حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا تو مزاحمت ہو گی: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق کراچی میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال، حماس اسرائیلی جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 15ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے باوجود اہل غزہ و فلسطین کی مزاحمت اور حماس کے مجاہدین کی تاریخی کامیابی پر جمعہ 17جنوری کو ملک گیر سطح پر ’’یوم عزم تشکر‘‘ منایا جائے گا، شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں گے، تمام آئمہ مساجد خطبات جمعہ میں امریکہ و اسرائیل کی مذمت، اہل غزہ و فلسطین کی حمایت کے حوالے سے عوام کی ذہن سازی کریں۔ معاہدے پر عملدرآمد کے بعد امریکہ و اسرائیل کی کوشش ہوگی کہ وہ پاکستان، سعودی عرب اور انڈونیشیا سے مطالبہ کرے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا جائے، ہم حکمرانوں اور امریکہ کی طرف دیکھنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی گیا تو زبردست عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا، اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکز علوم اسلامیہ منصورہ میں تقریب تکمیل بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی کامیابی پوری امت کی کامیابی ہے، فلسطین کے مجاہدوں نے مزاحمت سے صہیونی تکبر کو خاک میں ملادیا، صلح اسرائیل کی نہیں حماس کی شرائط پر ہوئی ہے۔ صہیونیوں نے غزہ کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا اور بچوں سمیت پچاس ہزار سے زائد معصوم لوگوں کو شہید کیا، غزہ کی تعمیرنو اب اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پہلگام حملہ مودی حکومت نے کروایا، بھارت کشمیریوں کے ساتھ فلسطینیوں والا برتاؤ کرے گا، حافظ نعیم
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آئے واقعے اور 26 سیاحوں کی ہلاکت کا ذمہ دار بھارت کو قرار دے دیا۔
گوجرانوالہ میں اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقد ہونے والے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پہلگام حملے میں بھارت خود شریک ہے اور یہ سازش ہے تحت کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کے ساتھ اب وہ کرے گا جو فلسطین میں اسرائیل کررہا ہے، اس واقعے کی آڑ میں کشمیریوں کو بھی فلسطینیوں کی طرح بے گھر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں جو کچھ کیا وہ بھارت کشمیر میں کررہا ہے، پہلے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی، پھر اُن پر لاک ڈاؤن کیا گیا، پھر زمین تنگ کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت نے اپنی مرضی سے انتخاب جیتنا چاہا مگر کشمیر کے عوام نے اُسے ناکام بنادیا، کشمیر میں مسلسل مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پہلگام میں جو واقعہ پیش آیا وہ مودی حکومت نے جان بوجھ کر منصوبہ بندی سے کیا ہے تاکہ اس کو بنیاد بناکر کشمیر میں آپریشن بڑھایا جائے اور عوام کو گھروں سے بے گھر کیا جائے اور مزید دباؤ بڑھایا جائے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پہلگام حملے پر ہونے والے پروپیگنڈے اور بھارتی اقدامات کے خلاف پاکستان سے بھرپور آواز اور جواب جانا چاہیے۔