امریکا: حکومتی شٹ ڈاؤن سے فضائی نظام مفلوج، تین دن میں دو ہزار پروازیں منسوخ
اشاعت کی تاریخ: 9th, November 2025 GMT
واشنگٹن: امریکی ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں عملے کی شدید کمی اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی جانب سے 40 بڑے ہوائی اڈوں پر پروازوں میں 4 فیصد کٹوتی کے حکم کے بعد امریکا کا فضائی نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ جمعہ سے اتوار تک دو ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ درجنوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
یہ واقعہ امریکا میں جاری حکومتی شٹ ڈاؤن کے آغاز سے اب تک فضائی سفر میں سب سے بڑا تعطل قرار دیا جا رہا ہے جو ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری ہے، پروازوں میں کمی کا آغاز اس ہفتے 4 فیصد سے ہوا ہے جو 11 نومبر تک 6 فیصد، 13 نومبر تک 8 فیصد اور 14 نومبر تک 10 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔
پروازوں کی منسوخی میں اسکائی ویسٹ، ساوتھ ویسٹ، اور انوائے ایئر سرفہرست رہیں، جبکہ یونائیٹڈ، ڈیلٹا اور امریکن ایئرلائنز کو بھی شدید تاخیر کا سامنا رہا،
امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹیشن شون ڈفی نے خبردار کیا ہے کہ اگر شٹ ڈاؤن ختم نہ ہوا تو پروازوں میں کمی 20 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو تنخواہیں نہیں مل رہیں، اسی لیے وہ مجبوری میں دوسرے کام کرنے لگے ہیں، کوئی ویٹر بن گیا ہے تو کوئی اوبر چلا رہا ہے، نتیجتاً وہ اپنے اصل کام پر نہیں آ پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو مزید کنٹرولرز کام پر نہیں آئیں گے اور ہمیں ایئر اسپیس پر دباؤ کم کرنے کے لیے مزید پروازوں میں کٹوتی کرنا پڑے گی، جو 10 سے بڑھ کر 15 یا 20 فیصد تک جا سکتی ہے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کانگریس سے فوری شٹ ڈاؤن ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئیے حکومت کو دوبارہ کھولیں، سیاست اپنی جگہ رہے لیکن عوام اور مسافروں کو یرغمال نہ بنایا جائے، یہ بحران تاریخ کی طویل ترین بندش بنتا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ یکم اکتوبر سے جاری حکومتی شٹ ڈاؤن کے دوران وفاقی ملازمین، بشمول ایئر ٹریفک کنٹرولرز اور ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن ( ٹی ایس اے) کے اہلکار، تنخواہوں کے بغیر خدمات انجام دے رہے ہیں، جس سے امریکی ہوائی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے۔
.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل پروازوں میں شٹ ڈاؤن رہا ہے
پڑھیں:
ائیر کرافٹ انجینئرز کی ہڑتال، 14 پروازیں منسوخ، تاخیر کا دورانیہ 13 گھنٹے ہوگیا
قومی ائیر لائن کے ائیر کرافٹ انجینئرز کی ہڑتال کے باعث آج بھی 14 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ائیر کرافٹ انجینئرز کی ہڑتال کا آج چوتھا روز ہے جس کے باعث آج کی 14 پروازوں سمیت مجموعی طور پر 39 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ حکام کا بتانا ہے کہ پروازوں کی منسوخی کے ساتھ ساتھ قومی ائیرلائن کی پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ بھی اب 13 گھنٹے تک چلاگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی، ملتان، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد اور لاہور سے جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کہ تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر قومی ائیرلائن کے ائیرکرافٹ انجینئرز احتجاج کررہے ہیں جب کہ گزشتہ روز سوسائٹی آف ائیرکرافٹ کے صدر اور سیکرٹری کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا تھا۔