علی اکبر ناطق: ایک معمار چوٹی کا ادیب کیسے بنا؟
اشاعت کی تاریخ: 25th, January 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 25 جنوری 2025ء) ناطق محض حرف و حکایت کی دنیا میں نہیں فن تعمیر میں بھی انقلاب برپا کر رہے ہیں۔ سرخ اینٹوں سے بنی دلفریب عمارتیں جن میں اے سی کی ضرورت ہے نہ ہیٹر کی۔ بظاہر معمولی پس منظر رکھنے والا ایک فنکار پاکستان کی زرخیز مٹی اور بے پناہ ٹیلنٹ کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔
مطالعے اور مشاہدے کی عادت جو طاقت ثابت ہوئیاگر آپ ناطق کی خود نوشت ' آباد ہوئے، برباد ہوئے‘ پڑھیں تو اس میں پدی، اچھو، جیدا اور ماکھی جیسے لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے، جن کے نام سے ان کے سماجی پس منظر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
انہیں میں سے ایک علی اکبر میں ایسا کیا تھا کہ وہ آج چوٹی کے ادیبوں کی صف میں نمایاں مقام پر کھڑا ہے؟ڈی ڈبلیو اردو سے بات کرتے ہوئے علی اکبر ناطق کہتے ہیں، ”میرے گھر اور سکول کا فاصلہ بمشکل سو ڈیڑھ سو قدم تھا۔
(جاری ہے)
سکول سے چھٹی کے بعد شاید ہی کبھی میں سیدھے راستے سے واپس آیا ہوں۔ ہمیشہ ادھر ادھر نکل جاتا اور واپسی پر میرا دل نئی حیرتوں سے بھرا ہوتا۔
ادیب یہی کام کرتا ہے، وہ بنے بنائے اور روٹین کے راستوں پر نہیں چلتا۔"ناطق کی خود نوشت سے پتہ چلتا ہے کہ اوکاڑہ کے معمولی چک بتیس ایل۔ ٹو کی بے چین روح اسلام آباد میں آنے سے پہلے مزدوری کے لیے سعودی عرب گئی۔ ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے ناطق کہتے ہیں، ”ایک خیال تھا کہ جو اینٹ روڑہ یہاں لگانا ہے وہ سعودیہ میں جا کر لگایا جائے تو بہتر آمدن ہو گی۔
وہاں دیکھا کہ مزدور کی حالت گدھے سے بھی بدتر ہے۔ ایک رات خیال آیا اگر دل خوش نہیں تو پوری دنیا کی دولت بھی بیکار ہے، کہاں میں چند سو ریال کے لیے خود کو گروی رکھوا چکا۔ یہ کوئی زندگی نہیں۔"سعودیہ سے واپسی کے بعد کچھ عرصے اوکاڑہ، لاہور اور اسلام آباد میں مزدوری کرتے رہے۔ بھینسوں کے باڑے میں بھی کام کیا۔ یومیہ اجرت کے دن ہوں یا نری بھوک اور افلاس، کہتے ہیں ”یاد نہیں کبھی مطالعے کے بغیر سویا ہوں۔
زندگی کے دھکے اس لیے برے نہیں لگتے کہ تجربے کا بے پناہ خزانہ ہاتھ لگا۔ ورنہ میں بھی آج اپنا لکھنے کے بجائے فیشن کے طور پر مغربی تھیوریوں کی جگالی کر رہا ہوتا۔" اکادمی ادبیات میں 'حادثاتی انٹری‘ جس نے زندگی بدل کر رکھ دییہ 2005 کی بات ہے جب اسلام آباد میں ناطق بھینسوں کے باڑے سے اکادمی ادبیات جا پہنچے۔
وہ ڈی ڈبلیو اردو کو بتاتے ہیں، ”کوئی بہت سوچا سمجھا منصوبہ نہ تھا، بس ویسے ہی تجسس تھا کہ شاعر ادیب کیسے ہوتے ہیں۔ آوارہ گردی کے دوران بورڈ نظر آیا تو اندر چلا گیا۔"وہ کہتے ہیں، ”جب حلقہ اربابِ ذوق میں ادیبوں کو دیکھا اور ان کی تخلیقات سنیں تو مجھے لگا ان سے بہتر تو میں لکھ سکتا ہوں۔ یوں لکھنے کا سفر شروع ہوا۔
”کسوٹی پروگرام دیکھ رکھا تھا اس لیے افتخار عارف جانا پہچانا چہرہ تھے۔
ان سے ملاقات ہوئی تو وہ بہت متاثر ہوئے۔ ان کا احسان ہے کہ مجھے دیہاڑیوں سے نکال کر اکادمی ادبیات کی بک شاپ میں لائے۔ یہ ساتویں گریڈ کی نوکری تھی۔ کتابیں کون خریدتا ہے؟ سو فرصت ہی فرصت تھی، دن بھر کتابیں پڑھتا، رات کو لکھنے کی کوشش کرتا۔" پانچ افسانے، دس نظمیں: ایک ہمہ گیر ادیب کا تاثراردو کی ادبی دنیا کے لیے اجمل کمال کا رسالہ 'آج‘ اور آصف فرخی کا 'دنیا زاد‘ کسی تعارف کے محتاج نہیں۔
کراچی سے شائع ہونے والے یہ دونوں رسالے اکادمی ادبیات کی بک شاپ پر باقاعدہ سے آتے۔ 2009 میں ناطق ایک طرح سے شہر اقتدار میں ان کے ڈسٹری بیوٹر تھے۔ناطق کہتے ہیں، ”آج میں صرف تراجم چھپ رہے تھے، میں نے ایک دن اجمل کمال کو اپنے دو افسانے بھیجے اور ساتھ خط لکھا کہ پسند آئیں تو شائع کر دیں ورنہ پھینک دیجیے گا۔ انہوں نے کہا کچھ اور افسانے ہیں تو وہ بھی بھیج دو۔
میں نے مزید تین کہانیاں بھیج دیں۔ اس طرح میرے پانچ افسانوں پر مشتمل گوشہ خاص شائع ہوا۔ آج کے معیار کو دیکھتے ہوئے یہ غیر معمولی کامیابی تھی۔"چند ہفتوں کے فرق سے 'دنیا زاد‘ میں ناطق کی دس نظمیں ایک ساتھ شائع ہو گئیں۔ انڈیا سے شمس الرحمن فاروقی جیسے بڑے نقاد نے تعریف کرتے ہوئے پنجاب کے اس نوجوان کی حوصلہ افزائی کی۔
ناطق نے اکادمی کی بک شاپ کو چھوڑ کر اسلام آباد کے مرکز آئی ایٹ میں 'مرزا غالب کتاب گھر‘ کے نام سے رونق لگا لی۔
اس دوران ناطق مسلسل لکھتے اور شائع ہوتے رہے۔ ادبی دنیا ناطق کی رفتار، تنوع اور اثرانگیزی پر حیران و پریشان تھی۔محمد حنیف نے ناطق کے ایک افسانے کا ترجمہ کیا جسے معروف ادبی میگزین گرانٹا نے 2012 میں شائع کیا۔ناطق کہتے ہیں، ”اس کے بعد مجھے پینگوئن بکس کی طرف سے کال آئی۔ وہ میری کتابیں شائع کرنا چاہتے تھے۔ بعد میں انہوں نے افسانوں کی کتاب 'قائم دین‘ اور ناول 'نو لکھی کوٹھی‘ شائع کیا۔
"اب تک علی اکبر ناطق کی 16 کتابیں شائع ہو چکی ہیں جن میں دو افسانوی مجموعے، تین ناول، سات شعری مجموعے، تین تحقیقی و تنقیدی کتابیں اور ایک خود نوشت شامل ہے۔
فکشن، نان فکشن، شاعری اور تنقید جیسی مختلف اصناف میں ناطق نے اپنا آپ منوایا جو ان کی ہمہ گیر شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔
عمارتیں جنہیں گرمیوں میں اے سی اور سردیوں میں ہیٹر کی ضرورت نہ ہو گیعلی اکبر ناطق قلم کے مزدور ہوئے تو مٹی روڑے سے رشتہ نہ توڑا۔
وہ فن تعمیر میں بھی ایک الگ پہچان بنا رہے ہیں۔ اگرچہ راج مستری ان کے خون میں شامل ہے مگر کتابی دنیا سے وہ دوبارہ مٹی گارے میں کیسے اترے۔؟اس حوالے سے وہ ڈی ڈبلیو اردو کو بتاتے ہیں، ”مرزا غالب کتاب گھر میں ایک معمول کی محفل جمی تھی۔ ایک دوست نے کہا وہ گھر بنوا رہا ہے لیکن سارے مستری کنکریٹ کا قید خانہ کھڑا کر دیتے ہیں، کچھ سمجھ نہیں آ رہا کیا کروں۔
میں نے اسے آفر کی اور اس کا گھر بنا ڈالا۔”بعد میں امریکہ گیا تو ادبی محفلوں اور پرستاروں کے سبب مالی آسودگی حاصل ہوئی، واپس آیا تو کورونا کی بلا پنجے گاڑھ چکی تھی۔ بیٹھے بیٹھے گھر تعمیر کرنے کا خیال آیا جس کی انفرادیت سوشل میڈیا پر کیش ہو گئی۔"
ناطق کا خیال ہے دنیا کو تباہ کرنے میں سب سے زیادہ کردار سرمایہ دار کا ہے جو ہر چیز کی قدر و قیمت مالی نفع نقصان سے ماپتا ہے، ادب اور فن تعمیر بھی اس کے دست ہوس سے نہ بچ سکے۔
ناطق کے بقول، ”سیمنٹ کے گھر ہمارے ماحول سے ہم آہنگ ہو ہی نہیں سکتے، سرمایہ کار نے ہمیں اس پہ لگا دیا۔ پہلے سیمنٹ اور بجری فروخت ہوتی ہے، پھر اے سی اور ہیٹر۔ ہمارا قدیم فن تعمیر جمالیاتی اعتبار سے زیادہ خوبصورت اور ماحول کے موافق تھا۔ میں نے اسی قدیم فن تعمیر کو زندہ کرنے کی کوشش کی۔"
ان کے بقول، ”فن تعمیر میں بھی ندرت خیال کام آئی۔
فنکار ہر رنگ میں فنکار ہوتا ہے۔"اسلام آباد میں جامعہ ولایہ کی شاندار عمارت تعمیر کرنے کے بعد ناطق کا اگلا پڑاؤ سکردو ہے جہاں وہ قدیم طرز کی چار عمارتیں تعمیر کرنے جا رہے ہیں۔
سولہ کتابیں لکھنے کے بعد ناطق کا تخلیقی مانجھا ڈھیلا نہیں پڑا۔ وہ کہتے ہیں،”پانچ کتابیں تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔ مجھے کائنات کی کوکھ سے ابھی بہت کچھ برآمد کرنا اور لفظوں میں قید کرنا ہے۔"
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے اسلام آباد میں اکادمی ادبیات علی اکبر ناطق ناطق کہتے ہیں شائع ہو میں بھی ناطق کی کے بعد
پڑھیں:
’’اب تو فرصت ہی نہیں ملتی۔۔۔!‘‘
’’ فرصت ہی نہیں ملتی‘‘ آج کل جیسے دیکھو ، یہی رونا ہے۔ فرصت ہی نہیں، دو گھڑی آرام کی بھی۔ عدیمی الفرصتی کا ایسا بہانہ، کہ نہ ملنے کا شکوہ کیا، تو سننے کو ملا ’’کہ یہاں تو سر کھجانے کی بھی فرصت نہیں اور آپ ملنے کی بات کرتے ہیں۔‘‘ ہمیں تو اب یہ محسوس ہونے لگا ہے گویا یہ سب کا تکیہ کلام ہی بن گیا ہے کہ ہر زبان پر ایک ہی جملہ سننے کو مل رہا ہے کہ ’’ہمیں فرصت ہی نہیں ملتی۔‘‘
ارے بھئی یہ فرصت کس چڑیا کا نام ہے جو آپ کے ہاتھ نہیں آرہی۔کبھی تو یہ ہر گھرمیں بڑے آرام سے اڑتی، چہچہاتی نظر آتی تھی لیکن جوں جوں وقت گزرتا گیا¡ سادگی نے دامن چھوڑا، تکلفات نے جگہ لی، بناوٹ و تصنع نے گھر کیا۔ اسٹیٹس کی ایسی دوڑ شروع ہوئی کہ خوب سے خوب تر کی تلاش میں دن کا چین گیا، راتوں کی نیندیں حرام ہوئیں۔ ایک ہی دھن سوار ہے کہ فلاں کے پاس وہ سب کچھ، میرے پاس نہیں۔ بس اسی غم میں دن رات کُڑھتے ہوئے ایسے گَھن چکر بنے کہ کولہو کے بیل بنے ہوئے نہ ہی بچوں کے لیے وقت، نہ ہی اپنے سے ملاقات کا سمے۔ وہ ملاقات جو ہماری ذات کا سُکھ چین کا باعث تھی۔
آسائشوں کی لمبی دوڑ اور کچھ پانے نہیں، بلکہ سب کچھ پانے کی ہوِس نے ہم سے زندگی کا حُسن ہی چھین لیا۔ خود اپنی ہی ذات سے بے گانہ کر کے وہ خوشیاں ہی چھین لی ہیں، جو زندگی کا محور و مرکز تھیں۔ لمبی عمروں کا باعث تھیں۔ نہ وہ بے ساختہ قہقہے و محفلیں رہیں۔ نہ بیتی باتوں کی وہ پھلجڑیاں، جو وقت بے وقت گزرے زمانوں کو یاد کر کے، کہ کیسے ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہوتے ہوئے کتنے بیتے زمانے تصور ہی تصور میں ہمیں اپنی آغوش میں لے لیتے ہیں۔ نہ ہی وہ فرصت کے لمحات رہے جب ایک دوسرے کا دکھ سکھ بانٹتے ہوئے خود کو فکروں سے آزاد کرلیتے تھے۔ ذہنی پریشانیوں کے جال میں الجھنے کے بہ جائے۔ انھیں مل کر سلجھاتے ہوئے اون کے ان پریشانیوں کے بکھیڑوں کو آسانی سے لپیٹ لیتے تھے۔ مل بیٹھنا ہی اس کا سب سے بڑا حل تھا۔ اپنوں کی سنگت میں، سادگی سے گزرے لمحے کیا کچھ یاد دلاتے ہیں۔ کہاں تو یہ عالم کوئی آگیا سو بسمہ اﷲ دلوں کی طرح دسترخواں بھی کھلا، جو بھی گھر میں بنا، چاہے دال روٹی یا چٹنی روٹی آنے والا اس میں خوشی خوشی شریک ہوگیا۔ اﷲ اﷲ خیر صلا۔ نہ کوئی شکایت، نہ بناوٹ، نہ آنے والا پریشان کہ معاف کیجیے بنا بتائے، یا بے وقت آگیا اور نہ میزبان کے ماتھے پر کوئی شکن، نہ بھاگم بھاگ پیزا، چکن بروسٹ لانے کا جھنجھٹ۔ کیسی سادگی تھی، نہ آنے والا نہ کھلانے والا تذبذب کا شکار کہ تھوڑے سے وقت میں مہمان کی خاطر داری کیسے کریں۔ مزے سے گپ شپ لگائی، ایک دوسرے کا حال احوال پوچھتے ہوئے۔ ایک دوسرے کو پیار اور خلوص بانٹتے ہوئے ایسے رخصت ہوئے کہ وہی لمحے یاد گار بن کر زندگی کو بڑھا دیتے اور اب حال یہ ہے کوئی بے وقت آگیا تو فوری بچھا ہوا دسترخوان لپیٹ ، میاں کو بازار کی دوڑ لگوائی، چکن رول سے لے کر آئس کریم تک کہ سب کچھ لے کر آئیے۔ انھوں نے ہمارے جانے پر کیسے میز بھری تھی۔ کوئی کمی نہ رہ جائے، ناک ہی نہ کٹ جائے، اور بیگم گپ شپ کے بہ جائے۔ آپ ذرا بیٹھیے، میں ابھی آئی کہتے ہوئے یوں باورچی خانے بھاگیں کہ رہے سہے لوازمات، وہ کباب، سموسے بھی لگے ہاتھوں تل لیں کہ دسترخوان خالی نہ رہ جائے اور یوں جو دو گھڑی ملنے کے میسر بھی آئے وہ بھی ہم نے تکلفات کی بھاگ دوڑ میں اور مہمان داری میں گنوادیے۔ اوپر سے یہ شکایت، اف ڈھنگ سے بات بھی نہ ہو سکی۔ بتاکر آتے تو کم از کم آرام سے سب بندوبست ہو جاتا۔
گزرے زمانوں و فی زمانہ یہی تو فرق ہے، جو ہمیں مار گیا ہے۔ یہ نام نہاد کے ڈھکوسلے اور خواہ مخواہ کے دکھاوے نے ہماری زندگی ہی اجیرن کر دی ہے۔ قصور سارا اپنا کہ بے جا لوازمات میں خود کو ایسا الجھایا ہے کہ ان سے نکل ہی نہیں پاتے اور الزام دیتے ہیں کہ ہمیں فرصت نہیں ملتی، ایک اسٹیٹس اور اپنی ناک اونچا کرنے کی فکر نے ہماری ذہنی آسودگی کو عرش سے فرش پر لاپٹخا ہے۔ اب تو ملنے پر بھی، ’’بتاؤ ماشاء اﷲ بچے اچھی ملازمت پر لگ گئے۔ تم لوگوں کی محنت نے بچوں کو کیا سے کیا بنا دیا۔‘‘ پہلے اب یہ باتیں کہاں سننے کو ملتی ہیں اور اب بچوں کو کچھ بنانے کے بہ جائے ان کے لیے کچھ بنانے کے خیال نے بات چیت کا انداز ہی بدل دیا ہے۔ ’’ارے تم نے بیٹے کے لیے کون سی گاڑی خرید لی۔ میں نے تو اپنے بیٹے کے لیے نئی ماڈل کی گاڑی خریدی ہے اور موبائل بھی وہ والاجو آج کل مارکیٹ میں نیا آیا ہے۔ اس کے دوست کے پاس وہی تھا۔ سو اس کی فرمائش تو پوری کرنی تھی اور پھر چل سو چل، قصہ گاڑی، موبائل سے ہوتا ہوا ختم ہوتا ہے کہ تم نے ڈیفنس میں کوئی پلاٹ وغیرہ لیا اور سننے والا صدمے میں ایسے جاتا ہے کہ میاں کے کان کھاتا ہے کہ دیکھ لیں ان کے پاس ہر چیز نئی سے نئی اور ایک ہم ہیں بیوی کا رونا دیکھ کرمیاں قرضوں کا بوجھ اٹھائے راہ عدم سدھار جاتے ہیں۔
آج کل کے زمانے کی سو فی صد ہو بہو تصویر ہے۔ خواہشوں کے اِزدحام نے انسان کو ایسے نگلا ہے کہ یہ بھی حاصل کرنا، وہ بھی حاصل کرنا، کوٹھی، بنگلا آگیا، تو مہنگے سے مہنگا فرنیچر و پردے بھی درکار، رکھ رکھاؤ کے لیے لباس بھی قیمتی، ہاتھوں میں نئی گھڑی اور موبائل اور اس بھیڑ چال میں کچھ وقت اپنے لیے نکالنے کا سوچتے بھی ہیں، تو پھر خیال آتا ہے۔ بہتر ہے وہ کام بھی کر ہی لوں، اچھا موقع ہے، منافع ہی منافع ہے اور اس منافع کو حاصل کرنے کے لیے ہم جو اپنی لاکھوں سی قیمتی جان کا منافع داؤ پر لگارہے ہیں، جو صرف اور صرف فراغت و فرصت کے لمحات میں پوشیدہ و انھی کی مرہون منت ہے۔ یعنی اپنی صحت، قیمتی ان مول دولت کو یوں ضائع کرتے ہوئے، ہمیں تھوڑا سا بھی دکھ و ملال نہیں ہوتا۔ وہ دولت جو کسی قیمت پر ہمیں دوبارہ نہیں مل سکتی۔ ذرا غور سے اپنے آپ کو کبھی آئینے میں دیکھتے ہوئے اپنا جائزہ لیجیے۔
لاکھوں سی جان کو ہم نے مصروفیت کے تانوں بانوں میں الجھاکر ایسا توڑا مروڑا ہے کہ ہماری اصلی صورت ہی بگڑ کر رہ گئی ہے۔ یہ وقت سے پہلے آتا ہوا بڑھاپا، یہ بالوں میں سفیدی، ماتھے پر شکنیں، نظر میں دھندلاہٹ، ٹانگوں میں درد، سب شکستہ عمارت کی وہ نشانیاں، جو حاصل کو چھوڑ کر لاحاصل کے پیچھے ہم نے پائی ہیں۔ سب کچھ حاصل کرنے کی تمنا میں آج عمر کی اس منزل پر آئینہ کیسے آپ کے حالت زار کی چغلی کھا رہا ہے۔ جن چیزوں کو حاصل کرنے کے لیے تم نے زندگی بتادی۔ خوار ہوتے رہے ، ریشم و اطلس کے خواب دیکھتے رہے۔آج تمہاری دسترس سے دور تمہارے لیے بے معنی ہوگئی ہیں کیونکہ تم میں اب نہ وہ جان ہے نہ وہ ہمت ہے کہ ان سے لطف اندوز ہو سکو ۔
آنکھوں میں وہ دم نہیں، ٹانگوں میں بھاگنے کی جان نہیں، دوائیوں اور گولیوں سے فرار ناممکن، وہ ہی اب آپ کی ہم دَم و ساتھی۔ اگر نہ ملیں تو کیسے کیسے مرض حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ دواؤں کا ایسا عادی بنایا، جس کے بغیر جینا محال ہوگیا۔ سوچو تو بہت کچھ، نہ سمجھو تو کچھ بھی نہیں۔ اب بھی وقت ہے ، زندگی کی گاڑی کی رفتار کچھ کم کر کے اپنی عمر کو صحت مند بنائیں۔ فرصت نہ ملنے کا رونا روکر اسے داؤ پر مت لگائیں، سُکھ، چین، شانتی، سکون سے بیٹھ کر ہر مسئلے کا حل نکالیں۔ ہر چیز کو ذہن پر سوار مت کریں کہ یہ نہ ہوا تو وہ ہو جائے گا، ایسے نہ ہوا تو یہ ہو جائے گا۔ کچھ نہیں ہوگا۔ آپ صحت مند ہوں گے تو سب کچھ ہوجائے گا۔ ہر کام پایۂ تکمیل تک پہنچ ہی جاتا ہے۔
عمر کی وہ نقدی، یوں بے دریغ انتھک لٹاتے خرچ کرتے ہوئے ہم اس احساس سے ہی عاری ہوگئے کہ جانے زندگی کے کتنے پل باقی ہیں، جو باقی رہ گئے ہیں۔ کاش ہم کبھی فرصت کے چند لمحوں میں کبھی اپنے لیے بھی تو جیتے۔‘‘ اپنی زندگی تو جیتے، اپنے آپ کو آئینے کے سامنے سنوارتے ہوئے کبھی اپنے اندر تو جھانکتے کہ ہمیں کیا چاہیے۔ وہ قیمتی لمحات زندگی کے جو بیت گئے واپس نہیں آئیں گے۔ آسائش آپ خرید سکتے ہیں، لیکن زندگی نہیں خرید سکتے۔ زندگی کے آخری اوور کو پورا کرنے کے لیے زندگی کی خالی کشکول میں کوئی چند سکے بھی زندگی کے، آپ کو ادھار نہیں دے سکتا۔
اس لیے فرصت کا رونا روکر اپنی زندگی کو گہن مت لگائیے، جو آپ کے پاس ہے اسے غنمت جانیے کہ اﷲ کا دیا سب کچھ ہے۔ اسی میں آپ کے آج کا سکھ و چین ہے اور کل کی طویل العمری کی نوید ہے۔ اپنے آج کو کل کے لیے قربان مت کریں جیب میں جتنی بھی فرصت کے پل ملیں، انھیں استعمال کیجیے کیوں کہ کل یہ بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ کھوٹے سکے بن کر آپ کے کسی کام نہ آئیں گے۔ کسی سے ملنا ہے، کسی کا حال پوچھنا ہے، کسی کی تیمار داری کرنی ہے تو اپنی مصروفیت کا دامن جھٹک کر ’’وقت‘‘ نکالیے۔ زندگی اتنی ارزاں شے نہیں کہ اسے یوں توڑ مروڑ دیا جائے۔ قدرت کے اس ان مول عطیے سے فیض اٹھاتے ہوئے، پل پل زندگی اپنے لیے جیتے ہوئے، یہ مت کہیے کہ فرصت نہیں ملتی بلکہ یوں کہیے کہ وقت نکالنا پڑتا ہے تو پھرآج ہی سے اپنے لیے وقت نکالیے۔ یہ نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے اور آپ کے بنگلے، کوٹھیاں، گاڑیں گویا کہ آہیں بھرتے ہی رہ جائیں کہ ہمیں حاصل کرنے کے لیے ہمارے کارن تم نے اپنی زندگی کے بے بہا فرصت کے لمحات گنوادیے۔ آج ہم تو وہیں کھڑے ہیں، لیکن تم نے اس اپنی تمام عمر کی تگ و دو میں کیا حاصل کیا ’’صرف دو گز زمین کا ٹکڑا‘‘ اب تو سمجھ جائیں، زندگی آپ سے کیا مانگتی ہے۔ چلتی کا نام گاڑی ہے۔ رک جائے، کھڑی ہو جائے تو بے کار، دوسروں کے لیے بوجھ ،جینا مشکل و دوبھر ، اس لیے اسے چلتا رکھنے کے لیے فراغت و فرصت کا تیل ضرور دیجیے ورنہ زنگ آلود گاڑی تو دھکا دینے سے بھی نہیں چلتی اور دنیا کیا اپنے بچوں پر بھی بوجھ بنی نظر آتی ہے۔