لاہور: شہری سے رقم چھیننے والا نوسر باز گداگر گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
لاہور:
مسلم ٹاؤن روڈ پر گداگری کے بہانے واردات کرنے والا نوسر باز گداگر گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فیصل آباد کے شہری عبدالرحمن سے رقم چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
عبدالرحمن کاروباری سلسلے میں فیصل آباد سے لاہور آیا تھا جب گداگروں نے اسے مسلم ٹاؤن روڈ پر نشانہ بنایا۔ اطلاع ملتے ہی ڈولفن فورس کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے شہری کی چھینی گئی رقم، ایک لاکھ 50 ہزار روپے، برآمد کر کے موقع پر ہی عبدالرحمن کو واپس کر دی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جس پر مزید کارروائی کے لیے اسے تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
راولپنڈی میں گداگروں کیخلاف کریک ڈاؤن
دریں اثنا راولپنڈی پولیس کا شہر بھر میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 87 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق، پیشہ ور گداگروں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں، جو تھانوں، اینٹی بیگری اسکواڈ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہر کی سڑکوں اور چوراہوں پر ان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایران میں زائرین کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والے نیٹ ورک کا اہم ملزم گرفتار
لاہور:وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے ایران میں زائرین کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والے نیٹ ورک کے اہم ملزم کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف ائی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے ایک بڑی کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت محمد ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ایران میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے ایران جانے والے 2 شہریوں کو اغوا کروایا اور ان کے اہل خانہ سے تاوان کی مد میں 50 لاکھ روپے وصول کیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے اپنے مکروہ دھندے کو چھپانے کے لیے رقوم کی بیرون ملک منتقلی بذریعہ حوالہ ہنڈی کی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم ایران میں اپنے نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کو اغوا کرواتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم متاثرین کو رہا کروانے کی مد میں پاکستان میں ان کے اہل خانہ سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔