چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں تیز: آئی سی سی وفد قذافی اسٹیڈیم پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
لاہور:پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی2025 کی میزبانی کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں میگا ایونٹ کے سلسلے میں جاری تعمیراتی کاموں اور تزئین و آرائش کا جائزہ لیا۔
آئی سی سی وفد میں شامل اہم شخصیات میں ہیڈ آف ایونٹس سارہ ایڈگراور جی ایم کرکٹ وسیم خان نے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت، پویلینز اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر جواد قاضی نے اس موقع پر وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تمام کام 30 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، جس میں دنیا کی بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور عالمی معیار کی کرکٹ کی علامت ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
بے ضابطگیوں کی تحقیقات ہو گی، میچ ریفری نے معافی مانگ لی: پاکستان، امارات کو ہرا کر ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا
لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور ٹیم کے کپتان سے معافی مانگ لی۔ اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان‘بھارت کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعہ کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی۔ آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے میچ ریفری کے فرائض انجام دیئے۔ ناخوشگوار واقعہ کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی سے اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ پی سی بی نے آئی سی سی کو دوبار خط لکھا اور واضح کیا کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے بقیہ میچز کا بائیکاٹ کریگا۔ آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ڈیڈ لاک ختم ہوا۔میچ کھیلنے کا وقت آئی سی سی نے ایک گھنٹہ بڑھادیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے پاکستان کی عزت برقرار رکھی اور ٹیم سے امید ہے کہ اب پرفارم کرکے دکھائے گی۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھاکہ کچھ دیر پہلے میچ ریفری نے کپتان اور ٹیم منیجر سے معذرت کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم نے آئی سی سی سے 14 ستمبر کے میچ میں خلاف ورزیوں کی انکوائری کی درخواست کی ہے۔ کرکٹ اور سیاست ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، کھیل کو کھیل رہنے دیا جائے، کرکٹ اس ساری چیز سے بالاتر ہونی چاہیے۔ سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور رمیز راجہ سے صورتحال پر مشاورت کی، وزیراعظم اور حکام اس معاملے میں شامل تھے ان کی سپورٹ حاصل تھی، اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے پاکستان کی عزت برقرار رکھی اور ٹیم سے امید ہے کہ اب پرفارم کرکے دکھائیگی۔سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ پی سی بی کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ یہ پاکستان کی فتح ہے، جو بھی جذبات مجروح ہوئے ہیں اب ٹیم کارکردگی سے بتائے، کرکٹ کو کرکٹ ہی رہنا چاہیے سیاسی پلیٹ فارم نہیں۔ اینڈی پائی کرافٹ بھارت ٹیم کیلئے فکس ریفری ہیں، اینڈی پائی کرافٹ بھارت کے90 میچوں میں میچ ریفری رہے ہیں، مجھے لگتا ہے اینڈی پائی کرافٹ بھارت کے فیورٹ میچ ریفری ہیں۔ٹی20 ایشیا کپ کے 10ویں میچ میںپاکستان متحدہ عرب امارات کو 41رنز سے ہرا کر سپر فور مرحلے میںپہنچ گیا۔ دبئی میںیو اے ای ٹیم کے کپتان محمد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے8 وکٹوں پر 146 رنز بنائے۔ فخر زمان 50 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کپتان سلمان علی آغا 20 اور محمد حارث 18 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ صاحبزادہ فرحان 5، خوشدل شاہ اور محمد نواز 4، 4 جبکہ حارث رئوف اور اوپنر صائم ایوب صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ رواںسال صائم ایوب 5ویں مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں۔ جنید صدیقی نے 4 اور سمرن جیت سنگھ نے 3 جبکہ شانت نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں17.4اوورز میں 105رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔سات کھلاڑی ڈبل فیگر میںبھی داخل نہ ہوسکے ۔ راہول چوپڑا35رنز بناکر نمایاں رہے ۔ شاہین شاہ آفریدی‘حارث رئوف‘ اور ابرار احمد نے 2، 2 جبکہ سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے میچ کے دوران سری لنکن فیلڈ امپائر ریچیرا پیلیا گروگے کو سرمیں گیند لگ گئی جس کے بعد وہ میچ چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔ وکٹ کیپر محمد حارث نے گیند بائولر صائم ایوب کی جانب سے پھینکی جو فیلڈ پر کھڑے امپائرکے سر پر جالگی۔گیند لگنے کے بعد میچ کو کچھ وقت کیلئے روکا گیا ، پاکستان ٹیم کے فزیو بھی میدان میں آئے۔ ایونٹ میں آج افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔پاکستان اور بھارت 21ستمبرکو سپر فور مرحلے میں مد مقابل ہونگے۔