پاکستان کو زیتون کی پیداوار میں خودکفیل بنانا ہوگا، وفاقی وزیر رانا تنویر
اشاعت کی تاریخ: 21st, October 2025 GMT
وفاقی وزیر غذائی تحفظ اور تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کا فروغ قومی معیشت کو مضبوط بنا سکتا ہے۔حکومت زیتون کی کاشت کے لئے کاشت کاروں کومکمل تعاون فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں دوسری اولیو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر راناتنویرحسین نے کہا ہے کہ ہمیں زیتون کی پیداوارمیں خودکفیل ہوناہے، زیتون کی کاشت سے کسانوں کی آمدن میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، جس سے دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ زیتون کا تیل پاکستان کا برآمدی برانڈ بن سکتا ہے۔ کسانوں کو زیتون کی جدید کاشت کے لیے تربیت دی جائے گی ۔
رانا تنویر حسین نے کہاکہ زیتون کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت خوش آئند ہے۔ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے زیتون کا شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا ۔ہم زیتون کو پاکستان کی پہچان بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ فوڈ سیفٹی ہماری قومی ترجیح ہے ۔وزارت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ محفوظ اور پائیدار خوراک پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: رانا تنویر زیتون کی نے کہاکہ
پڑھیں:
افغانستان میں حکومت تبدیلی کی کوششوں کا الزام بے بنیاد ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس الزام کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ پاکستان امریکا کی ایما پر کابل میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے ان الزامات کو ’بے بنیاد اور سراسر لغو‘ قرار دیا۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ ہفتے سرحدی جھڑپوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا، جو 2021 میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد اب تک کی سب سے خطرناک جھڑپیں تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: دوحہ میں نتیجہ خیز مذاکرات کے بعد پاکستان و افغانستان فوری جنگ بندی پر متفق
بعد ازاں دونوں فریقین نے دوحہ میں جنگ بندی پر اتفاق کیا، جبکہ آئندہ مذاکرات 25 اکتوبر کو استنبول میں ہوں گے۔
خواجہ آصف نے غیرملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہاکہ میں سخت الفاظ استعمال نہیں کرنا چاہتا، لیکن یہ سراسر لغو ہے۔ ہمیں افغانستان کے معاملات میں مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں۔ گزشتہ چار پانچ دہائیوں میں ہم بہت کچھ بھگت چکے ہیں، اب ہم صرف ایک مہذب پڑوسی کی طرح رہنا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع نے یہ خیال بھی رد کر دیا کہ امریکا طالبان حکومت کے خلاف کسی قسم کی سازش کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ امریکا وہاں حکومت کی تبدیلی چاہتا ہے تو میری رائے میں طالبان کا واشنگٹن سے پہلے ہی خوشگوار تعلق موجود ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان کو بھارت یا کسی بھی دوسرے ملک سے تعلقات قائم کرنے کا حق ہے، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، جب تک ان تعلقات سے ہماری سلامتی کو خطرہ لاحق نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہاکہ وہ بھارت کے ساتھ اتحاد کریں، معاہدہ کریں یا تجارت، یہ ان کا حق ہے۔ ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں، جب تک اس کے اثرات ہماری سرزمین پر نہ آئیں۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے بتایا کہ حالیہ دوحہ مذاکرات میں ایک نیا اتفاق رائے طے پایا ہے، جس کے تحت ترکیہ اور قطر بطور ضامن کردار ادا کریں گے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اب افغان سرزمین سے کارروائیاں نہ کرے۔
انہوں نے انکشاف کیاکہ کابل حکومت اچھی طرح جانتی ہے کہ ٹی ٹی پی ان کی سرزمین سے کام کر رہی ہے، اور غیر رسمی طور پر وہ اس کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔ ماضی میں وہ ان جنگجوؤں کو سرحد سے دور منتقل کرنے کی بات بھی کر چکے ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق دوحہ معاہدے کی سب سے اہم شق یہی ہے کہ افغان سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ استنبول میں ہونے والی آئندہ ملاقات میں اس سمجھوتے پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ میکنزم کو حتمی شکل دی جائے گی۔
افغان پناہ گزینوں کی باعزت واپسی کا مطالبہ
انہوں نے بتایا کہ طالبان وفد کی واحد درخواست یہ تھی کہ افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل عزت و وقار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔
’انہوں نے صرف اتنا کہاکہ وطن واپسی باعزت طریقے سے ہو، یہ نہیں کہاکہ پناہ گزین واپس نہ جائیں، یہ معاہدے کا حصہ ہے اور ہم اسے باوقار انداز میں مکمل کریں گے۔‘
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایما پر افغان طالبان کی کارروائیوں سے پورا خطہ کس طرح متاثر ہو رہا ہے؟
وزیر دفاع نے کہاکہ افغان مہاجرین کئی برسوں تک ہمارے مہمان رہے۔ اب اگر وہ اپنے وطن واپس جا رہے ہیں تو ہم ان کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ دعا گو ہیں کہ انہیں اپنے ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی نصیب ہو۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews الزام مسترد پاک افغان جنگ پاکستان افغانستان تعلقات حکومت تبدیلی خواجہ آصف وزیر دفاع وی نیوز