چینی وزیرخارجہ وانگ ای کی مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
سی پی سی سینٹرول کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای افریقہ کے دورے سے ملک واپسی پر مالدیپ میں رکے اور مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے دوستانہ ملاقات کی۔
اس موقع پر محمد معیزو نے کہا کہ مالدیپ ہمیشہ چین کا قریبی شراکت دار بننے، اپنی روایتی دوستی کو مستحکم کرنے، مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کی زیادہ سے زیادہ ترقی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ مالدیپ بین الاقوامی اور علاقائی امور میں چین کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور مشترکہ طور پر بین الاقوامی انصاف کو برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین۔ مالدیپ تعاون نے چھوٹے بڑے ممالک کے درمیان باہمی احترام، مساوات اور مشترکہ ترقی کی مثال قائم کی ہے۔ چین ہمیشہ کی طرح مالدیپ کی قومی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ اور فعال طور پر اس کے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ تلاش کرنے میں حمایت کرے گا۔ چین مالدیپ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تاکہ تین گلوبل انیشی ایٹوز کو نافذ کیا جا سکے، منصفانہ اور معقول عالمی حکمرانی کے نظام کی تعمیر کو فروغ دیا جا سکے اور مشترکہ طور پر بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کی جا سکے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
مالدیپ کے سپیکر کی سربراہی میں وفد کی ایاز صادق سے ملاقات
اسلام آباد (خبر نگار) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مالدیپ کی پارلیمان عوامی مجلس کے سپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہائوس آمد پر اپنے مالدیپی ہم منصب اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں سپیکرز نے دوطرفہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے پارلیمانی تعاون کو مزید بڑھانے اور عوامی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری خطے میں امن و ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کیے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر ان تنازعات کے منصفانہ حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی حالیہ سفارتی اور عسکری کامیابی پوری قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اسرائیلی عزائم کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے مسلم امہ کو اسرائیلی جارحیت کا موثر طور پر جواب دینے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاک مالدیپ گروپ کی کنوینئر محترمہ شائستہ خان بھی موجود تھیں۔ بعد ازاں مالدیپ کے سپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے قومی اسمبلی کے ہال آف آنر میں مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے اور وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی ہال کا دورہ کیا۔