پاکستان کسٹمز نے کارکردگی کو جدید بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، چیئرمین ایف بی آر
اشاعت کی تاریخ: 26th, January 2025 GMT
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال کا کہنا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے اپنی کارکردگی کو جدید بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں پاکستان سنگل ونڈو ( پی ایس ڈبلیو) اور فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کا نفاذ شامل ہے ان اقدامات سے تجارتی عمل تیز، شفاف اور آسان ہو گیا ہےجس کے نتیجے میں محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
تقریب میں عمان، انڈونیشیا، کویت کے قونصل جنرلز، روس اور متحدہ عرب امارات کے قونصل خانوں کے نمائندوں، چیف کمشنرز، چیف کلکٹرز، کلکٹرز، کسٹمز کے دیگر سینئر افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے ، کاروباری اور سماجی شخصیات شریک ہوئے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو انٹرنیشنل کسٹمز ڈے 2025 کی مناسبت سے کسٹمز ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے خطاب میں تاجروں کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تجارتی حلقے پاکستان کسٹمز کی جانب سے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ پر خوش ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے ورلڈ کسٹمز تھیم 2025 "Customs delivering on its commitment to efficiency, security and prosperity" کو پاکستان کسٹمز کے لیے نہایت اہم قرار دیا کیونکہ پاکستان کسٹمز خود کو ایک جدید، متحرک اور مستقبل کو پیش نظر رکھنے والا ادارہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ممبر کسٹمز آپریشنز (ایف بی آر) جنید جلیل نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان کسٹمز ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے، اسمگلنگ کی روک تھام کرنے ، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سہولتیں فراہم کرنے میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم بھی کیں یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہر سال 26 جنوری کو دنیا بھر میں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے منایا جاتا ہے۔
گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پاکستان کے تمام کسٹمز کلکٹریٹس میں ورلڈ کسٹمز ڈے منایا گیا جن میں سے کسٹمز ہاؤس کراچی میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی تقریب قابل ذکر تھی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان کسٹمز ایف بی آر
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں نمایاں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا ایک ہزار 800 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے ہوگئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 18 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 96 ڈالر پر آگیا۔