مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 8 پاکستانی وطن پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 1st, February 2025 GMT
اسلام آباد:
مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 8 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مراکش / اسپین کشتی حادثے میں خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے والے 8 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے، جن سے حکام کی جانب سے تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔
پاکستان واپس آنے والے مسافروں کی شناخت محمد افضل، محمد عدیل، عرفان احمد، ارسلان، غلام مصطفیٰ، بدر محی الدین، مجاہد علی اور تصویر احمد کے نام سے ہوئی ، جن میں سے 2 کا تعلق شیخوپورہ، 2 کا سیالکوٹ، 2 کا منڈی بہاالدین جب کہ 2 کا گجرات اور جہلم سے ہے۔
مسافروں کی عمریں 21 سے 41 سال کے درمیان ہیں، جو فلائٹ نمبر QR614 کے ذریعے اسلام آباد ائرپورٹ پہنچے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے 22 افراد پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
غیر قانونی طریقے سے جانے والے مسافروں نے اسپین براستہ دبئی، سینیگال جانے کی کوشش کی ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹوں سے اسپین جانے کے لیے لاکھوں روپے فی کس میں معاملات طے کیے اور ایجنٹوں نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر دبئی، ایتھوپیا اور بعد ازاں سینیگال بھجوایا۔
سینیگال سے ایجنٹوں نے سمندر کے راستے شہریوں کو اسپین بھجوانے کی کوشش کی۔ اس دوران ایجنٹوں کے جانب سے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ حکام مسافروں سے ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کررہے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ایجنٹوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ بیرون ملک جانے کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی سے رابطہ کریں۔ اپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے ایف آئی اے کے قریبی سرکل وزٹ کریں۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کشتی حادثے میں کے مطابق
پڑھیں:
پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا، 18 دہشت گرد گرفتار
دہشت گردوں سے دھماکہ خیزمواد،خود کش جیکٹ بنانے کا سامان برآمدہوا
خطرناک دہشتگرد شہرمیں دہشتگردی کی پلاننگ مکمل کرچکا تھا،سی ٹی ڈی حکام
محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں ایک ماہ کے دوران 386 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 18 دہشت گرد گرفتار کرلئے ۔دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظرسی ٹی ڈی کے پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک ماہ میں 386 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے گئے،جس میں انتہائی خطرناک دہشت گرد تنظیم کے اہم رکن سمیت اٹھارہ دہشتگردوں کو گرفتارکرلیاگیا ۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی لاہور،منڈی بہائوالدین،خوشاب،بہاولپور،ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرانوالہ، نارووال،پاک پتن،بھکرمیں کی گئیں،انتہائی خطرناک دہشت گرد تنظیم کا اہم رکن گرفتار کرلیا گیا۔حکام کے مطابق دہشتگرد پنجاب کے ایک شہرمیں دہشت گردی کی پلاننگ مکمل کرچکا تھا،دہشت گردوں سے دھماکہ خیزمواد،خود کش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد ہوا،رواں ماہ میں4601 کو مبنگ آپریشنز کے دوران 320 مشتبہ افراد گرفتارکیے۔حکام کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت محمدکریم علی رضامحمد عزیزمحمد علی،ہاشم ،نور الامین سلیم ،صدام وغیرہ کے نام سے ہوئی۔دہشت گردمختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے،کومبنگ آپریشنز میں 109892 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔