انٹر بورڈ کراچی کی پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب، برقی موٹرسائیکلیں دی گئیں
اشاعت کی تاریخ: 24th, September 2025 GMT
—جنگ فوٹو
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے تمام گروپس کے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو پہلی مرتبہ انعام کے طور پر برقی موٹر سائیکل دی گئیں۔
اس سلسلے میں سندھ اسکاؤٹس آڈیٹوریم کراچی میں بدھ کو تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ تھے۔
تقریب کے میزبان انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو یہ برقی موٹر سائیکلیں وزیرِ اعظم پروگرام کے تحت دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلباء کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنا حکومت اور بورڈ کا مشترکہ عزم ہے، تاکہ وہ اپنی تعلیمی اور عملی زندگی میں مزید آگے بڑھ سکیں۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ یہ سلسلہ 2030ء تک ہر سال جاری رہے گا، تاکہ سرکاری کالجز کے محنتی طلباء کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور وہ دیگر طلباء کے لیے ایک روشن مثال بنیں۔
اس موقع پر انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تعاون سے انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے) نے بھی ایک بڑا اعلان کیا۔
ادارے کے نمائندوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلباء کو مکمل فری اسکالر شپس فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مالی پریشانی کے بغیر اپنی اعلیٰ تعلیم جاری رکھ سکیں۔
تقریب میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شہاب قمر انصاری، رکن صوبائی اسمبلی خیرالنساء، چیئرمین ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ لاڑکانہ خالد حسین مہر، ڈی جی کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی، ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر قاضی ارشد حسین صدیقی اور سابق سیکریٹری محمد جعفر عباسی نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض ناظمِ امتحانات زرینہ راشد نے انجام دیے، اس موقع پر سیکریٹری انٹربورڈ کراچی محمد کاشف صدیقی بھی موجود تھے۔
سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، حکومتِ سندھ تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہمیشہ سنجیدہ کوششیں کرتی رہے گی، میں انٹر بورڈ کراچی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جس نے شفاف اور منظم امتحانی نظام کے ساتھ وقت پر انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کیا۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر فقیر محمد لاکھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ محمد عباس بلوچ سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کی تقریب میں موجودگی طلبہ کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے، پوزیشن ہولڈرز طلبہ قوم کا روشن مستقبل ہیں، یہ تقریب کامیاب طلبہ کے ساتھ اُن کے والدین اور اساتذہ کے لیے بھی اعزاز ہے۔
انہوں نے اس موقع پر آرٹس ریگولر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے نابینا طالب علم ہنس راج کو ذاتی طور پر 25 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
تقریب میں انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (ICMA) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عامر اعجاز خان، سینئر ڈائریکٹر لال محمد لکھن، ڈپٹی ڈائریکٹر ارسلان خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارسلان امان اللّٰہ کے علاوہ منیجر انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ عبدالحمید شیخ، اسسٹنٹ منیجر صدر الدین میمن اور اسسٹنٹ منیجر انجینئر الطاف حسین بھی شریک تھے۔
تقریب میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور ICMA کے درمیان چیف منسٹر سندھ اسکالر شپ پروگرام کے تحت پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو اسکالر شپس اور سرٹیفکیٹ بھی دیے گئے۔
علاوہ ازیں تقریب میں وزیرِ اعظم پاکستان کی نیو انرجی وہیکل پالیسی 2025-2030ء کے تحت انٹرمیڈیٹ امتحانات برائے 2024ء کے پوزیشن ہولڈرز کو مفت برقی موٹر سائیکلیں دی گئیں۔
طلبہ نے اس موقع پر کہا کہ انٹربورڈ کی جانب سے یہ تقریب اور انعامات ہمارے لیے بہت بڑی خوشی اور اعزاز ہیں، یہ حوصلہ افزائی ہمیں مستقبل میں مزید محنت کرنے کا جذبہ دیتی ہے، اسکالرشپ اور الیکٹرک بائیکس جیسے انعامات ہمارے تعلیمی سفر کو آسان بنانے میں مددگار ہوں گے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: پوزیشن حاصل کرنے والے ثانوی تعلیمی بورڈ پوزیشن ہولڈرز بورڈ کراچی اعلان کیا طلباء کو کہا کہ کے لیے کے تحت
پڑھیں:
کراچی، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد قالیباف کی مزار قائدؒ پر حاضری
ڈاکٹر محمد قالیباف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر پھول چڑھائے اور انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسلام ٹائمز۔ ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد قالیباف نے کراچی میں بابائے قوم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر محمد قالیباف اپنے دورہ پاکستان کے تیسرے دن ساحلی شہر اور اقتصادی مرکز کراچی پہنچے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد قالیباف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر باقر قالیباف پاکستان کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے اسلام آباد میں پاکستانی اعلیٰ حکام سے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔