کراچی کی خواتین کے لیے خوش خبری؛ بڑی سہولت کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 15th, November 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں رہنے والی خواتین کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے خوشی کی خبر ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں پنک بس سروس کے نئے روٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ یہ نیا روٹ 17 نومبر 2025ء سے شروع ہوگا، جو عبداللہ چوک سے نمائش تک ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں یہ سروس 3 مخصوص اوقات میں دستیاب ہوگی، جن میں صبح 8 سے 9 بجے، دوپہر 1 سے 2 بجے اور شام 5 سے 7 بجے تک خواتین سفر کر سکیں گی۔ صرف خواتین کے لیے مخصوص سروس میں سفر کے دوران آرام، تحفظ اور بہتر انتظامات کو ترجیح دی جائے گی۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں خواتین کو روزانہ سفر کے دوران جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ سروس ان کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد دے گی۔ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ خواتین اعتماد کے ساتھ اپنے تعلیمی، ملازمت اور ذاتی معاملات نمٹا سکیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بسوں میں سیکورٹی، ٹریکنگ سسٹم اور تربیت یافتہ عملے کی سہولت موجود ہوگی، مستقبل میں اس سروس کو دیگر علاقوں تک بڑھانے کا بھی منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام خواتین کے لیے محفوظ شہری ماحول کی طرف ایک بامعنی قدم ہے، سندھ حکومت آئندہ بھی خواتین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرتی رہے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خواتین کے لیے
پڑھیں:
کوئٹہ: سرکاری دستاویزات میں شہریوں کو غیرقانونی سہولت دینے والے 14 ایجنٹ گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں مختلف وفاقی اداروں کے مبینہ ایجنٹس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے بلوچستان بہرام مندوخیل کے مطابق کارروائی کے دوران نادرا، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاسپورٹ آفس اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق مبینہ ایجنٹس کو حراست میں لیا گیا ہے، جو شہریوں کو مختلف سرکاری امور میں غیر قانونی سہولت کاری فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر برتھ سرٹیفکیٹس، قومی شناختی کارڈز، پاسپورٹس اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے غیر قانونی طریقے سے سہولت فراہم کرتے اور شہریوں سے رقوم وصول کرتے تھے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں ان کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔
بہرام مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں میں بدعنوانی، جعلسازی اور غیر قانونی سہولت کاری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی اور قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔