہ کے مابین جاری ان مذاکرات سے باخبر ہیں۔
ایک عہدیدار نے اخبار کو بتایا کہ ویزا فیس کو صفر تک کم کرنے کا منصوبہ ان افراد کے لیے ہے جو دنیا کی 5 بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کر چکے ہیں یا جنہوں نے باوقار انعامات جیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ اصلاحات وزیر اعظم کی رہائش گاہ (ٹین) اور وزارت خزانہ کے درمیان اُس وقت زیرِ بحث آئیں جب ٹرمپ انتظامیہ نے اتوار سے نئی ’ایچ ون بی‘ ویزا درخواستوں پر ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا، جو امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں۔
برطانوی مذاکرات میں شامل ایک شخص نے ’فنانشل ٹائمز‘ کو بتایا کہ امریکا کے اس فیصلے نے اُن لوگوں کو مزید تقویت دی ہے جو برطانیہ کے ہائی اینڈ ویزا نظام میں تبدیلی کے خواہاں ہیں، تاکہ 26 نومبر کے بجٹ سے قبل ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
برطانیہ کے گلوبل ٹیلنٹ ویزا کی درخواست کی لاگت 766 پاؤنڈ (ایک ہزار 30 امریکی ڈالر) ہے، جب کہ شریکِ حیات اور بچے بھی اتنی ہی فیس ادا کرتے ہیں۔
وزارت خزانہ اور ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ نے ’رائٹرز‘ کی تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
دبئی کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنانے کیلئے 18 ارب درہم کا منصوبہ منظور
دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے دبئی کو دنیا کا خوبصورت ترین اور جدید ترین شہر بنانے کے لیے 18 ارب درہم کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد نے اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں فطرت اور جدت کو ساتھ لے کر ترقی کی نئی راہیں تشکیل دی جائیں گی۔
اس منصوبے کے تحت پبلک پارکس اینڈ گرینری پروگرام کے ذریعے شہر بھر میں 630 نئے پارکس تعمیر کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول، سبز مقامات اور تفریحی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔
مزید برآں، اسپورٹس اسٹریٹیجک پلان 2033 کے تحت 75 نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے جن کا مقصد دبئی کو عالمی اسپورٹس حب میں تبدیل کرنا ہے۔
شیخ حمدان کا کہنا تھا کہ دبئی صرف کاروبار یا سیاحت کا نہیں بلکہ معیارِ زندگی اور قدرتی حسن کے امتزاج کا بھی عالمی نمونہ بننے جا رہا ہے۔