ٹرمپ کا بائیڈن کے احکامات واپس لیکر اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم فراہم کرنے کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سبکدوش صدر جو بائیڈن کے احکامات واپس لے کر اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ بم فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کو ہدایت کی کہ وہ سابق صدر جو بائیڈن کی طرف سے اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کی فراہمی پر عائد پابندی ختم کرے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات ہفتے کو بتائی جب کہ ان کی جانب سے اس اقدام کی پہلے ہی توقع کی جا رہی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایئر فورس ون طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے انہیں جاری کردیا، ہم نے انہیں آج جاری کیا، وہ انہیں حاصل کرلیں گے، انہوں نے ان کے لئے ادائیگی کی اور وہ طویل عرصے سے ان کے لیے انتظار کر رہے تھے، وہ اسٹوریج میں پڑے تھے۔
جو بائیڈن نے ان بموں کی فراہمی روک دی تھی کیونکہ انہیں خدشات تھے کہ ان بموں کے اسرائیل کی غزہ خاص طور پر رفح میں جاری کارروائی کے دوران عام آبادی پر اثرات ہوں گے۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے طاقتور بم کیوں فراہم کیے تو ڈونلڈ ٹرمپ نے جواب دیا کہ کیونکہ انہوں نے انہیں خریدا تھا۔
2ہزار پاؤنڈ وزنی ایک بم کنکریٹ کی موٹی دیوار اور کسی بھی دھات کو تباہ کر سکتا ہے، اس دھماکے سے پیدا ہونے والی شدت بہت بڑے علاقے کو متاثر کرتی ہے۔
رائٹرز نے گزشتہ برس رپورٹ کیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے 7 اکتوبر 2023 کو غزہ سے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی کارروائی کے بعد اسرائیل کو ہزاروں 2 ہزار پاؤنڈ بم فراہم کیے تھے لیکن ایک کھیپ روک لی تھی۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو ہزار پاؤنڈ
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل ایمرجنسی لگانے کی دھمکی دے دی
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر میئر واشنگٹن ڈی سی نے امیگریشن حکام کے ساتھ تعاون نہ کیا تو وفاقی حکومت نیشنل ایمرجنسی نافذ کر کے دارالحکومت کو براہِ راست کنٹرول میں لے لے گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو کے ڈیموکریٹس میئر موریئل بوسر پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ وفاقی اداروں کو غیر قانونی مقیم افراد کی معلومات فراہم نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے تعاون نہ کیا تو واشنگٹن ڈی سی میں جرائم بڑھ جائیں گے۔
میئر موریئل بوسر کا مؤقف ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس غیر قانونی تارکین وطن کے ڈیٹا کو امیگریشن حکام کو نہیں دے گی۔ تاہم ٹرمپ نے عوام اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور ضرورت پڑنے پر نیشنل ایمرجنسی نافذ کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا کی 50 ریاستوں میں نیشنل گارڈز عام طور پر گورنرز کو جوابدہ ہوتے ہیں، لیکن واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ براہِ راست امریکی صدر کے ماتحت ہے۔