سیلاب سے 2لاکھ گھر متاثر ہوئے‘ عالمی برادری مدد کرے: حافظ عبدالکریم
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمی یومِ مسکن کے موقع پر امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے پیغام میں کہا گھر ہر انسان کی بنیادی ضرورت اور بنیادی انسانی حق ہے۔ پاکستان میں رہائشی مسائل کے حل کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان میں تقریباً 2لاکھ 30ہزار گھر متاثر ہوئے۔ اسی طرح غزہ میں بمباری سے لاکھوں افراد گھروں سے محروم ہوکر کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ عالمی برادری اس مسئلہ پر فوری توجہ دے اور متاثرین کی ہرممکن مدد کرے۔ امیر مرکزی جمعیت نے کہا عالمی یومِ مسکن یاد دہانی کراتا ہے کہ ہر انسان کو بہتر رہائش، تحفظ اور بنیادی سہولتوں تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ حافظ عبدالکریم نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث نے ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا، مستقبل میں بھی انسانی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستان کا آئین مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے: صدرِ مملکت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئین مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔
یومِ برداشت پر بین الاقوامی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان رواداری، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت، شفقت اور عدل کا درس دیتا ہے، حکومت سماجی و مذہبی استحصال کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔
صدرِ پاکستان آصف زرداری کا کہنا ہے کہ غیر مسلم شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیح ہے، بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس بل 2025 اہم پیش رفت ہے۔