یوکرین کا زیپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ ایک اور بڑے حادثے سے محفوظ رہا
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
روس کے زیرِ قبضہ یوکرین کے زیپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ ایک بار پھر خطرناک صورتحال سے بال بال بچ گیا، جہاں جاری روس یوکرین جنگ کے باعث بجلی کی فراہمی اچانک منقطع ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق بجلی بند ہونے کے بعد پلانٹ کا کولنگ سسٹم رات بھر ایمرجنسی جنریٹرز کے ذریعے چلتا رہا، جس سے کسی بڑے ایٹمی حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے تصدیق کی ہے کہ بعد ازاں پاور پلانٹ کو دوبارہ بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔
آئی اے ای اے کے مطابق روس یوکرین جنگ کے دوران اب تک بارہ مرتبہ اس ایٹمی تنصیب کی بجلی منقطع ہو چکی ہے، جو ایک تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی موقع پر ایمرجنسی پاور سسٹم بھی ناکام ہو گیا تو ایک سنگین ایٹمی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔
عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے روس اور یوکرین دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایٹمی تنصیبات کے اطراف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی سے گریز کریں تاکہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کو ممکنہ تباہ کن نتائج سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
چیئرمین واپڈا سے فرانسیسی مالیاتی ادارے اے ایف ڈی وفد کی ملاقات
اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید (ریٹائرڈ) سے فرانسیسی مالیاتی ادارے اے ایف ڈی کے 6 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ڈائریکٹر ایشیا سیرل بلیئر کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران اے ایف ڈی کی معاونت سے واپڈا کے زیرتعمیر پن بجلی منصوبوں کے مالی معاملات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اے ایف ڈی واپڈاکے 5 زیرتعمیر پن بجلی منصوبوں کیلئے 351 اعشاریہ 5 ملین یورو قرض فراہم کر رہا ہے، جن میں منگلا ریفربشمنٹ پراجیکٹ، وارسک ہائیڈل پاور سٹیشن کا دوسرا بحالی منصوبہ، ہارپو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کی صلاحیت میں اضافہ جیسے منصوبے شامل ہیں۔ مذکورہ قرض کے علاوہ اے ایف ڈی درگئی اور چترال ہائیڈل پاور سٹیشن کیلئے 2 لاکھ یورو کی گرانٹ بھی فراہم کر رہا ہے۔ چیئرمین واپڈا نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں سستی اور ماحول دوست پن بجلی پیدا کرنے میں واپڈا کی معاونت پر اے ایف ڈی کا شکریہ ادا کیا۔ واپڈا اور اے ایف ڈی کی دیرینہ شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یہ باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا۔ اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر ایشیا نے پاکستان کے نیشنل گرڈ میں کم لاگت‘ گرین اور کلین انرجی کے اضافہ میں واپڈا کے کردار کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ اے ایف ڈی واپڈا منصوبوں کی تعمیر میں مالی معاونت جاری رکھے گا۔