لاہور؍ گوجرانوالہ؍ حافظ آباد؍ قصور؍ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگی بجلی، آئی پی پیز مافیا اور تنخواہ دار طبقے پر ناجائز ٹیکسز اور بھاری بجلی بلز  کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، قصور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں عوام کی بڑی تعداد نے کتبے، پینا فلیکس اور بینرز اٹھا کر شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے مظاہروں کی قیادت کی اور شرکاء سے خطاب کیے۔ بینروں اور کتبوں پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ قائدین نے بجلی سستی کرنے اور آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ کے نتیجے میں قومی خزانے کو پہنچنے والے فائدے کو عوام کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کرنے کے مطالبات کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، غریب پس گیا ہے، حکومت فوری طور پر بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، تنخواہ داروں پر ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں، جاگیرداروں پر ٹیکس عائد اور چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت نے احتجاجی تحریک کو ری لانچ کر دیا ہے، پرامن مزاحمت جاری رہے گی اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے، آنے والے دنوں میں تحریک مزید تیز ہو گی۔ مزیدبرآں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آج  ہفتہ کو منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران احتجاجی تحریک کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جی نائن میں ہونے والے مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے خطاب کیا۔ لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے سے امیر لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ مردان میں امیر کے پی وسطی عبدالواسع نے مظاہرہ کی قیادت کی۔ امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے ٹنڈوالہ یار، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان اور امیر ضلع مولانا اسد اللہ نے دیرپائن میں مظاہروں سے خطاب کیا۔ گجرات میں اسلامک سنٹر سے گیپکو تک نکالی جانے والی احتجاجی ریلی کی قیادت امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، نائب امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر خالد محمود، قائم مقام امیر ضلع میاں شبیر احمد خاور نے کی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں نائب امیر صوبہ مولانا سلیم اللہ ارشد، امیر ضلع منظر مسعود خٹک، حافظ آباد میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رانا تحفہ دستگیر، امیر ضلع ملک شوکت علی بھلروان، سرائے نورنگ میں صوبائی سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک، امیر ضلع مفتی عرفان اللہ نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی اور خطاب کیا۔ امیر جماعت کی ہدایت پر واپڈا ہاؤس پشاور کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے امیر ضلع بحراللہ خان نے خطاب کیا۔ بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ سے امیر ضلع سید علی مردان شاہ، کندھکوٹ پریس کلب کے سامنے امیر ضلع غلام مصطفی میرانی نے خطاب کیا۔ جیکب آباد میں مقامی دفتر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس سے امیر شہر حاجی دیدار علی لاشاری نے خطاب کیا۔ بونیر میں امیر ضلع انجینئر ناصر علی، اوکاڑہ میں امیر ضلع رضوان احمد، شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں امیر ضلع طارق شاہ، چارسدہ میں امیر ضلع شاہ حسین ایڈووکیٹ، ننکانہ میں ضلعی سیکرٹری جنرل ہمایوں محمود، تاندلیانوالہ میں امیر ضلع فیصل آباد غربی سردار عثمان علی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ دیگر شہروں میں بھی مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف  احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔  امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے بجلی بلز پر وعدہ خلافی کرکے اپنے لئے مسائل پیدا کر لئے ہیں۔ ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐ کا نظام حیات کو نافذ العمل کیا جائے۔ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ معاشی بدحالی نے قوم کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ بجلی کے بلوں میں تاحال ریلیف نہ دینے کے خلاف امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء  الدین انصاری ایڈووکیٹ کی زیر قیادت  ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کی پلے کارڈ اٹھا کر  بجلی کی قیمتوں میں ریلیف نہ ملنے کیخلاف شدید نعری بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرے میں سیکرٹری جنرل  جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ، عامر نثار خان،  حسان بن جبران، مرزا عبدالرشید، میاں خبیب نذیر، شاہد نوید ملک، چوہدری محمود الاحد، شیخ انور، امراء و سیکرٹریز جماعت اسلامی شمالی، جنوبی، وسطی، جنوبی اور غربی لاہور کے عہدیداروں  و کارکنان کی بڑی تعداد  نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء  سے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء  الدین انصاری ایڈووکیٹ، اظہر بلال، انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت، جبران بٹ و دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی و پٹرول کی قیمتیں آسمان پر، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ حکومت آئی پی پیز معاہدوں کی مد میں 1100ارب روپے کا فائدہ عوام کو منتقل کیلئے تیار نہیں ہے۔ قائدین نی احتجاجی مظاہرے میں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز مافیا سے بچت کا فائدہ عوام کو دیا جائے۔ حکومت بجلی فی یونٹ اور پٹرول پر لیوی کم ازکم 30 روپے کمی کرکے عوام کو ریلیف دے۔ قصور اور اس کے نواح سٹی چونیاں میں جماعت اسلامی نے مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف پرامن اجتجاج کیا۔ قصور میں زیر قیادت احمر صدیقی امیر سٹی قصور جماعت اسلامی ہمراہ 13/14کارکان کے بلدیہ چوک کے مقام پر مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا۔ جبکہ حافظ نذیر احمد ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی تحصیل چونیاں 10/ 12 کارکنوں کے ہمراہ مہنگی بجلی کے خلاف واپڈا آفس چونیاں کے سامنے پرامن احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ میں بھی بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور آئی پی پیز مافیا کیخلاف ضلع بھر کے 13سے زائد مقامات راہوالی کینٹ، چھچھروالی، پرانی چونگی،کھیالی اڈا، دھلے چوک، گھوڑے شاہ چوک، گلہ منڈی واہنڈو، مین بازار کامونکی، نوشہرہ ورکاں، پپناکھہ، لدھیوالہ وڑائچ، قلعہ دیدار سنگھ پر احتجاجی ریلیاں اور دھرنے دئیے گئے۔ کھیالی میںاحتجاجی مظاہرہ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کی۔ محمد جاوید قصوری، مظہر اقبال رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو بجلی سستی کرنا پڑے گی اور ناجائز ٹیکسز واپس لینا ہوں گے، عوام پر بوجھ ڈالنے پر ن لیگ، پی پی پی اور پی ٹی آئی میں اتحاد ہے، یہ تینوں جماعتیں بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگانا چاہتی، عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومتی خزانہ خالی ہے، لیکن اپنی تنخواہوں میں ارکان پارلیمان نے مل جل کر 140فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔  پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 آزادی اظہار رائے پر قدغن لگانے کی کوشش قابل مذمت ہے، فارم 47کی بنیاد پر کھڑی جھوٹی حکومت حق اور سچ کی آواز سے خوفزدہ ہے، اس لیے اس کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، مقتدر قوتیں ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہیں، جماعت اسلامی اس کالے قانون کو مسترد کرتی ہے۔ حافظ آباد میں  احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب رانا تحفہ دستگیر، ضلعی امیر ملک شوکت علی پھلروان، رکن صوبائی شوری امان اﷲچٹھہ ، پروفیسر محمد ایوب طاہراور حنیف گوندل نے کی۔ ریلی علی پورروڈ سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر ایک جلسہ کی شکل اختیار کرگئی جہاں مقررین نے شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا  ممبران اسمبلی کی تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن  نے کہا ہے کہ حیران کن صورتحال ہے کشمیر ایشو سمیت کئی مسائل پر جن سے ہمیں لڑنا چاہے اس سے مذاکرات اور جن سے مذاکرات ہونے چاہئیں ان سے ہم لڑ رہے ہیں۔  کشمیر ایشو پر نئی جماعت اسلامی ہی مسلسل آواز بلند کررہی ہے۔ حکومت کی ترجیحات ہی کچھ اور ہیں حالانکہ بھارت کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں میڈیا نمائندگان اور 72ویں اسلامی جمعیت طلبہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم  نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہونا اچھی بات ہے مگر دونوں کو بڑوں سے پرمیشن لینی پڑتی ہے۔ اسی وجہ سے ان کے معاملات خراب ہو جاتے ہیں۔ نواز دور میں پیکا کا آغاز ہوا، عمران خان نے اسے تقویت دی۔ یہ مخالفین کو دبانے کیلئے دراصل  بنا۔ اس کی منظوری دینے والے بتائیں کہ کون اور کب کتنے لوگ 2016 سے لیکر اب تک اس کی زد میں آئے۔ پیکا کو بنیاد بناکر مخالفین کو کچلنا کسی صورت درست نہیں۔ فلسطین کی طاقت توڑنے کا دعویٰ کرنے والے ان کے جذبہ کو کبھی توڑ نہیں پائے۔ ادھر  جماعت اسلامی ضلع گجرات کے زیر اہتمام بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف اسلامک سنٹر گجرات سے گیپکو آفس  تک احتجاجی ریلی نکال گئی۔ ڈاکٹر طارق سلیم امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی نے ریلی کی قیادت کی۔ ڈاکٹر خالد محمود ثاقب ، میاں شبیر احمد خاور رانا محمد عمر صدیق حافظ محمد اقبال ، چوہدری اظہر اقبال ، چوہدری انس مجاہد ، راجہ نعیم خاور، حاجی اسلم جاویدو دیگر افراد نے شرکت کی شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈ تھام رکھے تھے ۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: جماعت اسلامی لاہور امیر جماعت اسلامی احتجاجی مظاہرے ئی پی پیز مافیا خطاب کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا احتجاجی ریلی سیکرٹری جنرل کی قیادت کی نے خطاب کیا مہنگی بجلی ا ئی پی پیز ہونے والے حافظ نعیم پریس کلب کے سامنے نے والے عوام کو کے خلاف نے کہا کہا کہ

پڑھیں:

جے یو آئی، جماعت اسلامی کا فلسطین پر ملک گیر مہم چلانے کا اعلان

 

مجلس اتحاد امت کے نام سے نیا پلیٹ فارم تشکیل دے دیا،فلسطینیوںسے اظہارِ یکجہتی کے لیے 27؍اپریل کو مینارِ پاکستان پر بہت بڑا جلسہ او رمظاہرہ ہوگا، لاہور میں اجتماع بھی اسی پلیٹ فارم کے تحت ہوگا

کوشش ہے پی ٹی آئی سے تعلقات کو واپس اسی سطح پر لے آئیں جہاں مشترکہ امور پر بات ہوسکے ،پی پی ، (ن)، جماعت اسلامی سے اختلاف ہے لڑائی نہیں،مولانا فضل الرحمن کی منصورہ میں حافظ نعیم سے ملاقات

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مجلس اتحاد امت کے نام سے نیا پلیٹ فارم تشکیل دے رہے ہیں،فلسطینیوںسے اظہارِ یکجہتی کے لیے 27 اپریل کو مینارِ پاکستان پر بہت بڑا جلسہ او رمظاہرہ ہوگا ۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹرز منصورہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملک کی مجموعی خصوصاً غزہ ،فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مولانا فضل الرحمن نے حافظ نعیم الرحمن سے پروفیسر خورشید کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا۔ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے حافظ نعیم الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یکسو ہو کر غزہ کے فلسطینیوں کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ، حکمران غزہ کیلئے اپنا فرض کیوں ادا نہیں کر رہے ؟ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتیں مینار پاکستان جلسے میں شرکت کریں گی، اگر یہاں کوئی چھوٹی موٹی اسرائیلی لابی ہے بھی تو اس کی کوئی حیثیت نہیں، فلسطین کیلئے پورے ملک میں بیداری مہم بھی چلائیں گے تاکہ ہماری قوم، امت مسلمہ اور اس کے حکمران یکسو ہوکر مظلوم فلسطینیوں کے مداوے کے لیے کچھ کردار ادا کرسکیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پوری امت مسلمہ کیلئے باعث تشویش ہے ۔مجلس اتحاد امت کے نام سے ایک پلیٹ فارم تشکیل دے رہے ہیں، لاہور میں اجتماع بھی اسی پلیٹ فارم کے تحت ہوگا، جس میں تمام مذہبی پارٹیاں اور تنظیمیں شریک ہوں گی اور مینار پاکستان جلسے میں فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کریں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ فلسطین کے معاملے پر امت مسلمہ کا بڑا واضح موقف ہونا چاہیے مگر ایسا نہیں ہے اور یہ امت مسلمہ کی کمزوریاں ہیں، امت مسلمہ کو اپنے حکمرانوں کے رویے سے شکایت ہے کہ وہ اپنا حقیقی فرض کیوں ادا نہیں کررہے ۔ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ صوبائی خودمختاری کے حوالے سے جے یو آئی کا منشور بڑا واضح ہے ، ہر صوبے کے وسائل اس صوبے کے عوام کی ملکیت ہیں، ہمارا آئین بھی یہی کہتا ہے ۔سندھ کے لوگ اگر اپنے حق کی بات کرتے ہیں تو انہیں روکا نہیں جاسکتا، بہتر ہوتا کہ ہم مرکز میں تمام صوبوں کو بٹھاتے اور متفقہ لائحہ عمل طے کرتے ، یہ حکمرانوں کی نااہلی ہے کہ ہر مسئلے کو متنازع بنادیتے ہیں۔26 ویں ترمیم کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس ترمیم پر ہمارا اختلاف تھا اسی لیے 56 شقوں میں سے حکومت کو 34 شقوں سے دستبردار کرایا گیا،آئینی ترمیم پر ہر جماعت کے اپنے نکات ہوتے ہیں، ہم نے کبھی یہ نہیں کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم آئیڈیل ہے ، دھاندلی پر ہمارا اور جماعت اسلامی کا موقف بہت زیادہ مختلف نہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نہروں کا فیصلہ تمام صوبوں سے اتفاق رائے سے ہونا چاہیے تھا، حکمرانوں کی نااہلی ہے کہ مسئلے کا حل تلاش نہیں کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات کو واپس اسی سطح پر لے آئیں جہاں مشترکہ امور پر بات چیت ہوسکے ، ہمارا اختلاف پیپلز پارٹی، (ن)لیگ، جماعت اسلامی سے بھی ہے لیکن لڑائی نہیں ہے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کافی عرصہ سے ارادہ تھا کہ جب لاہور آئوں تو منصورہ بھی آئوں تاکہ باہمی رابطے بحال ہوں، آج کی ملاقات میں پروفیسر خورشید کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے ، 27 اپریل کو مینار پاکستان میں غزہ کے حوالے سے بہت بڑا جلسہ اور مظاہرہ ہوگا، اس میں ہم سب شریک ہوں، ملک بھر میں بیداری کی مہم چلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد امت کے نام سے پلیٹ فارم تشکیل دے رہے ہیں، لاہور میں 27 اپریل کو ہونے والی کانفرنس اسی پلیٹ فارم سے ہوگی، دنیا میں ہر قسم کے لوگ ہیں جو لوگ اسرائیل گئے وہ پاکستان یا مسلمانوں کے نمائندے نہیں تھے ، امت کو مسلم حکمرانوں کے رویوں سے تشویش ہے ۔انہوںنے کہا کہ جہاد انتہائی مقدس لفظ ہے ،اس کی اپنی ایک حرمت ہے ، جہاد کا مرحلہ تدبیر کے تابع ہوتا ہے ، آج جب مسلم ممالک تقسیم ہیں تو جہاد کی صورتیں بھی مختلف ہوں گی، ہمیں لوگوں کی باتوں کی پروا نہیں ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ شریعت اور اسلام کیا کہتا ہے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جن علما ئے کرام نے فلسطین کے حوالے سے جہاد فرض ہونے کا اعلان کیا ان کے اعلان کا مذاق اڑایا گیا، ان ہی علما ئے کرام نے ملک کے اندر مسلح جدوجہد کو حرام قرار دیا اس پر کیوں عمل نہیں کیا جاتا؟۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فلسطین سے متعلق ہم مولانا فضل الرحمان کے موقف کے ساتھ ہیں، جماعت اسلامی اور جمعیت علما ئے اسلام نے اصولی طور پر طے کیا ہے کہ دونوں جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گی، 26ویں آئینی ترمیم ہماری نظر میں غیر ضروری تھی، 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے جے یوآئی کی اپنی پالیسی تھی، آج کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت غزہ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہم فوری نئے الیکشن نہیں بلکہ فارم 45 کی بنیاد پر نتائج چاہتے ہیں، جماعت اسلامی فوری الیکشن کے حق میں نہیں ، آئین اور جمہوریت کی بالادستی سب کو قبول کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ اداروں کواپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے ، ملک میں مہنگائی ہے مگر حکومتی اعداد و شمار میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے 27 اپریل کو مینارپاکستان پر بہت بڑا جلسہ اور مظاہرہ ہوگا جس میں مذہبی جماعتیں شرکت کریں گی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ اور انسانیت کا سب سے بڑا مسئلہ فلسطین اور غزہ ہے ، اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں ظلم کررہا ہے ، اس پر ہمارا اتفاق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ سیاسی جماعتیں اس حوالے سے اپنا موقف واضح کریں اور مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوں اور ظالموں کی مذمت کریں، چاہے وہ امریکہ ہو یا اسرائیل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سب کو آئین اور جمہوریت کی بالادستی ہونی چاہیے اور سب کو قبول کرنی چاہیے ، اور تمام اداروں کو اپنی اپنی آئینی حدود میں کام کرنا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اپنا ایک نظام ہے ، 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے جماعت اسلامی کا اپنا ایک موقف ہے اور ہم نے اس ترمیم کو کلیتا ًمسترد کیا تھا، اپنے اپنے پلیٹ فارم سے ہم جدوجہد کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا الیکشن کے حوالے سے موقف تھوڑا سا مختلف ہے ، ہم الیکشن میں دھاندلی کے موقف پر جے یو آئی سے اتفاق کرتے ہیں مگر ہم فوری طور پر نئے الیکشن کا مطالبہ نہیں کررہے ۔اس پر ہمارا موقف ہے کہ چونکہ فارم 45 اکثر لوگوں کے پاس موجود ہے اور انتخاب کو ابھی ایک سال ہوا ہے ، تو ہمارا موقف یہ ہے کہ اتفاق رائے سے ایک جوڈیشل کمیشن بنایا جائے جو فارم 45 کی بنیاد پر فیصلے کرے ۔

متعلقہ مضامین

  • بھارتی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف آزاد کشمیر میں احتجاجی مظاہرے
  • پہلگام حملہ، بھارتی اقدامات کیخلاف آزاد کشمیر میں متعدد احتجاجی مظاہرے
  • کل کی ہڑتال اسرائیل‘ بھارت‘ امریکہ پر مشتمل شیطانی ٹرائی اینگل کیخلاف: حافظ نعیم
  • اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن کے باہر مظاہرہ، اندر داخل ہونے کی کوشش: پہلگام واقعہ ’’را‘‘ نے کرایا، مشعال ملک
  • بھارت کے خلاف کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے
  • پہلگام حملہ: بھارتی اقدامات کیخلاف آزاد کشمیر میں متعدد احتجاجی مظاہرے
  • 26 اپریل کی ہڑتال امریکا، اسرائیل، بھارت کیخلاف ہے: حافظ نعیم الرحمٰن
  • اسٹیبلشمنٹ فیڈریشن کو ون یونٹ نظام نہ بنائے: لیاقت بلوچ
  • ''اسرائیل مردہ باد'' ملین مارچ
  • جے یو آئی، جماعت اسلامی کا فلسطین پر ملک گیر مہم چلانے کا اعلان