سیاست یا مذہب کی آڑ میں انتہا پسندی قبول نہیں، مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 29th, October 2025 GMT
لاہور میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے جب تک سیاسی جنگ لڑتے رہے ان کو کسی نے کچھ نہیں کہا لیکن جب پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے، املاک کو جلایا تو تب ان کا زوال شروع ہوا، پاکستان تحریک انصاف سیاست کی کیٹگری سے نکل چکی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سیاست یا مذہب کی آڑ میں انتہا پسندی، ہتھیار اٹھانا، املاک جلانا قبول نہیں ہے۔ لاہور میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سفارت خانوں کا احترام کیا جاتا ہے، فلسطینی جشن منارہے تھے اور انتشاری ٹولہ لوگوں پر تشدد کررہا تھا، سکیورٹی اہلکاروں کو غزہ کے نام پر احتجاج کے دوران گولی ماری گئی، میرے پاس جو تشدد کی تصاویر آئی ہیں آپ تصور نہیں کرسکتے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جماعت اسلامی، جے یو آئی (ف) سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن انہوں نے کیلوں والے ڈنڈے نہیں اٹھائے، کسی بھی مذہبی جماعت نے اس سے پہلے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہیں کیے۔ مریم نواز نے کہا کہ لبیک ایک مقدس اور تکریم والا لفظ ہے، ہم احرام کی حالت میں اللہ تعالیٰ کے حضور لبیک کہتے ہیں لیکن ماضی میں سیاسی مقاصد کیلئے کچھ جماعتوں کو بنایا گیا، وہ صرف ایک جماعت نہیں بلکہ اس نے لوگوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ امن معاہدے پر فلسطین سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں نے خوشیاں منائیں اور ہمارے یہاں آواز آئی کہ ہم اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے، اس شرپسند جماعت کے کسی شخص سے فلسطین کے بارے میں ایک جملہ نہیں سنا، صرف یہ سنا کہ مار دو، ان کو گھروں میں جانے نہ دینا۔ مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جب تک سیاسی جنگ لڑتے رہے ان کو کسی نے کچھ نہیں کہا لیکن جب پی ٹی آئی نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے، املاک کو جلایا تو تب ان کا زوال شروع ہوا، پاکستان تحریک انصاف سیاست کی کیٹگری سے نکل چکی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہم نے ہماری جماعت نے کبھی ہتھیار نہیں اٹھائے، کسی بھی مذہبی جماعت کو کبھی جدید اسلحہ سے لیس نہیں دیکھا، تمام مذہبی جماعتیں ایسے عناصر سے خود کو علیحدہ کریں، سیاست کرنا سب کا حق ہے، مذہبی جماعتوں کو بھی سیاست کا پورا حق حاصل ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مریم نواز پی ٹی آئی نے کہا کہ
پڑھیں:
کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم، کوئی جدا نہیں کر سکتا: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف منائے جانے والے یومِ سیاہ (27 اکتوبر) کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ تاریخِ عالم کا سیاہ باب ہے، جس کی سیاہی آج بھی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمایاں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن “بنیانِ مرصوص” میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، اور آج بھارتی قیادت اسی شرمندگی کے باعث وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو “عظیم” قرار دینا بھارت کے لیے ایک اور شکست کے مترادف ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔