ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا، جس کے قبضے سے 2 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔ اسلام ٹائمز۔ اندرون سندھ کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے سکھر زون نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ملزم غلام محمد کو شہداد کوٹ سے گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا، جس کے قبضے سے 2 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا، جس پر اسے گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش کے دوران ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: حوالہ ہنڈی ایف آئی اے میں ملوث
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔