اسلام آباد+ ریاض (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے عالمی اشتراک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن، خوشحالی اور ترقی ہماری ترجیح ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، علم و تجربے کو بروئے کار لانا ہوگا۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کیلئے قرضے فراہم کرنا مسئلے کا حل نہیں۔ عالمی برادری کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ پاکستان نے بڑے چیلنجز پر قابو پا لیا۔ نوجوانوں کی بڑی آبادی کو مواقع فراہم کریں گے۔ وہ منگل کو یہاں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کانفرنس کے تحت "کیا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے؟"  کے موضوع پر منعقدہ اعلی سطح کے گول میز مباحثے سے خطاب کر رہے تھے۔ مباحثے میں مختلف ممالک کے رہنمائوں اور نمائندوں نے شرکت کی اور انسانیت کو درپیش بڑے مسائل کی نشاندہی کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ترقی کے وژن کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرح وہ دنیا میں بہتری لانے کیلئے جو اقدامات کر رہے ہیں اس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم نے 78 سال میں جو غلطیاں کی ہیں ان سے سبق سیکھ کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ حکومت پاکستان نے بہتری کیلئے بڑی تبدیلیاں اور اصلاحات کیلئے بڑے اقدامات کیے ہیں۔ مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ ایف بی آر میں اصلاحات کرکے مکمل ڈیجیٹائزڈ کر دیا گیا ہے، اس سے کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، یہ بہت بڑا چیلنج بھی ہے اور موقع بھی، انہیں ہنر اور تربیت فراہم کرکے معاشرے کے مفید شہری بنا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا روزگار کمانے کے قابل ہوسکیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ 10 ملکوں میں شامل ہے حالانکہ ہمارا ماحولیاتی بگاڑ میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔  2022ء اور رواں سال بھی قدرتی آفات کے نتیجہ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ لاکھوں گھر اور لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ تعمیر نو اور بحالی کے عمل کیلئے ہمیں زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے لیکن قرضے اس کا حل نہیں ہیں۔ مسلسل قرضوں سے ملکی معیشت کمزور پڑتی ہے۔ یہ عالمی انسانی مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داری محسوس کرنا ہوگی اور آگے آنا ہوگا۔ ایک دوسرے کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون سے آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کیلئے مواقع بڑھانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اے آئی سمیت جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اپنے نوجوانوں اور وسائل کو ترقی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ زرعی شعبہ اور صنعتوں میں جدت کیلئے اے آئی سے استفادہ کر رہے ہیں۔ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرا رہے ہیں۔ انہوں نے گلوبل نارتھ کے گلوبل سائوتھ کے ساتھ ترقی کیلئے اشتراک کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے علم اور تجربات کو انسانیت کی ترقی اور بہبود کیلئے استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے پاکستانی نوجوان چین سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خاندان کی مثال دی جس نے 1972ء  میں اپنے تمام کاروبار اور صنعت کو سرکاری طور پر قومیائے جانے کے بعد امید کا دامن نہیں چھوڑا اور دن رات محنت سے جلد اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مضبوط ارادے اور عزم و حوصلے سے کوئی کامیابی ناممکن نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان رابطے کیلئے   پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت اقتصادی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تبدیلی، برآمدات کے فروغ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، نوجوان افرادی قوت اور  آئی ٹی کے شعبوں میں ترقی پر توجہ مرکوز  کئے ہوئے ہے۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو  کے موقع پر عالمی اقتصادی فورم کے صدر  اور چیف ایگزیکٹو  آفیسر بورگے بغینڈے  سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات عالمی اقتصادی فورم کی قیادت کی درخواست پر ہوئی جس کا مقصد وزیراعظم کو آئندہ سال جنوری میں ڈیووس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کی باضابطہ شرکت کی  دعوت دینا تھا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور عالمی اقتصادی فورم کے درمیان مضبوط روابط کو سراہا اور فورم کے عالمی سطح پر کاروباری اور جدت پسند نیٹ ورک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے میں پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ 2026ء  کے عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کی دعوت کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ  ڈیووس میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان بھرپور نمائندگی کرے گا۔ بورگے بغینڈے نے عالمی اقتصادی فورم کے ساتھ پاکستان کے فعال کردار پر وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کیلئے پر امید ہیں۔  دریں اثناء سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ سعودی ولی عہد نے کابینہ کو پاک سعودی عرب اقتصادی فریم ورک سے متعلق آگاہ کیا۔ سعودی کابینہ نے کہا کہ اقتصادی فریم ورک دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ پاکستان سے معاہدہ اقتصادی‘ سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے ہے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی‘ مشترکہ مفادات کو یقینی بنانا ہے۔ سعودی کابینہ نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے مقبوضہ مغربی کنارے کے الحاق سے متعلق بل کی مذمت کی۔ سعودی کابینہ نے کہا کہ اسرائیل کا غیرقانونی اقدام مقبوضہ مغربی کنارے پر قبضہ مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔ فلسطین کا دو ریاستی حل چاہتے ہیں جو 1967ء کی سرحدوں کے مطابق ہو۔ سعودی کابینہ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی سٹرٹیجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے مابین ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ولی عہد و وزیر اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات کے دوران سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان 27 اکتوبر 2025ء کو ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ یہ پیش رفت مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت کی مضبوطی اور دونوں ممالک کی قیادت کو متحد کرنے والے بھائی چارے و اسلامی یکجہتی کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی اور ان کی تکمیل کے لیے تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کی باہمی خواہش کا اعادہ ہے۔ فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی سٹرٹیجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، نجی شعبے کے اہم کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔  فریم ورک کے ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت  اور غذائی تحفظ شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب اس وقت کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں  کے حوالے سے تعاون پر کام کر رہے ہیں جن میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بجلی کی ترسیل (الیکٹریسٹی انٹرکنکشن ) کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت  اور دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک باہمی برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے اقدامات کی عکاسی اور اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار شراکت داری کی تعمیر کے لیے مشترکہ وژن کی توثیق کرتا ہے۔ فریم ورک دونوں ممالک کی قیادت اور برادر عوام کی امنگوں کی ترجمانی اور باہمی مفادات کے حصول کی تکمیل کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے بھی منتظر ہیں۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: عالمی اقتصادی فورم کے اعظم محمد شہباز شریف سعودی کابینہ نے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سعودی ولی عہد سرمایہ کاری پاکستان کے کر رہے ہیں میں تعاون کے درمیان ممالک کی کے ساتھ گیا ہے کے لیے

پڑھیں:

جادو ٹونہ نہیں، ترقی صرف محنت سے: شہباز شریف

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی ترقی اور استحکام کیلئے اتحاد و یکجہتی اور دہشت گردی کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بغیر معاشی بحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے، شہداء کی قربانیوں کی تضحیک نہیں کرنے دیں گے، عسکری و سیاسی قیادت نے مل کر کام کیا اور ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑی معیشت دوبارہ پٹڑی پر آئی۔ وہ قومی علماء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سمیت وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ علماء و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جادو ٹونہ نہیں ترقی صرف محنت سے ملتی ہے۔ معرکہ حق میں قوم کی دعائیں قبول ہوئیں۔ افواج کے ہر سپاہی کی کاوشیں شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اور علماء کرام و قوم کی دعاؤں کی بدولت معرکہ حق میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی۔ مسلح افواج کی جرات اور بہادری سے دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے جرات و بہادری سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اس کامیابی میں بری، بحری و فضائیہ سمیت تمام افواج کا کردار قابل ستائش ہے۔ وزیر اعظم نے فرقہ پرستی کے خاتمہ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ علماء کرام کو تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا ہو گا، ملکی ترقی اور استحکام کیلئے اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے۔ اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان و خیبر پختونخوا میں روزانہ بے گناہ عوام فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں، سکیورٹی فورسز کے جوان ملکی دفاع کیلئے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان شہداء کے اہل خانہ سے جب ہم ملتے ہیں تو وہ اپنے شہداء پر فخر کرتے ہیں اور ان کے چہرے اطمینان سے لبریز ہوتے ہیں۔ ہم اپنے ان شہداء کی تضحیک کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر اعظم  محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک معاشی استحکام اور ترقی کی جانب سے تیزی سے گامزن ہے، عسکری و سیاسی قیادت مل کر کام کرکے ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑی معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر لائی، معرکہ حق کے بعد پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ حکومت ملک کو معاشی ترقی کے سفر پر رواں دواں کرنے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہے، محنت سے پاکستان کو وہ مقام دلائیں گے کہ قرضوں سے نجات ملے گی اور خود انحصاری کی منزل حاصل ہوگی۔ انہوں نے ملکی ترقی کیلئے دہشت گردی کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر معاشی بحالی کے سفر پر گامزن نہیں ہوا جا سکتا۔ دن رات محنت سے ترقی و خوشحالی ممکن ہے۔ دنیا میں مقام حاصل کرنے والی قوموں نے محنت کو اپنا شعار بنایا۔ پائی بچا کر ملک کی معاشی تقدیر بدلیں گے اور اسے قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے۔ انہوں نے قومی معاملات پر یکجان ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی معترف ہے۔ دشمن ورطہ حیرت میں ہے اور برادر ممالک خوشی سے پھولے نہیں سماتے، دوست ممالک نے معرکہ حق میں فتح کو اپنی فتح سمجھ کر مبارکباد دی۔ یہ علماء کرام اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنی اس فوج کا دفاع کریں جس نے ہمارے دفاع کیلئے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی اور ہمارے ازلی دشمن کو ایسی شکست دی جسے وہ قیامت تک نہیں بھولے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف آج ترکمانستان جائیں گے جہاں وہ اشک آباد میں ہونیوالے بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے وہ ترکمانستان کے ہم منصب سمیت فورم میں شرکت کرنیوالے دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔ دریں اثناء  پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ہم آواز ہو کر آج پہاڑوں کا عالمی دن منا رہا ہے جس کا مقصد متوازن قدرتی ماحول کیلئے ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء میں یہ دن ’’پانی، خوراک اور روزگار کے لئے گلیشیئرز کا پہاڑوں میں اور مجموعی کلیدی کردار‘‘ عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، یہ موضوع پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل اور ان گراں قدر مواقع کی نشاندہی کرتا ہے جو پاکستان کی قدرتی دولت میں پوشیدہ ہیں۔ علاوہ ازیں سوار محمد حسین شہید (نشان حیدر) کو ان کے 54 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سوار محمد حسین شہید دھرتی کے بہادر سپوت تھے جن کی1971ء میں مادر وطن کے تحفظ کیلئے بے مثال جرات و بہادری نے انہیں امرکر دیا۔ سوار محمد حسین شہید جیسے دھرتی کے بیٹوں سے ہی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

متعلقہ مضامین

  • وفاقی وزیر تجارت سے یمن کے سفیر کی ملاقات‘ دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
  • وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
  • وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق
  • دہشتگردی کا نیا خطرہ افغانستان سےسر اٹھا رہا ہے، شہباز شریف
  • دہشت گردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے سر اٹھارہا ہے: وزیر اعظم 
  • دہشتگردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے سر اٹھا رہا ہے: وزیراعظم شہباز شریف
  • دہشتگردی کا نیا خطرہ افغان سرزمین سے سر اٹھا رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا ترکمانستان میں عالمی فورم سے خطاب
  • عالمی برادری افغان حکومت پر ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے زور ڈالے، وزیراعظم شہباز شریف
  • جادو ٹونہ نہیں، ترقی صرف محنت سے: شہباز شریف
  • پاک افغان کشیدگی: چین کی خطے میں امن اور عالمی برادری سے تعلقات میں تعاون کی پیشکش