علی امین وزیراعلیٰ ہاؤس کے پی سے روانہ، اسٹاف سے مصافحہ بھی کیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, October 2025 GMT
پشاور(نیوز ڈیسک) دو روز قبل اپنے منصب سے استعفیٰ دینے والے علی امین خان گنڈاپور وزیراعلیٰ ہاؤس سے ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے روانہ ہو گئے۔
علی امین گنڈا پور کے ترجمان فراز مغل نے بتایا کہ اپنے آبائی علاقے ڈی آئی خان روانگی سے علی امین گنڈاپور نے اسٹاف سے مصافحہ کیا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل علی امین گنڈا پور نے عمران کی ہدایت پر وزارت اعلیٰ کے پی کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
عمران خان نے علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے تاہم علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ تاحال قبول نہیں ہوا اور اس حوالے سے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ابھی تک استعفیٰ ان کے پرنسپل سیکرٹری تک نہیں پہنچا، جب استعفیٰ ان تک پہنچے گا تو اسے دیکھنے کے بعد فیصلہ کروں گا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: علی امین گنڈا پور
پڑھیں:
جتنی مرضی تاخیر کر لیں، میں نے استعفیٰ دیا ہوا ہے، علی امین گنڈا پور
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پی ٹی آئی کا گڑھ ہے، بانی پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ کی حکومت کو کسی کی جرات نہیں کہ گرا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ جتنی مرضی تاخیر کر لیں، میں نے استعفیٰ دیا ہوا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پی ٹی آئی کا گڑھ ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نامزد وزیراعلیٰ کی حکومت کو کسی کی جرات نہیں کہ گرا سکے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ استعفیٰ کی منظوری میں تاخیر بس وقت ضائع کرنا ہے، میں نے اپنا دور مکمل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ذمہ داری ملی تو صوبے کو مالی مشکلات درپیش تھی، محنت کر کے صوبے کو مشکلات سے نکالا، بانی کا حکم منظور ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارٹی اور صوبے کے لیے جو جدوجہد جاری تھی وہ اب بھی جاری رکھوں گا، نہ پارٹی کی کوئی پوزیشن لوں گا نہ ہی دوبارہ وزارت اعلیٰ شپ، بے شک بانی پی ٹی آئی ہی کیوں نہ کہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیغام بھجوا دیا ہے کہ اب میں دوبارہ عہدہ قبول نہیں کروں گا۔