کورنگی سے دو کمسن بھائی لاپتا، نامعلوم شخص ساتھ لے گیا
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
کراچی:
کورنگی سیکٹر اڑتالیس میں دو کمسن بھائی لاپتا ہوگئے، فلیٹ کے احاطے سے نامعلوم شخص بچوں کو ساتھ لے گیا، پولیس نے ذاتی دشمنی کا معاملہ قرار دے دیا۔
ایکسپریس کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی سیکٹر اڑتالیس آٹھ البرک ٹاور کے قریب سے اچانک 2 کمسن بھائی لاپتا ہوگئے، زمان ٹاؤں پولیس نے لاپتا ہونے والے دو کمسن بھائیوں 4 سالہ زین علی اور7 سالہ اعظم کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمہ مغوی بھائیوں کی والدہ کائنات دختر جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مدعیہ خاتون کائنات نے پولیس کو بتایا کہ 2013ء میں اس کی شادی وسیم عباس سے کے پی کے ہری پور ہزارہ میں ہوئی تھی جس سے ان کے دو بچے ہیں ہم دونوں میاں بیوی میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا اورچارسال قبل میرے سسر محمد نصیر مجھے کراچی چھوڑ کر چلے گئے تھے اورمیرے بچے ہری پور ہزارمیں ہی رکھ لیے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 28 ستمبر 2024ء کو میں اپنے والد کے ہمراہ ہری پور ہزارہ اپنے بچوں سے ملنے گئی مگر مجھے میرے سسر نے بچوں سے ملنے نہیں دیا جس پرمیں نے ہری پور کورٹ میں بچوں کی حوالگی کے لیے کیس دائرکیا، عدالت نے 7 نومبر 2024ء کو میرے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے بچے میرے حوالے کردیئے اور میں بچوں کو لے کر کراچی آ گئی۔
والدہ نے بتایا کہ 30 جنوری کی رات ساڑھے 8 بجے کے قریب میرے دونوں بچے اپنے دوست شایان کے ساتھ فلیٹ کے نیچے پورشن میں کھیلنے کے لیے گئے اورساڑھے 10 بجے بجلی آنے کے بعد فلیٹ کے واچ مین کو فون کیا میرے بچے شایان کے ساتھ کھیلنے گئے تھے انہیں تلاش کرو 5 سے 7 منٹ کے بعد واچ مین نے مجھے واپس فون کیا اور بتایا کہ آپ کے بچے نیچے موجود نہیں ہیں لیکن ان کا دوست شایان موجود ہے۔
والدہ کے مطابق بچے شایان نے بتایا کہ ایک شخص جس نے سن گلاسز لگائے ہوئے تھے چہرے پر ہلکی داڑھی تھی اس نے عظیم اور زین کا نام پکارا اور اپنے پاس بلایا اور اپنے ساتھ لے کر چلا گیا لہذا اس نامعلوم شخص کے خلاف میرے بچوں کے اغوا کا مقدمہ درج کیا جائے۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن عتیق الرحمن کا کہنا ہے کہ پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد بچوں کی تلاش شروع کردی ہے تاہم بچوں کے اغوا کا مقدمہ میاں بیوی کے درمیان تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے پولیس اپنی تفتیش کررہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
شادی کے دن لاپتا ہونے والے نوجوان کی واپسی، ‘زبردستی’ کے رشتے سے بھاگ کر سڑکوں پر پھرنے کا انکشاف
کراچی سے لاپتا ہونے والا دولہا جہانزیب 5 روز بعد واپس گھر پہنچ گیا۔
جہانزیب شادی کے روز تیار ہونے کے لیے قریبی سیلون گیا تھا مگر واپس نہ آیا جس پر اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس کو درج کرائی۔
واقعے نے مقامی آبادی میں تشویش پیدا کردی تھی اور سوشل میڈیا پر طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیے: جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی
اپنے ابتدائی بیان میں جہانزیب نے پولیس کو بتایا کہ وہ شادی کے دباؤ کی وجہ سے خود ہی گھر سے گیا تھا۔ اس نے اعتراف کیا کہ وہ 5 دن سڑکوں پر گزارتا رہا اور کسی زبردستی کے اغوا کی تردید کی۔
پولیس کے مطابق یہ رشتہ خاندان کی مرضی سے طے پایا تھا، تاہم جہانزیب ذہنی طور پر پریشان دکھائی دیا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس وقت اس کی ذہنی اور جسمانی حالت ایسی نہیں کہ وہ کچھ بیان کرسکے اس لیے وہ کوئی تفصیل فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
واضح رہے کہ دولہا کی گمشدگی کا واقعہ کراچی کے علاقے مدینہ کالونی، کورنگی نمبر 4 میں 11 ستمبر کو پیش آیا تھا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
رشتہ شادی گمشدگی