پی ٹی آئی سے مذاکرات کیوں؟
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
عام حالات میں تو مذاکرات کو سیاسی نظام کے استحکام اور روانی کے لیے ضروری خیال کیا جاتا ہے۔ ہمارے ہاں بھی پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے کامیاب مذکرات اور اس کے نتیجہ میںمیثاق جمہوریت کے دستخط ہونے کے ثمرات آج بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں ، لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات ، وہ بھی اس وقت، نہ تو سمجھ میں آنے والی بات ہے اور نہ ہی ان سے کوئی خاص امید رکھی جانی چاہے۔
اگرچہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات کو بعض تجزیہ کار اور سیاسی پنڈت ایک خوش آئند قدم قرار دے رہے ہیں لیکن جو لوگ مسٹر عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے رویوں اور سوچ سے اچھی طرح آگاہ ہیں کم از کم وہ تو پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اول تو اس قسم کے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات ہی کافی کم ہیں اور اگر کسی طور یہ کامیاب ہو بھی جائیں تو اس کے اثرات دیر پا نہیں ہوں گے۔
پاکستان کی سیاست کا عمومی جائزہ لیا جائے تو محسوس ہوتا ہے کہ اس میں کرپشن ، بڑھک بازی اور ہلڑ بازی کی گنجائش کافی زیادہ ہے اور بدقسمتی سے اسی قسم کی سرگرمیوں میں ملوث کردار ہی سیاست کے میدان میں زیادہ کامیاب نظر آتے ہیں۔
سیاسی پارٹیوںکا مذکورہ بالا سرگرمیوں میں کردار کوئی ڈھکی چھپی بات تو نہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ گزشتہ چند سال میں پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن، بے ایمانی، جھوٹ اور یو ٹرن کے ساتھ ساتھ ریاست کے ساتھ دشمنی نبھانے کا جو سلسلہ قائم کیا ہے اس کی پہلے کوئی مثال موجود نہ تھی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گزشتہ کچھ برس سے پاکستان میں، خاص طور پر 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے حوالہ سے، سیاسی ہنگامہ خیزی کا مرکز رہی ہے۔ یہ تاریخیں ملک کے سیاسی اور سماجی تانے بانے میں پی ٹی آئی کے کردار کے بارے میں تاثر کو تشکیل دینے میں اہم ہیں۔نو مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد بڑے پیمانے پر تشدد، توڑ پھوڑ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے واقعات رونما ہوئے۔ مظاہرین نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) اور لاہور اور پشاور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہوں سمیت ریاستی طاقت کی علامتوں کو نشانہ بنایا۔
اس دن ہونے والی لاقانونیت کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی، حتیٰ کہ ناقدین نے پی ٹی آئی کی قیادت پر ریاست کی سالمیت پر حملے کے لیے اکسانے والوں کا لیبل تک لگا دیا۔
ہمیں یاد ہے کہ یہی سیاسی جماعت سال 2014 میں صرف اور صرف اقتدار کے حصول کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے دھرنا کے نام پر 126 دن تک وفاقی دالحکومت کو مفلوج بنا کر بیٹھی رہی تھی۔ اس کے علاوہ یہی جماعت ایک کامیاب تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے نکالے جانے کے بعد متعدد بار اسلام آباد پر یلغار کرنے اور اسے مفلوج بنانے کی ناکام کوششیں بھی کر چکی ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ ملک کی اقتصادی صورتحال کو نقصان پہنچانے کے لیے بین الاقوامی ادروں کو خط لکھنا اور سول نافرمانی کی کالیں دینا بھی اسی سیاسی پارٹی کا خاصہ رہا ہے ۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ چونکہ پی ٹی آئی جھوٹ اور یو ٹرن کی چیمپین بھی گردانی جاتی ہے اسی وجہ سے انہوں پہلے تو اپنے کارکنان کو ورغلانے اور بھڑکانے کے بعد ریاستی اداروں پر حملے کروائے اور پھر ریاستی اداروں کے حرکت میں آنے کے بعد ان بلوائیوں سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اعلان بھی کر ڈالا۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کے ہتھکنڈے پاکستان کے سیاسی کلچر میں ایک خطرناک نظیر کی عکاسی کرتے ہیں۔
ٖغرض ایک بات تو طے ہے کہ ریاست کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں پی ٹی آئی کسی بھی سطح تک جا سکتی ہے۔ یہ بھی کوئی ماننے والی بات نہیں کہ پاکستان کے ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں کہ اس قسم کی صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول نہ کر سکیں، تو پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اب تک انہیں کھلی چھٹی کیوں ملی ہوئی ہے؟
اس کی دو بنیادی اور موٹی وجوہات سمجھ میں آتی ہیں پہلی یہ کہ اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث کرداروں نے تحفظ کے لیے اپنے اوپر ایک سیاسی جماعت کی چھتری تانی ہوئی ہے اور جب بھی ریاستی سطح پر ان کے خلاف کوئی ایکشن ہونے لگتا ہے ہے تو ان کا پراپیگنڈہ سیل اسے سیاسی استحصال کا رنگ دے کا بچت کا کوئی پہلو نکال لیتا ہے ۔ اس وقت بھی ریاستی اداروں پر حملے کرنے ، انہیں نقصان پہنچانے اور سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈا کرنے کے الزامات کے تحت گرفتار افراد کو سیاسی قیدی بنانے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔
دوسری وجہ بین الاقوامی پراپیگنڈا ہے جس کا ٹھیکہ وسیع فنڈز کے عوض بڑی بڑی لابسٹ فرموں کو دیا گیا ہے جو یورپ، برطانیہ اور امریکہ جیسے ممالک میں میڈیا اور سیاسی حلقوں کے ذریعے یہ تاثر قائم کرنے کی کوششیں کرتی ہیں کہ اگر ان ہلڑ بازوں اور تخریب کاروں کے خلاف کوئی کاروائی ہوئی تو وہ بہت بڑا ظلم، ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی۔
شائد یہ اسی پراپیگنڈا اور بین الاقوامی پریشر کا اثر ہے کہ حکومت اور ریاست آج پی ٹی آئی سے مذاکرات پر مجبور ہیں اور انہیں مختلف حیلے بہانوں سے ریلیف دینے پر بھی غور ہو رہا ہے۔ اگر ریاستی اداروں پر حملے کرنا اور انہیں نقصان پہنچانا اور ڈیوٹی پر موجود سرکاری اہلکاروں کو شہید کرنا قابل معافی جرم قرار پا گیا ہے اور اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد سے مذاکرات بھی ہونے لگے ہیں اور انہیں ریلیف بھی دیا جا نے لگا ہے تو کیا یہ سمجھ لینا چاہیے کہ کل اسی قسم کی سہولت پاکستانی طالبان اور فتنہ الخوارج جیسے کرداروں کو بھی حاصل ہو گی؟
سانحہ نو مئی اور 26نومبر کے ذمہ داروں کے خلاف ریاست کے ایک مستحکم رویہ سے ریاست کی مضبوطی کا جو تاثر ابھرا تھاحکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات اور ریاست پر حملہ آور ہونے والوں کے لیے لچکدار رویہ کی وجہ سے شائد وہ ضائع ہونے کو ہے۔
اگر حکومت میں شامل جماعتیں بالخصوص پاکستان مسلم لیگ (نواز) یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی سیاسی ساکھ کو داو پر لگا کر ملک کو درپیش بدترین معاشی مشکلات کے دوران حکومت سنبھالی تھی تو میرا خیال ہے کہ انہیں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور انہیں کسی بھی قسم کا ریلیف دینے سے انکار کر کے اس قسم کی قربانی ایک مرتبہ پھر سے دینی چاہیے تھی۔
.ذریعہ: Nai Baat
کلیدی لفظ: پاکستان تحریک انصاف ریاستی اداروں پی ٹی ا ئی کے سے مذاکرات کے واقعات اور انہیں پر حملے کے ساتھ ہے اور کے لیے کے بعد قسم کی ہیں کہ
پڑھیں:
پاک افغان مذاکرات: افغان ہٹ دھرمی نئے تصادم کا باعث بن سکتی ہے
سابق چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور
25 اکتوبر کو استنبول میں شروع ہونے والے پاک افغان مزاکرات طالبان کی طرف سے اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے کی تحریری ضمانت نہ دینے اور غیر زمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر 28 اکتوبر کی رات کو بے نتیجہ ختم ہو گئے تھے۔ تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ اب میزبان ملک ترکیہ کی درخواست پر دو دن بعد پاکستان نے امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور 30 اکتوبر کو مزاکرات کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق طالبان اپنے رویئے میں لچک دکھانے کی حامی بھری ہے اس لئے اس بار دوست ممالک کی مداخلت کے باعث بہتر نتائج کی توقع کی جاسکتی ہے۔تاہم مزاکرات کے اس تیسرے سیشن کے نتائج کا کچھ دن تک انتظار کرنا پڑے گا۔
اس سے قبل پاکستان نے استنبول میں جاری پاک افغان مذاکرات کی ناکامی کا باقاعدہ اعلان کردیا تھا۔ یاد رہے کہ پاک افغان سرحدی جھڑپوں کے بعد 19 اکتوبر کو ہونے والی عارضی جنگ بندی کے نتیجے میں قطر دوحہ میں پاک افغان مذاکرات کا آغاز ہوا تھا۔ جس میں قطر اور ترکیہ نے ثالث کے طور پر کردار ادا کیا۔ ان مزاکرات کے نتیجے میں مستقل جنگ بندی پر اتفاق کرتے ہوئے جنگ بندی اور دیگر امور کا مکینیزم طے کرنے کیلئے 25 اکتوبر کو استنبول میں مزاکرات کی اگلی نشست منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
استنبول میں تین روز جاری رہنے والے ان مزاکرات کے دوران طویل نشتیں ہوئیں جس میں افغانستان کے وفد کی ہٹ دھرمی کے باعث کئی بار مزاکرات کے بلا نتیجہ خاتمے کی صورت حال پیدا ہوئی۔ لیکن میزبان ترکیہ کی درخواست پر پاکستان مذاکرات کو مزید وقت دینے پر تیار ہوتا رہا لیکن بالآخر 28 اکتوبر کی رات یہ مزاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔تاہم اسی دوران تہران میں ECO وزراء کی کانفرنس میں پاکستانی اور افغان وزیر داخلہ کی سائیڈ لائین ملاقات ہوئی ہے جس میں محسن نقوی نے اپنے ہم منصب کو باہمی اختلافات کو مزاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔اسی دوران ایران کے صدر نے بھی ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
استنبول مذاکرات کی ناکامی کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگی معیشت پر پروان چڑھنے والی طالبان حکومت افغان عوام کو غیر ضروری جنگ میں گھسیٹنا چاہتی ہے۔
رواں ماہ ہونے والی سرحدی جھڑپوں کے بعد استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا عمل 25 اکتوبر سے ہوا تھا جس کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے بعض تجاویز پیش کی گئی تھیں جن پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے ان مذاکرات کے خاتمے کے بعد تاحال کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔منگل کو رات گئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا قطر کے بعد استنبول میں ہونے والی بات چیت میں بھی کوئی قابل حل عمل نہیں نکل سکا۔
پاکستان اور افغانستان کے مابین شدید سرحدی جھڑپوں کے بعد دونوں ممالک نے عارضی طور جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا اور پھر مذاکرات کے پہلا دور قطر میں ہوا تھا جس میں دونوں ممالک نے جنگ بندی توسیع اور دیرپا امن کے قیام کے لیے استنبول میں دوسرے مرحلے کے مذاکرات کا اعلان کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ استنبول مذاکرات میں ایک نکاتی ایجنڈے یعنی افغان طالبان حکومت کی طرف سے افغان سرزمین کو تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی جیسی شدت پسند تنظیموں کی طرف سے تربیت گاہ کے طور پر استعمال کرنے سے روکنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے معاملے پر بات کی گئی۔
پاکستانی وزیر اطلاعات کے مطابق مذاکرات کے دوسرے دور میں افغان طالبان کے وفد نے شدت پسند تنظیموں اور دہشت گردوں کے خلاف قابل اعتماد اور فیصلہ کن کارروائی کے لیے پاکستان کے منطقی اور جائز مطالبے سے بارہا اتفاق کیا۔لیکن کابل میں قیادت سے رابطے کے بعد وہ اس موقف سے منحرف ہوتے رہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان کی جانب سے اس بارے میں ناقابل تردید شواہد بھی فراہم کیے گئے جن کا اعتراف افغان طالبان اور مذاکرات کروانے والے میزبان ممالک نے کیا تاہم افغان فریق نے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی اور وہ اس بنیادی مسئلے سے انحراف کرتا رہا جس پر بات چیت کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ عطا تارڑ نے افغان طالبان پر ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے الزام تراشی، ٹال مٹول اور چالبازی کا سہارا لینے کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ اس وجہ سے بات چیت کوئی قابل عمل حل نکالنے میں ناکام رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ چار سال تک بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان برداشت کرنے کے بعد پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور عوام کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اس لیے پاکستان اپنے عوام کو دہشت گردی کی لعنت سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتا رہے گا اور دہشت گردوں، ان کی پناہ گاہوں، ان کے سرپرستوں اور معاونین کو ختم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی نے سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستانی وفد نے مذاکرات کے دوران افغان طالبان کو اپناحتمی مؤقف پیش کیا تھا۔ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ افغان طالبان کی طرف سے کی جانے والی دہشت گردوں کی سرپرستی نامنظور ہے۔ پاکستانی وفد نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس سرپرستی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور یقینی اقدامات کرنے پڑیں گے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے سرکاری خبر رساں ادارے کو مزید بتایا کہ مذاکراتی عمل کے دوران طالبان کے دلائل غیر منطقی اور زمینی حقائق سے ہٹ کر رہے۔ نظر آ رہا ہے کہ طالبان کسی اور ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ یہ ایجنڈا افغانستان، پاکستان اور خطے کے استحکام کے مفاد میں نہیں ہے اور مستقبل میں مذاکرات افغان طالبان کے مثبت رویے پر منحصر ہے۔
ادھر بی بی سی پشتو کے مطابق افغان طالبان کی تجاویز میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ افغانستان کی زمینی اور فضائی حدود کی خلاف ورزی نہ کی جائے اور امریکہ سمیت کوئی بھی گروہ یا دشمن قوت افغانستان کے خلاف پاکستان کی سرزمین استعمال نہ کرے۔
افغان طالبان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے وفد نے جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد کے لیے میکینزم یعنی طریقہ کار وضع کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ مذاکراتی عمل کے دوران افغان طالبان کا موقف رہا کہ پاکستان میں ہونے والی شدت پسندی کی کارروائیاں پاکستان کے اندر ہو رہی ہیں تو اسے کیسے قصوروار ٹھہرایا جا سکتا ہے جبکہ پاکستان کا مؤقف تھا کہ یہ شدت پسند افغانستان سے آتے ہیں۔جس کے ثبوت افغان وفد اور میزبان ممالک کے سامنے رکھے گئے۔میزبان ممالک نے پاکستان کے اس موقف کی تائید بھی کی۔
معلوم ہوا ہے کہ استنبول مذاکرات کے دوران پاکستان کی طرف سے جو حل پیش کیے گئے وہ افغان طالبان کے لیے قابل قبول نہیں تھے کیونکہ بقول ان کے یہ ان کے نظریات کے خلاف تھے۔ افغان طالبان کا موقف تھا کہ وہ ڈیورینڈ لائن کو بین الاقوامی سرحد ہی نہیں سمجھتے تو اگر وہ اسے تسلیم کرلیتے ہیں تو انھیں مقامی سطح پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ جبکہ پاکستان نے اپنا موقف پیش کیا کہ آئندہ جب بھی افغان زمین سے پاکستان پر کوئی حملہ ہو گا تو اس کا جواب دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بیان میں یہاں تک کہا تھا کہ اگر مذاکرات سے معاملات حل نہیں ہوتے تو افغانستان کے ساتھ کھلی جنگ ہوگی۔انہوں نے کہا مجھے دوحہ میں ہونے والی مزاکرات کی پہلی نشست میں ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ افغان وفد کے پاس فیصلہ کرنے کا کوئی اختیار نہیں اور افغان طالبان قیادت بھارت کے اشاروں پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے مزاکرات کے نتیجہ کی امید نہیں تھی۔
دوسری جانب طالبان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے گزشتہ دنوں سرکاری نشریاتی ادارے کو جاری کیے گئے اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ افغانستان بات چیت کے حق میں ہے تاہم اگر افغانستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی گئی تو جواب دیا جائے گا۔
افغان عوام حق دفاع رکھتے ہے۔ دوسری طرف پاکستان کے مطابق ان مذاکرات کی کامیابی اس یقین دہانی پر منحصر تھی کہ افغانستان سے شدت پسندوں کی دراندازی کو روکا جائے اور ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کی حمایت ختم کی جائے۔ پاکستان نے افغان طالبان کو واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ تھا کہ وہ بتائیں کہ آیا وہ پاکستان کے ساتھ ہیں یا ٹی ٹی پی کے ساتھ۔ پاکستان کا گذشتہ کئی برسوں سے افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت سے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف کارروائی کا مطالبہ رہا ہے۔
دیکھا جائے تو پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے یہ بیان کہ مذاکرات سے معاملات حل نہیں ہوتے تو افغانستان کے ساتھ ہماری کھلی جنگ ہے کوئی انفرادی موقف نہیں۔ بلکہ پاکستان کی ملٹری اور سول قیادت نے کافی عرصے سے واضح کیا ہوا ہے کہ اگر پاکستانی طالبان کے حملے نہیں روکے گئے تو وہ افغانستان پر فضائی حملے کریں گے۔اور کابل و قندھار پر ٹارگٹ حملوں کیذریعے اس پر عمل درآمد بھی کیا گیا تھا۔ پاکستان کا یہ موقف تب سے واضح ہے جب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 2023 میں تحریکِ جہادِ پاکستان کے ایک بڑے حملے کے بعد یہ دھمکی دی تھی۔
اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر افغان طالبان ٹی ٹی پی کے خلاف کاروائی کرنے سے کیوں گریزاں ہیں تو اس حوالے سے مختلف آراء ہیں۔ ایک یہ ہے کہ افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت ٹی ٹی پی کو اپنا نظریاتی اتحادی سمجھتی ہے۔ ان کی تاریخ کی جڑیں مشترکہ ہیں اور ان کے 80 اور 90 کی دہائیوں سے قریبی تعلقات رہے ہیں۔ٹی ٹی پی نے افغان طالبان کے امیر کے ہاتھ پر بیعت کی ہوئی ہے۔اسی لئے پاکستان نے مزاکرات میں یہ بھی مطالبہ رکھا تھا کہ آفغان طالبان کے امیر پاکستان میں حملوں کے خلاف فتویٰ دیں۔دوسری طرف یہ بھی رائے ہے کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف ایک پریشر tool کے طور پر استعمال کر کے بین الاقوامی منظر نامے پر زیر بحث رہ کر پاکستان اسلامی ممالک چین اور بین الاقوامی سطح پر اپنے مخصوص مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔
اسکا موقف یہ ہوسکتا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کیخلاف کاروائیاں روکنے کے لئے اس کے پاس مطلوبہ وسائل نہیں ہیں لہذا ان کی اس سلسلے میں مطلوبہ امداد فراہم کی جائے اس طرح سے چین جس کی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری ہے اور اس کا ایک صوبہ بھی افغان علاقے سے دراندازوں کی کاروائیوں کا شکار ہے اور اسلامی ممالک امریکہ اور یورپ سے معاشی فوائد حاصل کئے جائیں۔ ایک رائے یہ بھی ہے کہ افغان طالبان انڈیا سے معاشی فوائد حاصل کرکے اس کی پراکسی کے طور پر یا کھلی جھڑپوں کے ذریعے انڈیا کو دفاعی سطح پر فائدہ پہنچا رہا ہے۔
کیونکہ اس وقت انڈیا نے پاکستان کی سرحد کے قریب سرکریک میں فوجی مشقیں شروع کی ہوئی ہیں اور انکے چیف آف آرمی سٹاف اور دیگر فوجی و سیاسی ذمہ داراں پاکستان کو سبق سکھانے اور آپریشن سیندور کے جاری رہنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ لہذا اس طرح سے دو سرحدی محاذوں اور اندرونی محاذ پر دہشت گردی کیذریعے پاکستان کو الجھا کر بھارت مطلوبہ مقاصد حاصل کرنا چاہے گا۔اور تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارت اس کے مطابق مناسب وقت پر کوئی ایڈونچر کرسکتا ہے۔
اگر ہم پاکستان کی افغان پالیسیوں کا تنقیدی جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ماضی میں پاکستان کی افغان طالبان وارئیر گروہ کی ہر طرح کی حمایت کرنے اور انہیں پناہ دینے کی طویل مدتی پالیسی کے متوقع نتائج یہی نکلنے تھے اور آج صورتحال یہ ہے کہ پاکستان کی اپنی سلامتی کو گزشتہ چار سالوں سے ان کی طرف سے مسلح شدت پسندی کا سامنا ہے۔
بروکنگز انسٹی ٹیوٹ سے وابستہ ’ویندا فلباب براؤن‘ کی رائے ہے کہ طالبان حقانی نیٹ ورک کے ٹی ٹی پی کے ساتھ آپریشنل تعلقات رہے ہیں، جو ختم کرنا مشکل ہے۔ حقانی نیٹ ورک کو خدشہ ہے کہ کریک ڈاؤن کی صورت میں ٹی ٹی پی نام نہاد دولت اسلامیہ کے ساتھ اتحاد قائم کر سکتی ہے۔ قندھار میں طالبان کی جنوب میں موجود قیادت پاکستان کے ماضی کے اقدامات پر ناخوش رہے ہیں جن میں ملا برادر کو قید کیا جانا اور امریکی حملے میں طالبان رہنما ملا منصور کی ہلاکت شامل ہیں۔ ایک اور رائے یہ بھی ہے کہ طالبان حکومت ٹی ٹی پی کی کارروائیوں کو پاکستان کا اندرونی معاملہ سمجھتی ہے اور یہ اپنے لیے کوئی دشمن پیدا نہیں کرنا چاہتی۔
نام نہاد دولت اسلامیہ کے برعکس ٹی ٹی پی نے کبھی افغان طالبان کی عبوری حکومت کو چیلنج نہیں کیا ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ جب تک ٹی ٹی پی طالبان حکومت کے لئے نظریاتی یا عسکری خطرہ نہیں تب تک افغان طالبان کے پاس اس کے خلاف کارروائی کا جواز نہیں ہو گا۔ اسی لیے افغان طالبان کی طرف سے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے ساتھ اپنے معاملات کو بات چیت سے حل کرے۔
دوسری طرف سرحدی کشیدگی کے بعد پاکستان کی طرف سے پاکستان میں موجود مقیم غیر قانونی افغانوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور اٹھارہ روز سے جاری تجارتی بندش کو دباوء برھانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے اور طالبان رجیم کو کھلم کھلا غیر جمہوری قرار دے کر اس کے مخالفین کو تھپکی دی جا رہی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا یہ اقدامات اور سفارتی و فوجی دباو اسلامی ممالک کی ناراضگی کا خطرہ افغان طالبان کو ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی پر مجبور کر پاتے ہیں یا نہیں۔بہر صورت پاکستان کو اس پیچیدہ صورت حال سے احسن طریقے سے نمٹنے کیلئے امریکہ'چین 'سعودی عرب ایران' ترکیہ قطر سمیت اپنے تمام دوست اور برادر اسلامی ممالک سے مشاورت اور تعاون کے ساتھ ایسی متوازن حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی جس سے مسئلہ بھی حل ہو جائے اور دشمن ممالک کے ناپاک عزائم بھی ناکامی سے دوچار ہوں۔