بانی پی ٹی آئی سے آج کسی رہنما و فیملی ممبر کی ملاقات نہ ہوسکی
اشاعت کی تاریخ: 11th, November 2025 GMT
فائل فوٹو
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کسی رہنما یا فیملی ممبر کی ملاقات نہ ہوسکی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجا، نعیم حیدر پنجوتھا سمیت تمام رہنما بانی چیئرمین سے ملاقات کے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئے۔
بانی چیئرمین کی تینوں ہمشیرہ علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئیں۔
دوسری طرف راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لیے گئے تمام کارکنوں کو چھوڑ دیا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر سیکریٹری داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری
— فائل فوٹواسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر سیکریٹری داخلہ، جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔
عدالت میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے وکیل سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ آپ کے تحریری حکم کے باوجود آخری منگل کو ملاقات نہیں کروائی گئی، ایس ایچ او نے آپ کا حکم مانا ہی نہیں۔
اُنہوں نے عدالت سے اپیل کی کہ آج ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ساتھ بھجوا دیں۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ کسی کو ساتھ نہیں بھیج سکتے، نوٹس جاری کرتے ہیں، قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
سلمان اکرم راجا نے یہ استدعا بھی کی کہ عدالت اگلی سماعت کی تاریخ دے دے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ کو ایکس کیس سے پہلے کی تاریخ مل جائے گی جس پر سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ وہ کیس تو دسمبر میں ہے، آج ملاقات کا دن ہے، عدالت ملاقات کی اجازت تو دے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کیا اور سوال کیا کہ ’اے جی صاحب ہمارے حکم کے بعد ان کی ملاقات کیوں نہیں ہوئی؟‘
جس پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ’ہم نے آگے بتا دیا تھا، میں متعلقہ حکام کو آج پھر آگاہ کر دوں گا۔‘
جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ سلمان اکرم راجا ملاقات نہ کرسکے تو وہ کیس میں معاونت کیسےکریں گے؟
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو سلمان اکرم راجا کی جیل ملاقات کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی اور توہین عدالت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔