9 مئی توڑ پھوڑ کیس: عدم پیشی پر عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
سرگودھا: انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی توڑ پھوڑ کیس میں عدم پیشی پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کے وارنٹ گرفتار جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو میانوالی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، کیس کے سماعت کے دوران عدالت کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
مقدمہ میں نامزد ملزمان پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر ،صنم جاوید ، عالیہ حمزہ ،ایم این اے بلال اعجاز سمیت درجنوں کارکن عدالت میں پیش ہوئے،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے ، عمر ایوب کے وکلاء نے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا ۔
عمر ایوب کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ عمرایوب خان مسلسل تین پیشیوں پر عدالت میں نہیں آئے۔
اپوزیشن لیڈر کی عدم پیشی کے باعث دیگر ملزمان پر بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی ، عدالت نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
بعدازاں عدالت نے 9 مئی کو میانوالی میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے کیس کی مزید سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے عدالت میں عدالت نے عدم پیشی
پڑھیں:
شراب ‘غیر قانونی اسلحہ کیس ، گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)جوڈیشل مجسٹریٹ مبشرحسن چشتی کی عدالت میں زیر سماعت مبینہ شراب اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں بیان ریکارڈ نہ ہونے پر وزیر اعلی خیبرپختون خواہ کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور عدالت پیش نہ ہوئے اور ان کیوکیل راجہ ظہورالحسن نے 3 بجے 342 کا بیان ریکارڈ کروانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ علی امین گنڈا پور کو 3 بجے بذریعہ ویڈیو لنک بیان ریکارڈ کروائیں گے،اگر ہم بیان ریکارڈ نہیں کرواتے تو عدالت بتا دے کونسے قانون کے تحت 342 کا حق ختم ہوگا؟،یہ اکبر بادشاہ کی عدالت نہیں ہم جو درخواست دیتے ہیں آپ ریجکٹ کر دیتے ہیں،اکبر بادشاہ خوش ہوتا تھا تو اشرفیاں دیتا تھا غصے پر گردن اتار دیتا تھا،جج مبشر حسن چشتی نے کہا کہ آپ نے شاید میرا آڈر نہیں پڑھا اس میں سب کچھ لکھا تھا، جس پر وکیل نے کہاکہ ہم 3 بجے بیان ریکارڈ کروا دیں گے اس عدالت میں یا دوسرے کورٹ روم میں، جج مبشر حسن چشتی نے کہاکہ ہم نے کہیں اور کیوں جانا ہماری اپنی ایل سی ڈی چلتی ہے،عدالتی حکم پر کورٹ روم میں موجود ایل سی ڈی چلا دی گئی،عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پرانٹرنیٹ کنکشن کے مسائل کے باعث علی امین گنڈاپور کا 342 بیان قلمبند نہ ہوسکا، عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے،۔