کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ سنگولین سربازی محلہ نورانی مسجد کے قریب فائرنگ ایک شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں اس کی شناخت 23 سالہ منور علی کے نام سے کی گئی جسے ایک گولی سیدھی ٹانگ پر لگی تھی جبکہ واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا۔
لانڈھی چشمہ گوٹھ مزار کے قریب فائرنگ سے 20 سالہ حماد نامی نوجوان زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا تھا جبکہ گولی نوجوان کی ٹانگ پر لگی تھی۔
متعلقہ پولیس دونوں واقعات سے متعلق مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے چند علاقوں میں بارش جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق، آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی مقامات پر صبح و رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم، مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو سانس اور آنکھوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں بھی خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ کے اثرات نمایاں رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا، تاہم چترال، دیر، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر ہلکی بارش کی توقع ہے۔ اسی طرح، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، کل سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے اور کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی بارش جبکہ مری میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہا، جب کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ چھائی رہی۔