ایک ہی گھر کے 13 افراد قتل کرنیوالے مجرم کو 80 ہزار لوگوں کے سامنے سزائے موت دے دی گئی
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
افغانستان کے صوبہ خوست میں ایک ہی گھر کے 13 افراد قتل کرنے والے مجرم کو اسٹیڈیم میں 80 ہزار لوگوں کے سامنے سزائے موت دے دی گئی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق خوست کے اسٹیڈیم میں یہ سزا اس وقت دی گئی جب اسٹیڈیم لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ مجرم نے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 13 افراد کو قتل کیا تھا جس کے باعث علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا تھا۔
طالبان انتظامیہ نے مقتولین کے لواحقین کی درخواست پر 13 سالہ لڑکے سے فائرنگ کروا کر قاتل کو انجام تک پہنچایا۔ طالبان کی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ لواحقین نے قاتل کو معاف کرنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد اسلامی قانون کے مطابق اسے سزائے موت دی گئی۔
اقوام متحدہ نے اس واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح سرعام سزائے موت دینا غیر انسانی، ظالمانہ اور عالمی قوانین کے منافی عمل ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک افغانستان میں 11 افراد کو سرعام سزائے موت دی جا چکی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سزائے موت
پڑھیں:
گٹر میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے پر کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی
گلشن اقبال کے علاقے میں گٹر میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے پر کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی۔
نیپا چورنگی کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کے گٹر کے میں گرنے کے واقعے پر کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے تحقیقاتی رپورٹ سیکریٹری محکمہ بلدیات کو ارسال کردی۔
سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت کی رپورٹ کے متن کے مطابق میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ معائنے میں ثابت ہوا کہ حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں۔
تحقیقاتی رپورٹ کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی کھدائی نے نالے کے پورے نکاسی کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ عارضی 2 فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہوم کھلا رہنے سے سانحہ ہوا۔ یہ طریقہ کار اور غیرمعیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے۔ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ بھی نہیں کیا۔
کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتحال کو نظرانداز کیا۔ نجی ڈیپارٹمنٹل اسٹور کی انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گرا۔
رپورٹ کے مطابق افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیے گئے ہیں۔