کراچی: ناظم آباد میں قادری ہاؤس پر پولیس کا چھاپہ، بھتہ خوری میں ملوث متعدد افراد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 14th, December 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
کراچی کے علاقے ناظم آباد میں قادری ہاؤس پر ایس آئی یو پولیس کی کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہفتے کی رات ناظم آباد میں واقع قادری ہاؤس پر چھاپہ بھتہ خوری اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مارا گیا۔ کارروائی کے دوران 12 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ساتھ گولیوں کے میگزین بھی برآمد کیے گئے۔
ایس آئی یو کے مطابق یہ کارروائی جمشید کوارٹرز میں بھتہ خوری اور فائرنگ کے مقدمات میں گرفتار ملزم ریحان کی نشاندہی پر کی گئی۔ چھاپے کے دوران جواد قادری عرف خواجہ، شاہزیب ملا سمیت کئی افراد کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب سنی تحریک کے ترجمان نے بتایا کہ ثروت اعجاز قادری کو بھی کچھ وقت کے لیے حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں رہا کر دیا گیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق گرفتار ملزمان مذہبی جماعت کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے بھتہ وصولی میں ملوث تھے، اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی؛ ساؤتھ پولیس کی کارروائی، متعدد گاڑیوں کے ٹینٹڈ شیشے اتارے گئے، 8 سیکیورٹی گارڈ گرفتار
کراچی:ضلع ساؤتھ پولیس کی جانب سے اسلحہ کی نمائش، بغیر نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کی خصوصی ہدایات پر پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کے دوران پورے ضلع میں جگہ جگہ ناکے لگا کر گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
ڈی ایس پی ڈیفنس ندا جنید کی زیرِ نگرانی تھانہ ڈیفنس کی حدود میں ناکہ بندی کی گئی جہاں بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں، کالے شیشوں اور اسلحہ کی کھلی نمائش کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
کارروائی کے دوران 20 سے زائد گاڑیوں سے ٹنٹڈ شیشے اتارے گئے جبکہ 8 سے زائد سیکیورٹی گارڈز کو یونیفارم کوڈ کی خلاف ورزی اور اسلحہ کی نمائش پر حراست میں لیا گیا جن کے خلاف چار الگ الگ ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس شہریوں کو قانون کی پاسداری کی ہدایت کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔