انسانی اسمگلنگ: ایئرپورٹ اہلکاروں کی مبینہ کلیئرنس پر ایف آئی اے کی انکوائری
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
گوجرانوالہ: مراکش کشتی حادثے کے تناظر میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے 20 اہلکاروں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ان اہلکاروں پر الزامات ہیں کہ انہوں نے کشتی حادثے کے متاثرین کو ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر کلیئر کرنے میں کردار ادا کیا۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر تعینات 8 اہلکاروں کے علاوہ کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر تعینات 6، 6 اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائری جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق، ترکیے اور لیبیا کے بعد موریطانیہ انسانی اسمگلنگ کے لیے نیا اور تیسرا روٹ بن چکا ہے۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں نے مارچ 2024 میں موریطانیہ میں اپنی سرگرمیاں شروع کیں، جہاں پہلے سیف ہاؤسز قائم کیے گئے اور جون میں لوگوں کی منتقلی کا عمل شروع ہوا۔
پاکستان سے سینیگال تک ہوائی راستے کا استعمال کیا گیا، جہاں سے زمینی راستے کے ذریعے موریطانیہ پہنچایا جاتا تھا۔ وہاں سے سمندری راستے کے ذریعے مراکش اور پھر اسپین کے ایک جزیرے تک سفر کروایا جاتا تھا۔
یونان کشتی حادثے کا ایک اہم ملزم بھی موریطانیہ میں موجود ہے، جبکہ جولائی 2023 کے حادثے میں ملوث کئی دیگر اسمگلرز نے بھی موریطانیہ میں پناہ لی ہے۔ موریطانیہ کے سیف ہاؤسز میں موجود پاکستانی شہری اب بھی مراکش کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق انکوائری کا مقصد انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور اس میں ملوث تمام افراد کو بے نقاب کرنا اور قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
.ذریعہ: Nai Baat
کلیدی لفظ: انسانی اسمگلنگ ایف آئی اے
پڑھیں:
نئی کینال تنازع پر دھرنا، کراچی سے ملک بھر میں ادویات کی ترسیل معطل
ملک کے دیگر شہروں میں ادویات کی قلت کا فوری خدشہ نہیں ہے، کیونکہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کا اسٹاک ہر شہر میں رکھا جاتا ہے اور کول چین کی ضرورت والی زیادہ تر ادویات فضائی راستے ہی سے بھجوائی جاتی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ دریائے سندھ پر نئی کینالز نکالنے کے تنازع کے باعث قومی شاہراہ پر دیئے گئے دھرنوں کی وجہ سے کراچی سے ملک بھر میں ادویات کی ترسیل معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق احتجاج کے دوران ہائی ویز کی بندش کے باعث کراچی سے پنجاب اور دیگر صوبوں کو ادویات کی ترسیل معطل ہو گئی ہے اور اہم ادویات فضائی راستے سے بھجوائی جا رہی ہیں، جبکہ لاجسٹک کمپنیوں نے زمینی راستے سے ترسیل کیلئے اسٹاک لینا بھی بند کر دیا ہے۔ پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالصمد میمن کے مطابق ہائی ویز کی بندش سے ادویات کی ترسیل میں رکاوٹ کا سامنا ہے، زمینی راستے سے بھجوائی جانے والی ادویات پھنسی ہوئی ہیں اور اب اہم ادویات فضائی راستے سے بھجوائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر شہروں میں ادویات کی قلت کا فوری خدشہ نہیں ہے، کیونکہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کا اسٹاک ہر شہر میں رکھا جاتا ہے اور کول چین کی ضرورت والی زیادہ تر ادویات فضائی راستے ہی سے بھجوائی جاتی ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ راستوں کی بندش کا دورانیہ بڑھنے کی صورت میں ادویات کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔