اے بی این کےچیف رپورٹر جاوید شہزاد کا انتقال، صحافتی برادری میں غم کی لہر
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)معروف صحافی اور روزنامہ اوصاف اوراے بی این کے چیف رپورٹر جاوید شہزاد حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے۔ جاوید شہزاد صاحب کا شمار صحافتی حلقوں میں ایک اہم اور باوقار شخصیت کے طور پر کیا جاتا تھا، اور ان کی وفات سے صحافتی برادری میں گہرا دکھ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خرم شہزاد، جو کہ اے پی پی کے سینئر رپورٹر ہیں، اپنے بڑے بھائی کی وفات پر دلی غم کا شکار ہیں۔ مرحوم جاوید شہزاد نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں متعدد اہم خبریں اور رپورٹیں شائع کیں اور ہمیشہ اپنے کام میں ایمانداری اور محنت کی مثال قائم کی۔
نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ صحافتی برادری سمیت تمام اہل خانہ اور دوستوں نے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
مزیدپڑھیں:لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، سردی میں اضافہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: جاوید شہزاد
پڑھیں:
رحیم یار خان میں ہندو برادری کے 3 افراد اغوا، ڈی پی او کا نوٹس، بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری
رحیم یار خان:نواز آباد کے علاقے میں سرکاری اسپتال کے نزدیک ڈاکوؤں نے ایک خوفناک واردات کے دوران گھر میں گھس کر ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے تین افراد کو اغوا کر لیا۔ مغویوں میں رانجھا تھوری، کنہیا لال اور رمیش تھوری شامل ہیں۔
متاثرہ خاندان کے مطابق درجن بھر مسلح ڈاکو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور گھر میں گھس گئے۔ ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا، نقدی اور زیورات لوٹنے کے بعد تین افراد کو زبردستی اغوا کر کے کچے کے علاقے کی طرف لے گئے۔
ڈی پی او رحیم یار خان عرفان سموں نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی بھونگ کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری کچے کی طرف روانہ کر دی۔ ترجمان پولیس کے مطابق کچے میں داخلے کے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مغویوں کی بازیابی کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس مغویوں کو جلد بحفاظت بازیاب کرانے میں کامیاب ہو جائے گی اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
علاقے میں اس واقعے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ اقلیتی برادری نے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مغویوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔