اسپین؛ کیتھولک چرچ کے بشپ بچے کیساتھ بدفعلی کے الزام پر مستعفی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, November 2025 GMT
ویٹی کن نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ پوپ لیو نے اسپین کے کیتھولک بشپ رافیل زورنوزا کا استعفیٰ قبول کر لیا.
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے کیتھولک بشپ پر ایک مبینہ جنسی زیادتی کے معاملے میں تفتیش چل رہی تھی۔
اس کیس کی تفتیش میڈرڈ میں ویٹی کن کے سفارت خانے میں قائم چرچ کے خصوصی ٹریبونل کے ذریعے کی جا رہی ہے۔
اُن پر الزام تھا کہ انھوں نے 1990 کی دہائی میں ایک نوعمر لڑکے کے ساتھ بدفعلی کی تھی تاہم وہ ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
رافیل زورنوزا 2011 سے اسپین کے جنوبی ساحلی علاقے ڈایوسِس آف کادیز و سَیوٹا کی سربراہی کر رہے تھے۔
وہ اسپین کے پہلے کیتھولک بشپ ہیں جن کے خلاف کسی ایسے الزام پر ویٹی کن کی جانب سے سرکاری سطح پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
ویٹی کن کی جاری کردہ مختصر پریس ریلیز میں صرف یہ بتایا گیا کہ پوپ لیو نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے تاہم بیان میں الزامات کا ذکر نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ زورنوزا کی عمر 76 برس ہے جو کیتھولک بشپس کی روایتی ریٹائرمنٹ عمر 75 سال سے ایک سال زیادہ ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کیتھولک بشپ اسپین کے ویٹی کن
پڑھیں:
شردھا کپور کے بھائی سدھانت کپور 252 کروڑ کے ڈرگ کیس میں طلب
اداکارہ شردھا کپور کے بھائی اور معروف اداکار سدھانت کپور کو ممبئی پولیس کی اینٹی نارکوٹکس سیل (ANC) نے 252 کروڑ روپے کے مبینہ ڈرگ کیس میں طلب کر لیا۔
کیس کا تعلق ایک ایسے ڈرگ سنڈیکیٹ سے جوڑا جا رہا ہے جسے داؤد ابراہیم کے نیٹ ورک سے منسلک بتایا جا رہا ہے۔ اس پیش رفت نے فلم انڈسٹری میں ہلچل مچا دی ہے اور کئی نامور شخصیات اب تفتیش کی زد میں آ گئی ہیں۔
سرکاری حکام کے مطابق سدھانت کپور کو 25 نومبر کو تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا ہےجبکہ ان کے مبینہ تعلقات اُن ڈرگ پارٹیوں سے جوڑے جا رہے ہیں جو مبینہ طور پر ہائی پروفائل شخصیات کے لیے منعقد کی جاتی تھیں۔ ایک گرفتار ڈرگ اسمگلر نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ ایسی لگژری پارٹیاں ارینج کرتا رہا ہے جن میں متعدد فلمی شخصیات بھی شریک ہوتی تھیں۔
سدھانت کپور، جو شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا اور اگلی جیسی فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں، اب تیزی سے پھیلتی ہوئی تفتیش کے مرکز میں ہیں۔ یہ تحقیقات فروری 2024 میں ایک معمولی ڈرگ برآمدگی سے شروع ہوئیں لیکن بعدازاں ایک بڑے جرائم پیشہ نیٹ ورک کا انکشاف ہوا۔
تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد کے مطابق یہ سنڈیکیٹ مبینہ طور پر سلیم ڈولا نامی شخص چلا رہا تھا، جو داؤد ابراہیم کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔ کیس میں اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب دبئی میں محمد سلیم محمد سہیل شیخ کو گرفتار کیا گیا۔ شیخ اس کیس میں 15ویں گرفتاری ہے اور ڈرگ ڈسٹری بیوشن چین کا بنیادی رکن سمجھا جا رہا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق شیخ نے دورانِ انٹروگیشن بتایا کہ یہ پارٹیاں ڈرگ پیسے سے فنڈ کی جاتی تھیں اور ان کا مقصد ڈرگ نیٹ ورک کو وسعت دینا تھا۔ وہ ڈرگ سپلائرز کی بھرتی، منشیات کی خریداری اور ہائی پروفائل کلائنٹس تک ڈائریکٹ سپلائی کا ذمہ دار بھی تھا۔
تحقیقات کے دائرے میں مزید بولی ووڈ شخصیات کے آنے کا امکان ہے۔ ممبئی کرائم برانچ اب ای ڈی کے ساتھ مل کر منی لانڈرنگ کے پہلوؤں، مالی لین دین اور نیٹ ورک کے روابط کی چھان بین کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق جن افراد کے نام سامنے آئے ہیں ان کے تفصیلی بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
جوں جوں کیس آگے بڑھ رہا ہے، سنڈیکیٹ کے مزید پرت کھلنے کی توقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کے اثرات بولی ووڈ سمیت کئی حلقوں تک دور رس ثابت ہو سکتے ہیں۔
سدھانت کپور اس وقت کڑی نگرانی میں ہیں جبکہ تفتیش کار آئندہ مرحلے کی پوچھ گچھ کی تیاری میں مصروف ہیں جو ممکنہ طور پر 252 کروڑ روپے کے اس بڑے کیس میں اگلی بڑی پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔