راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کو سرسبز، جدید اور خوبصورت بنا دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, October 2025 GMT
راولپنڈی:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کو سرسبز، جدید اور خوبصورت بنا دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کی تاریخی اور مصروف ترین سڑک کی ری ویمپنگ اور اَپ گریڈیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد مری روڈ اب ایک گرین کوریڈور کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
ماضی میں بے ہنگم ٹریفک، ٹوٹ پھوٹ اور کچرے کے ڈھیروں سے بھرپور یہ سڑک اب پھولوں، درختوں، روشنیوں اور شہری سہولیات سے مزین ہو چکی ہے۔ سیکستھ روڈ پر پل کے نیچے نوجوانوں کے لیے ایک جدید اور خوبصورت ٹینس کورٹ تعمیر کیا گیا ہے جبکہ اسی مقام اور اس کے اردگرد راستوں کو دلکش پودوں، درختوں اور پھولوں سے سجا دیا گیا ہے۔
سیکستھ اور سیونتھ روڈ پر شہریوں کے لیے آرام دہ انتظار گاہیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ چاندنی چوک میں واقع تاریخی کلاک ٹاور کی اَپ گریڈیشن مکمل کر لی گئی ہے، جو اب علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
مری روڈ اور میٹرو روٹ کے دونوں اطراف خوبصورت پھولوں کی کیاریاں بنائی گئی ہیں، جبکہ میٹرو پل کے ستونوں کو بیلوں اور پھولوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ گردوغبار سے پاک یہ سڑک اب نہ صرف شہریوں کے لیے ایک خوشگوار حیرت کا باعث بن رہی ہے بلکہ ماحولیاتی بہتری کی جانب بھی ایک مثبت قدم ہے۔
رات کے وقت روشنیوں سے جگمگاتی مری روڈ ایک نیا منظر پیش کرتی ہے، جو راولپنڈی کے شہریوں اور مسافروں کے لیے دلکشی کا باعث بن رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس منصوبے پر پی ایچ اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو شاباش دی اور کہا کہ راولپنڈی کے خوبصورت دل رکھنے والے شہریوں کو ایک خوبصورت، صاف اور سرسبز مری روڈ کا تحفہ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’نواز شریف کے وژن کے تحت مری روڈ اور میٹرو جیسے منصوبے شروع کیے گئے، اب ان کی دیکھ بھال، صفائی اور خوبصورتی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔‘‘
وزیراعلیٰ نے اہلیان راولپنڈی کو اس منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر شہر کو جدید، صاف ستھرا، سرسبز اور مثالی سہولیات سے آراستہ بنا کر دم لیں گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اور خوبصورت دیا گیا ہے مری روڈ کے لیے
پڑھیں:
راولپنڈی میں ڈینگی کے خطرناک وار کا سلسلہ جاری
راولپنڈی شہر میں ڈینگی کے خطرناک وار کا سلسلہ جاری ہے جس کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے ڈینگی کنٹرول رپورٹ بھی جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سال 2025 میں راولپنڈی میں 11 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ رواں سیزن میں اب تک 730 مشتبہ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی.
ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 25 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور ڈینگی کے باعث اسپتالوں میں 61 مریض راولپنڈی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
مزید برآں راولپنڈی میں ڈینگی سے اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔ رواں سال 54 لاکھ 51 ہزار 682 گھروں کی چیکنگ کی گئی اور گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کے 1 لاکھ 47 ہزار 907 مقامات رپورٹ ہوئے۔
مجموعی طور پر 1 لاکھ 89 ہزار 101 ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ 1 لاکھ 66 ہزار 620 مقامات کی چیکنگ اور 22 ہزار 481 مثبت نکلے۔
صرف راولپنڈی میں 1499 گھروں سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا اور ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4359 ایف آئی آر درج کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ 1838 مقامات کو سیل کیا گیا اور 10 لاکھ 78 ہزار 507 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی کے جن مختلف علاقوں میں نئے ڈینگی کیسز سامنے آئے، ان میں دھمیال ، رحمت آباد ، مسلم ٹاؤن، مسلم ٹاؤن مشرقی، گنگال، ڈھوک منگٹال، ہزارہ کالونی، کوٹھہ کلاں ، صدیق آباد، ڈھوک کالا خان اور شکر یال نارتھ شامل ہیں۔