یمن : گیس اسٹیشن پر دھماکہ، آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
یمن کے وسطی صوبے البیضاء میں ایک گیس اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جس سے کم از کم 15 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کے زیرانتظام علاقے کی وزارت صحت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دھماکہ ہفتے کو صوبہ البیضا کے ضلع ظاہرمیں ہوا۔ گیس اسٹیشن پر دھماکے کے باعث کم از کم 67 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 40 کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں تاہم فوری طور پر دھماکے کی وجہ کے بارے میں واضح نہیں ہو سکا۔
آن لائن فوٹیج میں شدید آگ دکھائی گئی جس میں دھوئیں کا مرغولہ آسمان کی طرف بلند ہوتا دکھائی دے رہا تھا اور قریب کھڑی گاڑیاں جل رہی تھیں۔
یمن کا وسطی صوبہ البیضاء ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیرکنٹرول ہے جو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے برسرپیکار ہے
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
نائجیریا میں شادی کی بس حادثے کا شکار، 19 افراد ہلاک
نائجیریا: شمالی نائجیریا میں شادی کی تقریب میں شریک ایک بس دریا میں گرنے سے کم از کم 19 خواتین اور بچے ہلاک ہوگئے، یہ بات ایک یونین اہلکار اور مقامی رہائشیوں نے اتوار کو بتائی۔
نیشنل یونین آف روڈ ٹرانسپورٹ ورکرز (NURTW) کے اہلکار ابوبکر محمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ڈرائیور نے ہفتہ کی شام ایک ایسے پل پر بس روکی تھی جو جزوی طور پر منہدم ہوچکا تھا، لیکن بس پیچھے کی طرف لڑھک کر دریا میں جاگری۔
اہلکار نے بتایا کہ یہ بس دلہن کو اس کے نئے شوہر کے گھر لے جانے والے قافلے کا حصہ تھی اور حادثہ زمفارا ریاست کے گاؤں "فَس" کے قریب پیش آیا۔ شبہ ہے کہ ڈرائیور ہینڈ بریک لگانا بھول گیا تھا۔
بس کا رخ پڑوسی ریاست کبی کے شہر جیگا کی طرف تھا۔ فَس گاؤں کے رہائشیوں نے بھی خواتین اور بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
خیال رہے کہ نائجیریا میں خستہ حال سڑکوں پر ٹریفک حادثات عام ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 9,570 حادثات میں 5,421 اموات ریکارڈ کی گئیں۔