چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا ریٹائرڈ ملازمین کے لیے خوش آئند قدم
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک قابلِ تحسین اقدام اٹھا لیا۔ عدالتِ عالیہ میں پنشن برانچ کے قیام کے بعد اس کےثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
نجی میڈیا کے مطابق، بلوچستان ہائیکورٹ سے ریٹائر ہونے والے ایک ملازم کو صرف دس دن کے اندر تمام پنشن واجبات ادا کر دیے گئے، جو ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ایک مختصر تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے ریٹائرڈ ملازم کو شیلڈ اور تحفہ پیش کیا۔ تقریب میںرجسٹرار عبدالقیوم لہڑی سمیت دیگر عدالتی افسران نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں چیف جسٹس نے کہاکہ عدالتی ملازمین ہمارے نظام کا اہم ستون ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف اور بعد از ملازمت تحفظ ہماری ترجیح ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انہیں مکمل احترام اور مالی سکیورٹی حاصل ہو۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ پنشن برانچ کا قیام ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک تاریخی قدم ہے، اور آئندہ بھی اس سلسلے میں بہتری کے اقدامات جاری رہیں گے۔
یہ پیش رفت بلوچستان ہائیکورٹ کے انتظامی نظم و نسق میں ایک مثبت تبدیلی کی علامت ہے، جسے دیگر اداروں کے لیے بھی ایک مثالی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بلوچستان ہائیکورٹ چیف جسٹس
پڑھیں:
اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ
اسلام آباد ہائی کورٹ کی رپورٹ کے مطابق 12 فروری 2025ء سے 30 ستمبر تک 10,780 مقدمات نمٹائے گئے، 3,264 مقدمات کے ڈویژن بنچز نے فیصلے کئے، سنگل بینچز نے 7,516 مقدمات نمٹائے، 700 مقدمات پر نامکمل فائلنگ کی وجہ سے اعتراض عائد کر رکھے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی ماہ ستمبر کی کارکردگی رپورٹ بھی جاری کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 12 فروری 2025ء سے 30 ستمبر تک 10,780 مقدمات نمٹائے گئے، 3,264 مقدمات کے ڈویژن بنچز نے فیصلے کئے، سنگل بینچز نے 7,516 مقدمات نمٹائے، 700 مقدمات پر نامکمل فائلنگ کی وجہ سے اعتراض عائد کر رکھے ہیں۔
جسٹس انعام امین منہاس نے 1,511 مقدمات نمٹائے، جسٹس محمد اعظم خان نے 1,299، جسٹس محمد آصف نے 970 مقدمات کے فیصلے کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے 789 مقدمات نمٹائے، جسٹس محسن اختر کیانی نے 672، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 377 مقدمات نمٹائے۔
جسٹس بابر ستار نے 292 مقدمات نمٹائے، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے 270، جسٹس ارباب محمد طاہر نے 463 مقدمات کے فیصلے کئے۔ رپورٹ کے مطابق جسٹس ثمن رفت امتیاز نے 404 مقدمات کے فیصلے کئے جبکہ جسٹس خادم حسین سومرو نے 360 مقدمات نمٹائے۔