سرگودھا: کسٹمز کی کارروائیوں میں 11.9 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان ضبط
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
سرگودھا میں کسٹمز انفورسمنٹ نے کارروائیوں کے دوران 11 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا غیر قانونی سامان قبضے میں لے لیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ان کارروائیوں میں 584 غیر ملکی موبائل فونز ضبط کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 7 کروڑ 24 لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی بھی ضبط کی گئی جس کی قیمت 67 لاکھ روپے بنتی ہے۔
میانوالی کے اے ایس او نے مختلف کارروائیوں میں غیر ملکی شیشہ، چھالیہ، نسوار اور سگریٹس بھی ضبط کیے، جن کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
فیصل آباد کے اے ایس او نے 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ اخروٹ کی ایک کھیپ بھی برآمد کی۔
تمام ضبط شدہ اشیاء کو کسٹمز ایکٹ 1969ء کے تحت قانونی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: لاکھ روپے
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔