مہارشٹرا میں آتشزدگی کی افواہ پر ٹرین سے اترنے والے دوسری ریل نے کچل دیا، 12 ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 22nd, January 2025 GMT
ممبئی: بھارتی ریاست مہارشٹرا میں ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ کے نتیجے میں 12 مسافر ہلاک ہوگئے جبکہ مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہارشٹرا کے جل گاؤں میں ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پر مسافر خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور متعدد نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگائی۔
متاثرہ ٹرین سے اترنے والے مسافر پٹڑی کو پار کر کے دوسری ٹرین میں بیٹھنے کے خواہش مند تھے مگر زندگی نے اُن کا ساتھ نہیں دیا اور ٹرین نے متعدد کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
جلگاؤں کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیشور ریڈی نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ یہ حادثہ ممبئی سے 400 کلومیٹر دور پچورا کے قریب مہیجی اور پردھاڈے اسٹیشنوں کے درمیان پیش آیا۔
جس ٹرین میں آتشزدگی کی افواہ پھیلی اُس کا نام پشپک ایکسپریس ہے اور یہ لکھنؤ سے ممبئی کے درمیان چلتی ہے۔
آتشزدگی کی افواہ پھیلتے ہی مسافروں نے زنجیر کھینچی تو ٹرین رک گئی جس کے بعد متعدد افراد نیچے اترے اور پٹڑی کراس کرنے کے دوران بنگلورو سے دہلی جانے والی کرناٹکا ایکسپریس کی زد میں آگئے۔
ریلوے کے سینئر اہلکار نے بتایا کہ پشپک ایکسپریس کی ایک بوگی میں چنگاریاں نکلنے کے بعد افواہ پھیل گئی تھی۔ جس پر مسافر خوف زدہ ہوئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور واقعے کی تحقیقات کیلیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گوادر، متعدد لیویز اہلکاروں کا پولیس میں شمولیت سے انکار، ڈی سی نے وارننگ دیدی
ذرائع کے مطابق بی ایریا کو اے ایریا میں ضم کرنے کے بعد گوادر سے تعلق رکھنے والے 163 لیویز اہلکاروں نے ابھی تک پولیس جوائن نہیں کی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ گوادر لیویز کے 163 اہلکاروں نے پولیس جوائن کرنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق بی ایریا کو اے ایریا میں ضم کرنے کے بعد گوادر سے تعلق رکھنے والے 163 لیویز اہلکاروں نے ابھی تک پولیس جوائن نہیں کی ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر گوادر نے پولیس جوائن نہ کرنے والے لیویز اہلکاروں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے اہلکاروں کو تین روز میں متعلقہ پولیس تھانوں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی سی گوادر حمود الرحمٰن نے کہا کہ لیویز کے وہ 163 اہلکار جنہوں نے تاحال پولیس فورس میں شمولیت اختیار نہیں کی، انہیں عوامی نمائندوں، معتبرین اور سیاسی و سماجی شخصیات کی درخواستوں پر آخری بار تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔ 24 اپریل تک جوائننگ رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کریں، تاکہ ان کی تنخواہیں بحال کی جا سکیں۔