پی آئی اے انجینئرز کے خدشات درست ثابت ہونے لگے’کراچی میں اتارے گئے طیارے کے مسائل کی ہسٹری ہے‘
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
PIA انجینئرز کے خدشات درست ثابت ہونے لگے ہیں جب کہ جہاز AP-BMS کو حفاظتی بنیادوں پر کراچی میں لینڈ کرایا گیا۔
سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز آف پاکستان (SAEP) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ قومی ایئرلائن (PIA) کے انجینئرز کے طیاروں کی سیفٹی اور مینٹیننس کے حوالے سے اٹھائے گئے خدشات ایک بار پھر درست ثابت ہو رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ آج لاہور سے جدہ روانہ ہونے والا PIA کا طیارہ AP-BMS راستے میں ونڈ شیلڈ میں دراڑ (Windshield Crack) آنے کے باعث حفاظتی بنیادوں پر کراچی ایئرپورٹ کی طرف ڈائیورٹ کیا گیا، جہاں جہاز کو محفوظ طور پر لینڈ کرایا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ طیارہ پہلے سے ریلی مینٹیننس اور تکنیکی مسائل کی ہسٹری رکھتا تھا، جس پر انجینئرز کی جانب سے بارہا توجہ دلائی گئی تھی۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے ان خدشات کو نظرانداز کیا گیا۔
آج پیش آنے والا واقعہ واضح ثبوت ہے کہ انجینئرز کے پیشہ ورانہ خدشات حقیقت پر مبنی ہیں اور ان پر فوری توجہ نہ دینے سے ایوی ایشن سیفٹی براہِ راست متاثر ہو سکتی ہے۔
سوسائٹی نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انجینئرز کا مؤقف کبھی بھی ذاتی یا تنظیمی مفاد پر مبنی نہیں رہا، بلکہ صرف اور صرف طیاروں کی حفاظت، مسافروں کے تحفظ، اور بین الاقوامی مینٹیننس معیار کے نفاذ کے لیے ہے۔
سیپ نے حکومتِ پاکستان، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) اور PIA انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی شفاف انکوائری کریں اور انجینئرز کے پیش کردہ سیفٹی ایشوز کو سنجیدگی سے حل کریں تاکہ مستقبل میں کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انجینئرز کے
پڑھیں:
لاہور سے جدہ جانے والی پی آئی اے پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا، طیارہ کراچی میں اتار لیا گیا
کراچی:لاہور سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 859 کو ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دورانِ پرواز جہاز سے ایک پرندہ ٹکرایا، جس سے طیارے کی ونڈ اسکرین کو شدید نقصان پہنچا اور پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتار لیا۔
پرواز میں 344 مسافر سوار تھے، جن میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین بھی شامل تھے۔ واقعے میں تمام مسافر محفوظ رہے، جنہیں انتظامیہ نے فوری طور پر ہوٹل منتقل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کی مرمت کا کام جاری ہے جس میں تقریباً 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ پرواز کی روانگی آج رات متوقع ہے۔ مرمت مکمل ہونے کے بعد طیارے کو دوبارہ اڑان کے لیے کلیئرنس ملنے پر مسافروں کو روانہ کردیا جائے گا۔