ساہیوال: سفاکیت کی انتہا؛ رقم لینے کےلیے آئی پولیس ملازم کی بیوہ کو پیڑول چھڑک کر زندہ جلادیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, November 2025 GMT
پنجاب کے ضلع ساہیوال میں زمین کے ٹھیکے کی رقم لینے کےلیے گھر آنے والی پولیس ملازم کی بیوہ کو پیڑول چھڑک کر زندہ جلادیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 2 روز قبل نواحی گاؤں 70 فور آر میں پولیس ملازم کی بیوہ کو پیڑول چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس ملازم کی بیوہ جنت بی بی 2 روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق جنت بی بی اپنی زمین کا ٹھیکہ لینے حق نواز کے گھر گئی، جھگڑے کے بعد حق نواز، عمر اور ایک خاتون نے آگ لگائی۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش ہر پہلو سے کر رہے ہیں، جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
پولیس نورشاہ نے ایک خاتون سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
برطانیہ میں بہروپئے نے انتہا کردی! ایڈمرل بن کر فوجی تقریب میں شرکت
برطانیہ میں ایک شخص نے جعلی ایڈمرل بن کر جنگ عظیم کے فوجیوں کی یاد میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی، نہ صرف سلامی دی بلکہ جنگی یادگار پر پھول بھی چڑھا دیے، جس پر رائل نیوی نے اسے سابق فوجیوں کی توہین قرار دیا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق برطانیہ میں ایک بہروپئے نے فوجی تقریب میں ایسا دھوکا دیا کہ سب حیران رہ گئے۔ شخص نے خود کو ریئر ایڈمرل ظاہر کرتے ہوئے شمالی ویلز کے شہر لینڈڈنو میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور دوسری جنگِ عظیم میں خدمات انجام دینے والے فوجیوں کی یادگار پر پھول چڑھائے۔
تقریب کے دوران وہ یادگار کے سامنے باقاعدہ فوجی انداز میں سلامی دیتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اس نے ریئر ایڈمرل کی وردی پہن رکھی تھی جس پر بارہ تمغے سجے ہوئے تھے، جنہیں بعد میں جعلی سمجھا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ شخص اس سے قبل بھی مختلف یادگاری تقریبات میں اسی طرح شریک ہوتا رہا ہے۔
رائل نیوی نے اس عمل کو ’’سابق فوجیوں کی توہین‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ طور پر 1894 کے یونیفارمز ایکٹ کے تحت جرم بھی ہوسکتا ہے، جس کے تحت فوجی وردی یا عہدے کی جعلی نمائندگی قابلِ سزا فعل ہے۔
واقعے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس اور متعلقہ اداروں نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔