پاکستان، امارات کے درمیان جدید ریلوے، علاقائی رابطے کیلئے شراکت داری بڑھانے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ریلوے کی جدید کاری اور علاقائی رابطے پر شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ابو ظہبی میں یو اے ای کے وزیر برائے توانائی و انفراسٹرکچر سہیل محمد المزروعی سے ملاقات کی، جہاں ’پاکستان کے ریلوے نیٹ ورک کو اپ گریڈ کرنے، تجارت کو فروغ دینے، رابطہ بڑھانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت کرنے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع‘ پر بات چیت ہوئی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وزراء نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی تجدید کی اور باہمی خوشحالی کو آگے بڑھانے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے حل کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات گلوبل ریل انفراسٹرکچر کانفرنس و نمائش کے موقع پر ہوئی، جو 30 ستمبر سے 2 اکتوبر تک منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے وزرائے ٹرانسپورٹ، پالیسی ساز اور صنعت کے رہنما شریک ہوئے تاکہ ریل اور انفراسٹرکچر کے مستقبل کو تشکیل دیا جا سکے۔وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے متحدہ عرب امارات کے الفایا ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا اور اتحاد ریل کے زیر انتظام چلنے والی دنیا کی جدید ترین اور تیز رفتار ٹرین میں الفایا ڈپو سے دبئی کے علاقے القدرہ تک کا سفر کیا۔ الفایا ریلوے سٹیشن پہنچنے پر یو اے ای اور اتحاد ریل کے حکام نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا استقبال کیا اور ریل کی خصوصیات اور ریل نیٹ ورک کے بارے میں آگاہ کیا۔ بلال اظہر کیانی نے الفایا ڈپو میں کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ریل نیٹ ورک آپریشن چلانے والی جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بلال اظہر کیانی
پڑھیں:
جاپان کا پاکستان انسداد پولیو پروگرام کیلئے 35 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان
اسلام آباد(نیوزڈیسک) جاپان نے پاکستان انسداد پولیو پروگرام کیلئے 35 لاکھ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کر دیاہے ، اسلام آباد میں جاپان اور یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ، اس خطیر رقم سے اینٹی پولیو ویکسین کی 24 لاکھ سے زائد خوراکیں خریدی جائیں گی ۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیوخاتمےکیلئےجاپان کےتعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا یہ شراکت داری مالی امداد سے بڑھ کر یکجہتی اور مشترکہ مقصد کی علامت ہے، عائشہ رضا فاروق کے مطابق ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک منزل کےمزید قریب لے آتی ہے۔
تقریب کے دوران پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے پاکستان کی صحت عامہ کی ترجیحات کے لیے اپنے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا، یونیسف کے نمائندہ برائے پاکستان، پرنیلا آئیرنسائیڈ نے کہا جاپان کی شراکت ہر بچے تک ویکسین پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ جاپان کی حکومت 1996 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی دیرینہ شراکت دار ہے ۔ اس دوران جاپان نے ساڑھے چوبیس کروڑ ڈالر سے زائد گرانٹس اور قرضے فراہم کیے ہیں ۔