شریا سرن کی اے آئی سے ایڈٹ شدہ تصاویر وائرل، جعلسازی کی شکایت
اشاعت کی تاریخ: 24th, November 2025 GMT
بھارتی اداکارہ شریا سرن نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تصاویر میں ردوبدل اور جعلی پروفائلز بنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
42 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں سائبر کرائم حکام سے رجوع کیا، جہاں انہوں نے اپنی تصاویر کو اے آئی کے ذریعے بدل کر پھیلانے اور ان کے نام سے جعلی پیغامات بھیجنے والوں کے خلاف شکایت درج کرائی۔
شریا سرن کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر ان کی فرضی تصویریں گردش میں رہتی ہیں، جنہیں دیکھ کر بعض مرتبہ ان کے مداح ہی نہیں بلکہ اہل خانہ بھی دھوکا کھا جاتے ہیں۔ ان کے مطابق، جن لوگوں سے وہ رابطے میں رہتی ہیں، وہ انہیں ٹیگ کر کے پوچھتے ہیں کہ ’یہ تم تو نہیں لگ رہیں، تمہارے نام سے کون رابطہ کر رہا ہے؟‘
انہوں نے بتایا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ گزشتہ 20 سال سے ایک ہی فون نمبر استعمال کر رہی ہیں، اس کے باوجود کوئی ان کی جعلی شناخت بنا کر لوگوں سے رابطہ کر رہا ہے۔ ابتدا میں وہ یہ معاملہ منظرِ عام پر نہیں لانا چاہتی تھیں، لیکن جب صورتحال اس وقت سنگین ہوگئی جب ملزم نے ان کی جعلی پروفائل سے ان کی اپنی ٹیم سے رابطہ کرنا شروع کردیا، تو انہیں کارروائی کرنا پڑی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم میں شکایت کے باوجود ایسے واقعات کو مکمل طور پر روک پانا تقریباً ناممکن ہوچکا ہے، کیونکہ ڈیپ فیک اور مصنوعی تصاویر کے اس دور میں اصلی اور جعلی میں فرق کرنا مشکل بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹاگرام پر متعدد اکاؤنٹس ان کی تصاویر اور یہاں تک کہ جعلی بلیو ٹِک استعمال کرکے خود کو ویریفائیڈ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
شریا سرن نے امید ظاہر کی کہ ان کی شکایت کے بعد لوگ ایسے جعلی اکاؤنٹس کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اس سے قبل اداکارہ ادیتی راؤ حیدری بھی اسی طرح کی جعلسازی کا نشانہ بن چکی ہیں اور انہوں نے بھی جعلی پروفائلز کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔
اداکارہ نے آخر میں کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم صرف عوام کو آگاہی فراہم کرسکتے ہیں، کیونکہ ڈیجیٹل دور میں اس قسم کی جعلسازی کو مکمل طور پر روکنا اب ممکن نہیں رہا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ضمنی انتخاب میں کوئی غیر معمولی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین سکندر سلطان راجا نے ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ضمنی انتخاب میں کوئی غیرمعمولی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نےالیکشن کمیشن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ضمنی انتخاب بہت پرامن رہا، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کا شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ہمیشہ ٹرن آؤٹ کم رہتا ہے، جس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں، اس انتخاب سے نمبر گیم تبدیلی نہیں ہونی تھی جس کی وجہ سے عوام کی دلچپسپی کم رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف کمیشن نے بلاتفریق ایکشن لیا، ڈی آر اوز نے کچھ رپورٹس بھیجی ہیں،کچھ شکایات کا کمیشن نے خود نوٹس لیا ہے تاہم آج کے ضمنی انتخاب میں کوئی غیر معمولی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ طلال چوہدری کو کل طلب کیا ہے اور کل سماعت ہوگی، لوکل گورنمنٹ انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک وزیر اور امیدوار کو نااہل کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہر چیز کی ایک لیگل اسکیم ہے، دنیا بھر میں انتخابات میں خلاف ورزیاں ہوتی ہیں،کمیشن وقتاً فوقتاً اپنی تجاویز حکومت کو بھیجتا رہتا ہے، کمیشن کے پاس ٹربیونل کو ہدایات دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔