عمران خان اور بشری بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی
اشاعت کی تاریخ: 25th, September 2025 GMT
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت سولہ اکتوبر تک ملتوی کر دی جب کہ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے واضح کر دیا کہ آئندہ سماعت پر اسپیشل پراسیکیوٹر نہیں آئے تو ڈی جی نیب کو طلب کیا جائے گا۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی، نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے عدالت کو آگا کیا کہ اس کیس میں نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر شدید بیمار ہیں، اس لئے وہ آج عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔
وکیل درخواست گزار بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ نیب ہمیشہ تاخیری حربوں سے کام لیتا ہے، مشکل سے کیس سماعت کے لیے مقرر ہوتا ہے، میں ساری رات والیمز پڑھتا رہا جبکہ یہ انجوائے کرتے رہے، ان کو کم از کم مجھے آگاہ کرنا چاہیے تھا۔
عدالت نے نیب کو آخری موقع دیتے ہوئے سماعت سولہ اکتوبر تک ملتوی کر دی، چیف جسٹس نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر اسپیشل پراسیکیوٹر نہ آئے تو ڈی جی نیب کو طلب کیا جائے گا۔
دوران سماعت وزیراعلی کے پی علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی کی بہنیں کمرہ عدالت میں موجود تھیں، کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر کو ہوگی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کیخلاف مختلف مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی
اسلام آباد:
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف 26 نومبر اور 4 نومبر احتجاج کے مختلف مقدمات کی سماعتیں بغیر کارروائی ملتوی کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 2 کے جج طاہر عباس سپرا کی عدم دستیابی کے باعث مقدمات کی سماعت نہ ہو سکی۔ تھانہ کھنہ کے مقدمہ نمبر 242 کی سماعت 13 اکتوبر تک، تھانہ انڈسٹریل ایریا کے مقدمہ کی سماعت 8 اکتوبر تک اور تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمہ نمبر 544 کی سماعت 1 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
اسی طرح تھانہ مارگلہ کے مقدمہ نمبر 236 کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کی گئی، جب کہ رینجر اہلکاروں کو مبینہ طور پر کچلنے کا کیس بھی بغیر کارروائی ملتوی ہو گیا۔ ہاشم عباسی کے خلاف جاری ٹرائل کی سماعت بھی 1 اکتوبر تک ملتوی کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان اور مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
Tagsپاکستان