اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف کون تھے ؟
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیل ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے اعلیٰ عسکری رہنما حیثم علی طباطبائی اپنے ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے کمانڈرز سمیت 5 افراد شہید اور 28 زخمی ہوگئے تھے۔
لبنان کی مزاحمت پسند جماعتوں میں جری اور بہادر کہلائے جانے والے حیثم علی طباطبائی کی شہرت سید ابو علی کے نام سے بھی تھی۔
وہ 1968 میں بیروت کے علاقے بشورہ میں پیدا ہوئے اور جنوبی لبنان میں ہی پلے بڑھے۔ 1982 میں حزب اللہ کے قیام کے آغاز میں ہی تنظیم میں شامل ہوئے۔
حیثم طباطبائی نے اپنی عسکری مہارت، جوش و جذبے اور مقصد سے جنون کی حد تک لگاؤ کے باعث حزب اللہ میں اعلیٰ مقام پایا۔
وہ نہ صرف نبطیہ محاذ، خیام محاذ اور 2006 کی جنگ میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے بلکہ حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے قیام میں اہم کردار بھی ادا کیا۔
انھوں نے شام اور یمن میں رضوان فورس کی قیادت کی اور 2024 کی جنگ میں علی کرکی کی شہادت کے بعد حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر مقرر ہوئے۔
حیثم طباطبائی نے اس دوران اپنے اہداف کو تیزی سے حاصل کیا، دشمن کی تمام رکاوٹوں کو عبور کیا اور دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔
انہی کامیابیوں کے باعث حیثم علی طباطبائی کو حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف کی اہم ترین ذمہ داری بھی دی گئی تھی اور انھوں نے اپنی قوم کو مایوس نہیں کیا۔
بطور چیف آف اسٹاف حیثم طباطبائی نے اسرائیل کے خلاف متعدد عسکری کارروائیاں کیں اور صیہونی فوج کے کئی مشنز کو خاک میں ملایا۔
یہ حیثم طباطبائی ہی تھے جن کی قیادت میں حزب اللہ اپنے سربراہ اور اعلیٰ ترین رہنماؤں کی شہادت کے باجود نئے عزم اور حوصلے سے کھڑی ہوئی تھی۔
اسرائیل بھی حیثم طباطبائی کو لبنان میں اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتا تھا اور مہینوں سے کسی موقع کی تاک میں تھا۔
اسرائیل کو ناکوں چنے چبوانے والے حیثم طباطبائی صیہونی ریاست اور اس کے آقا امریکا کی انٹیلی جنس کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے۔
یہاں تک کہ اسرائیل کے ایک بزدلانہ حملے میں اپنی جان جان آفریں کی سپرد کرکے اپنے مقصد کے حصول کے لیے خون کا آخری قطرہ بہانے کا عہد نبھا گئے۔
ان کی نماز جنازہ میں عوام کا سیلاب امُڈ آیا تھا۔ حزب اللہ کی قیادت اور جنگجوؤں نے اپنے عظیم عسکری کمانڈر کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔
حزب اللہ نے شہید حیثم کو عظیم شہید مجاہد کمانڈر کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے سرخ لائن عبور کی ہے جس کا خمیازہ انھیں بھگتنا ہوگا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: میں حزب اللہ حزب اللہ کے حملے میں
پڑھیں:
اسرائیل کا بیروت پر حملہ، ابوعلی طباطبائی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ،متعدد زخمی
بیروت(ویب ڈیسک) اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملے میں حزب اللہ کے نائب سربراہ ابو علی طباطبائی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کردیا۔
لبنانی میڈیا کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے حملے میں حزب اللہ کے نائب سربراہ ابو علی طباطبائی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کردیا۔ حزب اللہ کی جانب سے نائب سربراہ ابو علی پر حملے سے متعلق بیان سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے سیزفائر معاہدے کی دھجیاں اڑا دی۔ خان یونس اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی طیاروں نے شدید بمباری کی۔ خواتین اور بچوں سمیت بائیس فلسطینی شہید ہوگئے۔ درجنوں زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
حماس نے دھمکی دی ہے کہ جنگ بندی دونوں طرف ہونی چاہیے۔ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو پھر سے لڑائیں شروع کریں گے۔ حماس کا پیغام امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف تک پہنچا دیا گیا۔ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج نے ایک اور ڈرون حملہ کیا جس میں ایک شہری شہید پانچ زخمی ہوگئے۔