غزہ میں خونریزی بند کریں، ورنہ نوبیل بھول جائیں: فرانسیسی صدر کا ٹرمپ کو دو ٹوک پیغام
اشاعت کی تاریخ: 24th, September 2025 GMT
میکرون نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر فرانس پر پابندیاں لگائیں تو فرانس اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ اسلام ٹائمز۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ صرف اسی صورت میں نوبیل امن انعام حاصل کر سکتے ہیں جب وہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرائیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران ٹرمپ نے کہا تھا کہ سب سمجھتے ہیں کہ مجھے نوبیل انعام ملنا چاہیے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے میکرون نے فرانسیسی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ نوبیل انعام صرف تب ممکن ہے جب آپ اس تنازع کو ختم کریں۔ اس کے لیے امریکا کو اسرائیل پر دباؤ ڈالنا ہو گا تاکہ غزہ میں جنگ بند ہو سکے۔ میکرون نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر فرانس پر پابندیاں لگائیں تو فرانس اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج اگر شہریوں کا قتل جاری رکھتی ہے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ فرانسیسی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاس کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے اور اگر اس کا مقصد صرف ہمسایہ ملک کو تباہ کرنا ہے تو یہ اس کے اپنے عوام کو بھی مسلسل جنگ میں جھونکنے کے مترادف ہو گا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: میکرون نے
پڑھیں:
نیویارک میں دلچسپ واقعہ: امریکی صدر کے قافلے کی وجہ سے فرانسیسی صدر کی گاڑی روک دی گئی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے قبل نیویارک میں ایک دلچسپ اور غیر متوقع واقعہ پیش آیا، جب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی گاڑی کو سیکیورٹی اہلکاروں نے عارضی طور پر روک دیا — اور وجہ بنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قافلہ۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی صدر کے قافلے کی آمد و رفت کے لیے سڑکوں کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔ اسی دوران فرانسیسی صدر کا قافلہ بھی اسی شاہراہ پر پہنچا، لیکن سخت سیکیورٹی پروٹوکول کے باعث میکرون کی گاڑی کو بھی رکنے پر مجبور کر دیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر میکرون گاڑی سے باہر آتے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کال کرتے ہیں۔ ہنستے ہوئے کہتے ہیں:
ذرا راستہ صاف کروائیں!
دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس نے اس غیر رسمی لمحے کو دلچسپ بنا دیا۔
ڈپلومیسی میں مزاح کا ایک لمحہ
عینی شاہدین کے مطابق یہ صورتحال صرف چند لمحوں تک جاری رہی، جس کے بعد فرانسیسی صدر کا قافلہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گیا۔
بین الاقوامی میڈیا نے اس واقعے کو “ڈپلومیسی میں ہلکی پھلکی مزاح کا لمحہ” قرار دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے لمحات نہ صرف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی جھلک دکھاتے ہیں، بلکہ عالمی رہنماؤں کے انسانی پہلو کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت و حکومت شریک ہیں، جس کے باعث شہر میں غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔