امریکا کا بڑا اقدام: 100 ایرانی شہری ملک بدر، تہران پہنچا دیے گئے
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
واشنگٹن: امریکا نے تہران سے معاہدے کے بعد تقریباً 100 ایرانی شہریوں کو ملک بدر کردیا ہے۔
ان افراد کی شناخت اور امریکا آنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ ایک امریکی چارٹرڈ فلائٹ امریکی ریاست لوزیانا سے روانہ ہوئی جو قطر کے راستے ایران پہنچی۔
رپورٹ کے مطابق کچھ ایرانی شہریوں نے کئی ماہ حراستی مراکز میں رہنے کے بعد رضاکارانہ طور پر واپس جانے پر آمادگی ظاہر کی، جبکہ کچھ کو زبردستی بھیجا گیا۔ ایران کی وزارتِ خارجہ ان افراد کی واپسی کے انتظامات کر رہی ہے اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں وطن واپس آنے پر کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی امریکا میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں غیر قانونی سرحدی داخلوں میں اضافہ ہوا، اس لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ تاہم ان کی انتظامیہ کو ملک بدری کی رفتار بڑھانے میں کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال فروری میں بھی امریکا نے ایران اور پاناما سمیت 119 ممالک کے شہریوں کو واپس بھیجا تھا، جب کہ 23 مارچ 2025 کو ٹرمپ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ لاکھوں غیر قانونی تارکینِ وطن کی قانونی حیثیت ختم کی جا رہی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ملزم گرفتار
کراچی:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) انسداد انسانی اسمگلنگ نےکارروائی کے دوران سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی بیرون ملک بھجوانے میں ملوث غیر قانونی ٹریول ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث اشتہاری ملزم محمد علی کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم شہریوں کو جیوانی کے راستے ایران اور عراق بھجوانے میں ملوث ہے، ملزم کے خلاف کارروائی متاثرہ شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزم کی جانب سے بھجوائے گئے شہری کو عراق سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے شہری کو عراق میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر ایک لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے تھے، گرفتار ملزم جیوانی کے راستے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث گینگ کے ساتھ رابطے میں تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔